ناف پیالہ مے بہ مے، ہاں مرا خواب ہے تو کیا!!
پیاس نہیں بجھاؤں گا بادۂ ناب ہے تو کیا!!
آپ کے ناز اُٹھا چکا ، اب میں کسی حسین کے
ناز نہیں اُٹھاؤں گا اس میں ثواب ہے تو کیا؟؟
غم سے نباہ کیوں کیا؟ خود کو تباہ کیوں کیا ؟
اِس کا جواب کیا میں دوں اِس کا جواب ہے تو کیا؟؟
عین: سے عشق عارضہ ، قاف: قضا پہ کھیل ختم
شین: شعور،شعر،شوق،شعلہ،شباب ہے تو کیا!!
ایک ذرا سے رنج پر خواہشِ مرگ کس لیے ؟؟
کوئی جواز بھی تو ہو یعنی عذاب ہے تو کیا؟؟
تیری تلاش تھی سو تھی تیری تلاش ہے سو ہے
تیری تلاش کا سفر مانا سراب ہے تو کیا!!
میری بیاضِ عمر میں ایک سے ایک باب تھا
ایک ہی باب رہ گیا ، اور وہ باب ہے تو کیا؟؟
صفحہ بہ صفحہ لا بہ لا دل کی کتاب پھاڑ دی
دل کی کتاب پھاڑ دی!! دل کی کتاب ہے تو کیا؟؟
جونؔ کی پیروی میں ہم خانہ خراب جونیے
خوش ہیں کہ خون تھوکیے خانہ خراب ہے تو کیا !!
سچے سخی کسی کو یوں دیتے نہیں ہیں جھڑکیاں
دل کا ہے تو بخیل شخص نام نواب ہے تو کیا!!
کارِ وفا میں کاشرا ، عمر جو رائگاں گئی
اُس کا حساب کون دے؟؟ اُس کا حساب ہے تو کیا؟؟