شمس الدین آغا ۱۹۶۴ءمیں بمبئی سے انگلستان آئے۔بمبئی کی فلم انڈسٹری کی علمی و ادبی شخصیات سے ان کے مراسم تھے،خود بھی ڈرامہ کا شوق رکھتے تھے۔سو انگلستان آکر انہوں نے اپنے شوق کو اس رنگ میں پورا کیا کہ خود انگلستان میں اردو تہذیب و ثقافت کی ترجمانی کرنے کے لیے ڈرامہ نگاری بھی شروع کی اور ان ڈراموں کو انگلستان میں اسٹیج پر پیش کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا۔تب سے اب تک ٹی وی کی آمد کے بعدپاک و ہند کے باشندوں کے مزاج میں بھی فرق آگیا ہے تاہم شمس الدین آغا نے ایسی فضا میں بھی انگلستان میں اردو اسٹیج ڈرامہ کے فن کو زندہ رکھا ہوا ہے۔اس کتاب میں ان کے آٹھ ڈرامے شامل ہیں جو اسٹیج کی اہمیت کے ساتھ اپنی ادبی قدروقیمت کا بھی احساس دلاتے ہیں۔۳۴۴صفحات کے تحریری مواد کے ساتھ ۲۰صفحات پر ان ڈراموں کی بعض یاد گار تصاویر شامل کی گئی ہیں۔انگلستان میں اسٹیج ڈرامہ اور اردو میں ادبی ڈرامہ کے حوالے سے اس کتاب کی خاص اہمیت بنتی ہے اور متعلقہ حلقوں میں یقیناً اس کتاب کی پذیرائی کی جائے گی۔
(جدید ادب شمارہ نمبر ۱۶)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔