منزہ یاسمین کے سوالوں کے جواب کے ساتھ
حیدر قریشی کی شریک حیات مباکہ حیدر
سوال: حیدر قریشی کے موجود حلیے کے بارے میں رائے؟
جواب: ہا ہاہا۔۔۔۔ہاہاہا۔۔۔۔
ویسے ان کی سنجیدہ تصویر ہمیشہ اچھی آتی ہے۔آپ کے سوال سے تھوڑی غیر متعلق ایک بات بتاؤں ۔۔جوانی میں ان کے داڑھی تھی۔مجھے وہ داڑھی واقعی اچھی لگتی تھی۔جرمنی میں آکر انہوں نے داڑھی صاف کردی اور کہا کہ تم نے میری داڑھی کی تعریف کر کرکے مجھے داڑھی والا بنا دیا،اور میری ساری جوانی خراب کر دی۔اب میں ان سے کہتی ہوں کہ آپ بغیر ٹوپی کے دانشور لگتے ہیں تو کہتے ہیں جوانی خراب کرنے کے بعد اب میرا بڑھاپا بھی خراب کرنا چاہتی ہو۔
سوال:لباس کیا پہنتے ہیں؟
جواب: گھر پر عموماََ سلوار قمیص اور گھر سے باہر پتلون شرٹ۔ویسے ابھی حال ہی میں ایک شیروانی تیار کرائی ہے اور ایک پگڑی بھی منگا رکھی ہے۔لیکن ابھی پہنی نہیں ہے۔میرا خیال ہے اب یہ اپنے والد صاحب کے مقام پرفائز ہونے والے ہیں۔پھوپھا جان نے بھی ایک عرصہ تک ٹوپی کے استعمال کے بعد پگڑی پہننا شروع کر دی تھی۔
سوال:خوراک کے معاملے میں کیسے ہیں؟
جواب: صابر شاکر ہیں۔جیسا بھی مل جائے،کھا پی لیتے ہیں۔کبھی کبھار ٹی وی دیکھتے ہوئے ڈرائی فروٹ کھانے میں بد پرہیزی کر جاتے ہیں۔ نہاری اورپائے شوق سے کھاتے ہیں۔
سوال:حیدر قریشی کا آپ سے تعلق کیا ہے اور کیا آپ دونوں میں مکمل ہم آہنگی ہے؟
جواب: بڑا ہی جائز قسم کا تعلق ہے۔جائز تعلق میں جتنی ہم آہنگی ہو سکتی ہے وہ ہم دونوںمیں ہے۔ویسے ہمارے Taste ایک دوسرے سے بالکل متصادم ہیں مگررشتہ بہت ہی پکا ہے۔مرنے کے بعد بھی نہ ٹوٹنے والا۔
سوال:حیدر قریشی مزاجاََ کیسی طبعیت کے مالک ہیں؟
جواب: بہت میٹھے اور بہت کڑوے۔اپنے ہر رویے میں انتہا پسند۔انسان کو تھوڑا بہت مصلحت پسند ہونا چاہئے۔
سوال:حیدر قریشی کا حلقہ احباب کتنا اور کیسا ہے؟
جواب: پرانا حلقہ احباب تو وہی ہے جو ابتدا میں تھا۔سعید شباب،نذر خلیق،فرحت نواز (فرحت کے ساتھ میری دوستی ان سے زیادہ ہے)۔۔۔،ادبی احباب میں ڈاکٹر وزیر آغا سے لے کر اکبر حمیدی تک ایک لمبی فہرست ہے۔اب انٹر نیٹ پر ان کے دوستوں کا ایک اور بڑا حلقہ سامنے آیا ہے۔جن میں سب سے اہم خورشید اقبال صاحب ہیں جو اردو دوست ڈاٹ کام کے مالک ہیں۔پھر امریکہ کے اردوستان والے کاشف الہدیٰ صاحب ہیں۔اور بھی بہت سے ہیں القمر والے بھی ہیں۔۔۔مگر مجھے ان ناموں کا زیادہ علم نہیں ہے۔اس کے باوجود ان کا مزاج غیر مجلسی اور تنہائی پسندی کا ہے۔
سوال:کیا آپ حیدر قریشی کی ادبی زندگی کو پسند کرتی ہیں؟
جواب: ادبی زندگی تو خیر ٹھیک ہے لیکن اب جو انہوں نے انٹرنیٹ پرادبی کام شروع کئے ہیں۔ان سے میں بہت تنگ ہوں۔ہر وقت کمپیوٹر میں گھسے بیٹھے ہیں۔جاب پر جانے سے پہلے انٹرنیٹ پر ہوتے ہیں۔جاب سے آتے ہی انٹرنیٹ پر بیٹھیں گے۔ڈاک دیکھیں گے،جواب لکھیں گے۔پھر کھانا کھائیں گے۔کھانے کے بعد ٹی وی پر خبریں دیکھتے ہی پھر انٹرنیٹ میں چلے جائیں گے۔۔۔۔میں کمپیوٹر والے کمرے کو اپنی سوتن کا کمرہ کہتی ہوں۔
سوال:آپ کو حیدر قریشی کس حیثیت میں زیادہ پسند ہیں؟
جواب: یہ تو آج تک کبھی سوچا ہی نہیں۔در اصل میں نے انہیں خانوں میں تقسیم کرکے دیکھا ہی نہیں۔
سوال:حیدر قریشی کی ادبی زندگی کے بارے میں آپ کے تاثرات؟
جواب: میں عموماََ ان کی ادبی زندگی کی مصروفیت کی وجہ سے نالاں رہتی ہوں۔میں گھر پر ہوتی ہوں تو ان کو اپنے ادبی کاموں سے فرصت نہیں ہوتی۔ایک بار میں دو دن کے لئے اپنی بیٹی کے ہاں گئی۔واپس آئی تو کہنے لگے کہ آپ گھر پر موجود ہوں تو آپ کی موجودگی کے احساس کے باعث خود بخودادبی کام ہوتا رہتا ہے لیکن آپ گھر پر نہیں تھیں تو کسی قسم کا کام کرنے کو جی نہیں چاہا۔ یہ ان کے لئے بھی انکشاف تھا اور میرے لئے بھی۔۔ لیکن یہ واقعی ایک خوشگوار حقیقت ہے۔
سوال:حیدر قریشی کو بحیثیت شوہر کیسا پایا؟
جواب: بس ٹھیک ہی ہیں۔۔۔آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے ان سوالات کے ذریعے مجھے ایک موقعہ دیا۔ (۲۴؍اکتوبر ۲۰۰۲ء )
منزہ یاسمین کے سوال اورمبارکہ حیدرکے جواب۔انٹرویوز سے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔