(Last Updated On: )
صادق باجوہ(امریکہ)
نبیؐ کا نام گر وِردِ زباں اِک بار ہو جائے
سرورِ جاں میسر ہو یہ دل سرشار ہو جائے
تعجب ہے نظر آتی نہیں جلووں کی تابانی
جمالِ مصطفیؐ سے نیند خود بیدار ہو جائے
تعصب سے عدو کی چشمِ بینا ہوگئی اندھی
نظر آئے نہ جو دشمن کا بھی غمخوار ہو جائے
محبت کی نظر شفقت سے پُر وہ نورِ فارانی
پڑے انکی نظر تو دشت بھی گلزار ہو جائے
تمنا دید کی دل میں مچلتی ہی رہی اکثر
خوشی کی انتہا ہوخواب میں دیدار ہوجائے
سنبھل کر ہر قدم اُٹھے متاعِ دل بھی رکھ لینا
کہیں ایسا نہ ہو تُو راندۂِ دربار ہو جائے
گناہوں میں گھرا ہوں اک ذرا چشمِ کرم مجھ پر
مرے حامی ، مرے آقا مری سرکار ہو جائے
چلے کچھ بھیگتے اشکوں کا نذرانہ لئے صاؔؔدق
ا گرہو بخت یارائی تو بیڑا پا ر ہو جائے