علامہ اعجاز فرخ کی شخصیت ہمہ جہات کی حامل ہے۔ شعر و ادب ان کا اوڑھنا بچھونا، ذا کری ان کا محبوب مشغلہ، ہوائی جہاز کو آسمانوں میں اڑانا ان کا سابق ذریعۂ معاش، تنظیمی امور میں بے پناہ مہارت ان کی خصوصیت، ایکسپورٹ ان کا ضمنی شغل،مختلف زبانوں اور بیشمار علوم و فنون پر ان کی دسترس …..کن کن باتوں کا ذکر کیا جائے …. یہ اور ایسے بے شمار گوشے ہیں جن میں اتمام حجت کا وسیلہ تلاش کرنا ہو تو علامہ اعجاز فرخ کی رائے سب سے زیادہ مدلل اور دل کو چھو لینے والی ہو گی۔
کئی سال گزرے …. شائد 1962 یا 1963 کی بات ہے جب میں نے اعجاز فرخ کو پہلی بار دیکھا۔ منڈی میر عالم کے قریب کسی حویلی کی دوسری منزل پر ایک مشاعرہ تھا جس میں میں نے بھی شرکت کی تھی۔ اس مشاعرے میں اگر کسی شاعر نے بے حساب داد بٹوری تو وہ اعجاز فرخ تھے۔ لہجہ استاد شعراء کا ہم پلہ، اسلوب نیا اور عصری حسیت سے معمور… اب یہ تو یاد نہیں کہ انہوں نے کون سی غزل سنائی تھی لیکن غزل کی چاشنی اور انداز غزل گوئی نے مجھے ایسا مسحور کیا تھا کہ آج تک ان کا اسیر ہوں۔ بارہا میں نے ان سے ان کی شاعری کے بارے میں دریافت کیا مگر وہ نہ جانے کیوں ٹال گئے۔ اگر کوئی علامہ کے کاغذات میں سے ان کا کلام ڈھونڈ نکالے تو میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ وہ اردو شاعری میں ایک بیش بہا اضافہ ثابت ہو گا۔
ان کے حافظے پر کسی کو بھی رشک آ سکتا ہے۔ استاذی پروفیسر سید مجاور حسین رضوی خود بھی بے پناہ حافظے کے مالک ہیں لیکن وہ بھی علامہ اعجاز فرخ کا لوہا مانتے ہیں۔ ایک واقعہ یاد آیا۔ کچھ برس قبل علامہ سے میری ملاقات اردو مجلس کے ایک جلسے میں ہوئی جو آغا حیدر حسن مرحوم کی یاد میں منعقد ہوا تھا۔ اس جلسے میں مختلف اکابرین نے مضامین پیش کیے اور تقریریں کیں۔ آخر میں جب میں نے حاضرین کو اظہار خیال کی دعوت دی تو علامہ اعجاز فرخ نے اشارہ کیا۔ میں تو خود ہی یہ چاہتا تھا۔ فوراً انھیں مائیک پر بلا لیا۔ انھوں نے تقریباً آدھا گھنٹہ تقریر کی اور تقریر کے دوران آغا حیدر حسن کے کئی اقتباسات زبانی سنا ڈالے۔ ساری محفل ان کی تقریر کے جادو میں کھو گئی اور داد و تحسین کی صداؤں سے ہال گونج اٹھا۔ سچ پوچھیے تو علامہ کی تقریر اس محفل کا حاصل رہی۔
علامہ اعجاز فرخ کی تحریر اور تقریر تو مسحور کن ہے ہی لیکن ان کے ساتھ گفتگو کا لطف کچھ اور ہی ہے۔ جب ان سے گفتگو کا موقع ملتا ہے تو ذہن میں فکر کے نئے دروازے وا ہونے لگتے ہیں، ایک نئی فضا میں سانس لینے کا لطف محسوس ہوتا ہے اور اک جہانِ نو کی خوشبو وجود کو منور و معطر کر دیتی ہے۔ ندرتِ خیال ان کا ایک اہم وصف ہے اور اس پر ندرت زبان و بیان سونے پر سہاگہ کا کام کرتے ہیں۔ ان چیزوں کا امتزاج دیکھنا ہو تو علامہ اعجاز فرخ سے مل لیجیے۔
میں سمجھتا ہوں کہ دس کتابوں کو پڑھ کر جو علم حاصل ہوتا ہے وہ کسی عالم سے کچھ دیر گفتگو کے نتیجے میں حاصل ہونے والے علم سے بدرجہا کم ہوتا ہے۔ مجھے یہ شرف حاصل ہے کہ کبھی کبھی وہ مجھے ملاقات کا موقع عطا کرتے ہیں۔ اور جب کبھی ملاقات ہوتی ہے یا فون پر گفتگو ہوتی ہے تو سرور سا چھا جاتا ہے۔ ذہن و دل انبساط میں ڈوب جاتے ہیں۔
میں نے علامہ اعجاز فرخ کا کوئی مضمون سیاست کے علاوہ کسی اور رسالے یا اخبار میں نہیں دیکھا۔ ان کی تحریریں صرف اور صرف سیاست کے صفحات کی زینت بنتی رہی ہیں اور اس طرح وہ سیاست خاندان کے ایک اہم رکن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ غالباً 70، 71 سے وہ سیاست کے لیے لکھ رہے ہیں۔ اگر ان مضامین کو جمع کر کے شائع کیا جاتا تو کئی کتابوں کے مصنف ہو گئے ہوتے۔ لیکن ان کی قلندرانہ طبیعت اور بے نیازی نے یہ سب کچھ نہیں کیا۔ دراصل علامہ خود ایک کتاب ہیں اور شائد کوئی کتاب اپنی ذات میں اضافے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ بہرحال ان کے چاہنے والے بہت ہیں اور سب کی یہ خواہش ہے کہ ان کے مضامین کتابی شکل میں دستیاب ہوں۔ دیکھتے ہیں وہ اپنے چاہنے والوں کے اصرار کو کب تک ٹالیں گے۔
پچھلے دو تین مہینوں سے اخبار سیاست میں علامہ اعجاز فرخ نے مضامین کا ایک اہم سلسلہ شروع کیا ہے۔ ان مضامین میں حیدر آباد کی تہذیبی اور ثقافتی تاریخ کو بڑی خوبصورتی سے سمیٹا گیا ہے۔ قطب شاہی فرماں رواؤں سے شروع ہونے والے ان مضامین کا تسلسل ابھی نظام ششم میر محبوب علی خان تک پہنچ پایا ہے اور میرے اندازے کے مطابق علامہ اعجاز فرخ کی زنبیل میں اس قدر مواد ہے کہ مزید دس بارہ قسطیں تو ہو ہی سکتی ہیں۔ ان مضامین کو پڑھیے تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ سطحی جائزہ نہیں ، صرف لفظوں کی بازی گری نہیں بلکہ علامہ اعجاز فرخ نے ناقابل تردید حقائق پیش کیے ہیں اور پھر زبان کی چاشنی نے تحریر کو ایسا حسن عطا کیا ہے کہ بائد و شائد۔ پچھلے تین چار ہفتوں سے یہ مضامین شائع نہیں ہو پائے۔ جس کی وجہ سے شائقین میں قدرے مایوسی ہے۔ دراصل علامہ کو ماریشس کا سفر کرنا پڑا اور پھر کچھ اور مصروفیات بھی رہی ہوں گی۔ اب شائد اگلی قسطیں ایام عزا کے بعد ہی لکھی جائیں گی۔
اس سلسلے کا پہلا مضمون ’’ مرا شہر لو گاں سوں معمور کر‘‘ ہے جو 19 ستمبر 2007 کو شائع ہوا۔ جس میں شہر حیدر آباد کے بانی محمد قلی قطب شاہ کا ذکر مرکزی حیثیت کا حامل ہے۔ قطب شاہی سلطنت کے پہلے حکمران سلطان قطب شاہ سے لے کر ابراہیم قطب شاہ تک کے عہد کا مختصر احاطہ بھی ہے لیکن اتنا جامع ہے کہ تشنگی کا احساس نہیں ہوتا۔ ابراہیم قطب شاہ کے بارے میں وہ رقم طراز ہیں کہ ’’ حقیقت میں دیکھا جائے تو حیدر آباد کی موجودہ تہذیب اور ثقافت کا نقطۂ آغاز ابراہیم قطب شاہ کا دور ہے۔ اس دور میں ہندو مسلم اتحاد کو فروغ حاصل ہوا اور گولکنڈہ ترکستان اور عرب تاجرین کے لیے ایک بین الاقوامی منڈی (کی شکل) اختیار کر گیا۔ اگرچہ شہر حیدر آباد کی بنیاد قلی قطب شاہ نے رکھی لیکن اس کا منصوبہ دراصل ابراہیم قطب شاہ کا ہے چنانچہ حسین ساگر کی تعمیر اسی منصوبے کا ایک حصہ ہے۔‘‘
حیدر آباد کا دامن ہمیشہ ہی سے سب کے لیے سہارا بنا رہا۔ قطب شاہی دور ہو، نظام ششم اور نظام ہفتم کا زمانہ ہو کہ آج کا حیدر آباد … یہ شہر دنیا بھر کے لوگوں کی آماجگاہ بلکہ پناہ گاہ رہا ہے۔ سب نے یہاں سے بے پناہ فائدے حاصل کیے۔ اس شہر نے بلا تفریق مذہب و ملت ہر ایک کو نوازا اور اتنا نوازا جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔ علامہ لکھتے ہیں ’’ ہندوستان تو کیا دنیا بھر میں جہاں کسی پر وطن کی زمین تنگ ہوئی، اس نے بوریا سمیٹ کر حیدر آباد کا رخ کیا۔ آئے تو خالی ہاتھ تھے، وطن میں تو زندگی بھر پاؤں چادر سے باہر تھے، لیکن دکن کی سوندھی مٹی نے یوں اسیر کیا کہ یوں جاتے ہوئے سکندر نے کفن سے ہاتھ باہر رکھ دیئے تھے، لیکن جب یہ دنیا سے گئے تو اولادوں کے لیے نام و نشان، خطاب، منصب، تام جھام، نوکر چاکر، ڈیوڑھی، حویلی، زمین، جاگیریں ، سب اولادوں کے لیے چھوڑ گیے ‘‘
حیدر آباد کی تہذیب و ثقافت پر علامہ کا دوسرا مضمون ’’ چار مینار نے کیا کیا نہیں منظر دیکھے ‘‘ 16 ستمبر کو شائع ہوا۔ جس میں انھوں نے چکسہ، مہندی، سہاگ مصالحہ، لاک اور نگینے جڑے چوڑیوں کے جوڑے ، عطر وغیرہ کے ساتھ حیدر آباد کی قدیم عمارتوں محلات عاشور خانوں اور عالمی شہرت کے حامل چار مینار کی تفصیلات بیان کر دی ہیں۔ اس مضمون میں ان کے دل کا درد بھی نمایاں نظر آتا ہے۔ چند ہی دن قبل مکہ مسجد کے صحن میں جو بم دھماکہ ہوا اور اس کے بعد پولس نے قانون کے نام پر جس وحشیانہ اور ظالمانہ انداز سے خون ریزی کی اس کے بارے میں علامہ اپنی مرحوم اہلیہ کو یاد کرتے ہوئے لکھتے ہیں ’’ اچھا ہوا نہ رہی، مر گئی۔ نہ مرتی تو یہ سن کر مر جاتی کہ مسجد میں دعا کے لیے اٹھے ہوئے ہاتھ اٹھے ہی رہ گئے اور مصلے سے سیدھے خدا کے حضور پہنچ گئے۔ جو باہر نکلے تو پولیس کی گولیوں نے بھون کر رکھ دیا‘‘۔ خون دل سے لکھے گئے اس مضمون کی آخری سطریں یوں ہیں ’’ جس چار مینار کی آنکھوں نے ایک پوری تاریخ، تہذیب، تمدن، یکجہتی اور ہمیشہ شہر کو شاد دیکھا ہے، اس نے سڑکوں پر مکہ مسجد کے نمازیوں کو خون میں غلطاں بھی دیکھا۔ احساس کی نظروں میں چار مینار کی بوڑھی آنکھوں سے جوئے خوں جاری ہے۔ شب کے سناٹے میں گولکنڈے کے پتھر سے درد بھری آواز آتی ہے۔ ایک سسکی سی ابھرتی ہے مرا شہر لو گاں سے معمور کر مرا شہر لو گاں سے معمور کر۔ شائد اس شہر میں اب درندے در آئے ہیں ‘‘
تیسرا مضمون ’’ ہمارے تاج عجائب گھروں میں رکھے ہیں ‘‘ اس بات کا مدلل ثبوت ہے کہ قطب شاہی سلطنت ہیروں کی کان کنی میں نمایاں حیثیت رکھتی تھی اور دنیا کے بیشتر مشہور ہیرے دکن کی سرزمین کی دین ہیں۔
’’ کیا زمانے گئے کیا لوگ زمانے سے گئے ‘‘ کے زیرِ عنوان مضمون سے پتہ چلتا ہے کہ قطب شاہی حکمران کس قدر روا دار تھے۔ ایک ایسا علاقہ جہاں کی عوامی زبان تلگو ہو وہاں فارسی اور ترکی بولنے والے ترکی النسل حکمرانوں کو یوں ہی سر آنکھوں پر نہیں بٹایا گیا۔ یہ حکمران رعایا کی آنکھوں کے تارے یوں ہی نہیں بن گئے۔ تلگو کے عالموں اور فاضلوں کا اس سلطنت میں ایک اہم مقام تھا۔ تلگو کے متعدد شعراء کو بادشاہوں کی سرپرستی حاصل تھی اور انھیں جاگیریں عطا کی گئی تھیں۔ دفتری کام کاج میں تلگو کا بڑا دخل تھا۔ یہاں تک کہ فرامین بھی تلگو میں جاری کیے جاتے تھے۔ اس مضمون میں بھی علامہ نے اپنے پچھلے مضامین کی طرح ماضی اور حال کا تقابل اس طرح کیا ہے کہ پتھر کے بھی آنسو نکل آئیں۔
اگلے مضمون ’’ اس پہ انسان کو ہے خواہشِ دنیا کیا کیا‘‘ میں قطب شاہی سلطنت کے آخری دور اور اورنگ زیب کے تسلط اور پھر اس کے انتقال کے علاوہ اس ساری دولت کا بھی ذکر ہے جو اورنگ زیب نے دکن سے سمیٹی تھی۔
یہاں ایک بات کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ ابوالحسن تانا شاہ ایک درویش صفت بادشاہ تھا۔ شاہی خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود وہ شاہ راجو قتال کا عقیدت مند تھا اور ان ہی کی خانقاہ سے وابستہ تھا۔ لا ولد عبداللہ قطب شاہ کو بستر مرگ پر اپنے جانشین کی تلاش ہوئی تو قسمت نے ابو الحسن کے سر پر تاج شاہی رکھ دیا۔ دکنی میں تانا کا مطلب ہے لاڈلا۔ لیکن وقت کی ستم ظریفی دیکھیے۔ اس درویش صفت، نازک مزاج اور سیدھے سادے بادشاہ کا نام ہندی بولنے والے ظلم کی علامت کے طور پر دھڑلے سے استعمال کرتے ہیں۔ تانا شاہی نہیں چلے گی،تانا شاہی بند کرو کے نعرے بلند کرنے والے یہ نہیں جانتے کہ ان نعروں پر تانا شاہ کی روح کتنا تڑپتی ہو گی۔ دراصل صحیح روزمرہ نادر شاہی ہے۔ یہ بات سب جانتے ہیں کہ نادر شاہ نے مغلیہ سلطنت کے آخری دور میں دلی پر حملہ کیا تھا اور وہاں خون کے دریا بہا دیے تھے، ظلم کی انتہا کر دی تھی اور دلی کو لوٹ کر تباہ و تاراج کر دیا تھا۔ اس کے بعد دلی کے روزمرہ میں نادر شاہی ظلم کے کیے استعمال ہونے لگا۔ آزادیِ ہند کے بعد نہ جانے کس بد بخت نے نادر شاہی کو تانا شاہی سے بدل دیا اور پھر ہندی میں اس کا رواج عام ہو گیا۔ افسوس اس بات کا ہے کہ اب تو اردو بولنے والے بلکہ دکن کے اردو بولنے والے بھی اس روزمرہ کو بغیر سوچے سمجھے استعمال کرنے لگے ہیں۔
علامہ اعجاز فرخ کا اگلا مضمون ’’ زمیں کھا گئی آسماں کیسے کیسے ‘‘ مغل سلطنت کے عروج و زوال کا جائزہ اور نادر شاہ کے دلی پر حملے کے بارے میں حقائق پیش کرتا ہے۔ اور ساتھ ہی اس میں دکن میں آصفیہ حکومت کے بانی آصف جاہ اول کا تذکرہ ہے۔ اس کے بعد ’’ بازیچۂ اطفال ہے دنیا مرے آگے ‘‘ اور ’’ میر محبوب علی خان کو نہیں جانتے کیا‘‘ کے زیرِ عنوان دو مضامین میں نظام دوم سے نظام ششم تک کا عہد سمیٹا گیا ہے۔ میر محبوب علی خان ریاست حیدر آباد کے سب سے محبوب فرماں روا تھے۔ میں نے اپنے بچپن میں کہن سالہ بزرگوں اور بڑی بوڑھیوں کو ’’محبوب علی پاشا‘‘ کے لیے رطب اللساں دیکھا ہے۔ ان کی سخاوت اور داد و دہش اپنی مثال آپ تھی۔ بیحد کم عمری میں یعنی صرف ڈھائی سال کی عمر میں ان کے سر پر سلطنت کا بوجھ آ پڑا تھا۔ ظاہر ہے کہ مشیرانِ سلطنت نے ساری ذمہ داری سنبھالی لیکن پوری وفاداری سے۔ نہ کوئی سازش نہ عہدے کا ناجائز استعمال۔
میر محبوب علی خان پر لکھے گئے اس مضمون کے بعد مضامین کا یہ سلسلہ عارضی طور پر رک گیا ہے۔ یہ بھی ہے کہ اس کے بعد میر عثمان علی خان کا دور شروع ہوتا ہے جو ریاست حیدر آباد کا سنہری دور ہے۔ یہی وہ دور ہے جب عثمانیہ یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا، ہائی کورٹ قائم ہوئی، مجلس مقننہ وجود میں آئی، باب الحکومت کی تنظیمِ نو ہوئی،متعدد کارخانے قائم ہوئے، دواخانے اور تالاب بنے، بے شمار فلاحی کام انجام دئیے گئے، پولس ایکشن کا سانحہ ہوا اور ریاست حیدر آباد ہند یونین میں ضم کر لی گئی۔ آنے والے مضامین اس دور کا احاطہ کس طرح کرتے ہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ میں تو صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ علامہ اعجاز فرخ کے قلم میں جو جادو ہے اس کا جواب نہیں۔ جن مضامین کا میں نے بالائی سطور میں ہلکا سا ذکر کیا ان میں مستند حوالوں سے مدد لی گئی ہے اور یہ مضامین تحقیق کے معیار پر کھرے اترتے ہیں۔ انہوں نے شیشے کو شیشے کی طرح اور ریشم کو ریشم کی طرح برتا ہے۔ وہ شیشہ صفت بھی ہیں اور تیشہ بدست بھی۔ یہ علامہ اعجاز فرخ کا مزاج ہے۔ وہ کوئی بات یوں ہی نہیں لکھتے، پوری جانچ اور پرکھ کے بعد ہی ان کا قلم چلتا ہے۔ وہ پکے حیدر آبادی ہیں اور حیدر آباد کی تہذیب ان میں رچی بسی ہے۔ اس مٹی کی سوندھی خوشبو ان کے رگ و پئے میں سمائی ہوئی ہے۔ وہ آگہی کے عذاب سے آشنا اور ناآگہی کے کرب سے آگاہ ہیں۔ اسی لیے انھوں نے اپنے غم زدہ دل کے درد کو قرطاس پر بکھیر دیا ہے تاکہ آگہی کو وسعت ملے، آنے والی نسلیں اس آگہی سے روشناس ہوں اور آنے والا مورخ ان حقائق سے بہر ہ ور ہو سکے۔ ان مضامین کے لیے وہ خود کو بھلا بیٹھے ہیں، ایک بے چینی سی ان میں نہاں بھی ہے اور عیاں بھی۔ اکثر سوچتا ہوں….
جانے کیا گزرے ہے قطرے پہ گہر ہونے تک