(Last Updated On: )
اٹھارہ گھنٹے مسلسل ڈیوٹی کے بعدوہ کچھ دیرسستاناچاہتاتھا۔جب وہ کام پرپہنچا تھا، اُس وقت صبح کے نو بجے چکے تھے اور اَب رات کے تین بج رہے تھے۔ڈیوٹی پرآنے سے قبل اُس نے صبح کی نماز ادا کی تھی اورپھرتلاوت کرنے کے بعدکچھ دیر کے لیے گھر کے صحن میں چہل قدمی بھی کر آیا تھا۔ یوںاُسے جاگے ہوئے بائیس گھنٹے سے زیادہ کا وقت ہوچکاتھا۔ انسانی بدن بہ ہرحال تھک بھی جاتا ہے ۔ وہ یہی چاہ رہاتھا، کہ کسی طرح نماز کے وقت تک آرام کرلے، اُس کے بعد گھر چلاجائے گا۔ ابھی اُس نے کمرسیدھی بھی نہ کی تھی، کہ اُسے باہرشورسنائی دیا۔اُس نے سوناچاہا لیکن شور بڑھتا گیا ۔ آوازیں اُس کے کمرے کے قریب آتی گئیں؛ یہاں تک کہ اُس کے دروازے کے سامنے ایک شخص نے چلاناشروع کردیا۔ وہ اپنی جگہ سے اُٹھااورباہرنکل آیا۔ ایک مناسب حلیے والا شخص میڈیکل اسٹاف سے اُلجھتے ہوئے مسلسل بول رہاتھا:
’’ تم لوگ کوئی احسان نہیں کررہے؛ اپنی مرضی سے پیشہ اختیار کیا ہے؛ اگر کام کرنے کی ہمت نہیں تھی تواس پیشے سے وابستہ کیوں ہوئے؟ کیوں اپنا حلف بھولتے جارہے ہو؟ ایک انسان کی جان کا سوال ہے اور تم لوگ کہتے ہو ، ڈاکٹر صاحب آرام کررہے ہیں۔‘‘
’’ اپنا مسئلہ بتائیں۔‘‘ اُس نے آہستگی سے چیخنے والے شخص کو مخاطب کیا۔
’’ میرا بیٹا بخارسے تڑپ رہا ہے۔آپ میرے ساتھ اُسے دیکھنے چلیں۔‘‘
’’آپ بچے کو یہاں لے کیوں نہیںآئے؟‘‘
’’ایک تورات بہت گہری ہوچکی ہے اور دوسری بات یہ کہ وبا کے باعث اسپتال کے ماحول سے وحشت ہوتی ہے۔‘‘
’’ رات کی حدتک تو بات ٹھیک ہے لیکن اسپتال سے وحشت ناقابلِ جواز ہے۔‘‘
’’ رنگارنگ لوگ آتے ہیں یہاں، نہیںمعلوم کن کن بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں۔ مفت میں میرا خاندان اُلجھ جائے ان بیماریوں سے ؟احتیاط ضروری ہے۔‘‘
’’ اسپتال میں تو ہم بھی موجود ہیں، جنھیں آپ گھر لے جاناچاہتے ہیں۔‘‘
’’ میں بحث نہیں چاہتا، بہ ہرحال آپ کوچلناچاہیے۔ میرے بیٹے کی حالت اچھی نہیں۔‘‘
تھکن کے باعث ڈاکٹر سرگانہ کی حالت پہلے ہی کچھ اچھی نہ تھی؛اس پر آنے والے شخص کی بدمزاجی نے مزید اُکتاہٹ پیدا کردی۔ اُس نے پہلے توسوچا کہ شاخِ زعفران کا سارا نشہ جھٹک دے ،پھر کچھ سوچ کرفرسٹ ایڈ باکس اورچنددوسری ضروری اشیا لیں اورچل پڑا۔
شہر کے پوش ایریا کے ایک عالی شان گھر کے سامنے گاڑی رُکی۔ ہارن بجا اور گارڈ نے گیٹ کھول دیا۔ کنالوں پر محیط اس گھرکے ہر حصے کوبیسیوں بلبوں سے روشن کیاگیاتھا۔ ہال میں ایک بڑا سافانوس جھول رہاتھا۔ دیواروں پر کئی طرح کی پینٹنگزآویزاں تھی۔ وسط میں رکھے شیشے کی میز پر پڑے گلدان میں سجائے گئے پھول مرجھا کر جھک چکے تھے۔ میز کی تین اطراف میں بچھے صوفوں میں سے ایک پرڈاکٹر بیٹھ گیا۔ تھکن اُس کے انگ انگ میں اُتری ہوئی تھی۔اچانک اُس کی نظر سامنے دیوار پر ٹنگی ایک بہت بڑی پینٹنگ پرپڑی۔
شیرایک ہرن پر جھپٹ رہاتھا اورہرن جان بچانے کی ناکام کوشش میں مگن تھا؛ ہرن کی گردن سے لہوٹپک کر شیر کی تھوتھنی کو سُرخ کر چکا تھا؛ آس پاس کھڑے ہرن متعجب یا کسی قدر ہراساں نگاہوں کے ساتھ اس منظر کودیکھ رہے تھے لیکن ان میں سے کوئی بھی اپنے ساتھی کی مدد کے لیے تیار نہ تھا۔ڈاکٹر نے اس منظر کو توجہ سے دیکھا اورپھرملال سے سوچا:
’’ وبا ،اس شیر کی مانند ہے، جوایک ہرن کونشانہ بناتا ہے۔باقی ہرن مدافعت یا مزاحمت کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے ہیں؛ تاوقتے کہ خود شکار نہیں ہوجاتے۔‘‘
چوبِ اخروٹ سے بنے گاڑی نما چھوٹے سے پلنگ کو دھکیلتا ہوا وہ شخص ہال میں داخل ہوا۔ چھے سات سال کا ایک بچہ نہایت اُجلے سفید کپڑوں میں لپٹا ہوا۔ چہرہ انتہائی سُرخ اور بال عمر سے زیادہ بڑے سیا ہ اورخوب صورت۔ اُس کی ہچکی بندھی ہوئی تھی۔ ڈاکٹر نے جانچ کی تو اندازہ ہوا کہ بچہ شدید بخار میں مبتلاہے۔تھوڑی تھوڑی دیر بعد خشک کھانسی کھانستا ہے ۔ اُس کے ناک سے ہلکاسبز مادہ مسلسل بہ رہاتھا۔ڈاکٹر نے دو قسم کی گولیاں کھانے کے لیے دیں اور کچھ دوسری ادویات لکھ کراُس شخص کے حوالے کرتے ہوئے مشورہ دیا:
’’ بچے کے مکمل ٹیسٹ کرالیے جائیں تو زیادہ بہتر ہوگا۔ یہ دواعارضی آرام کے لیے ہے۔‘‘
’’ بہتر، چلیں میں آپ کو چھوڑآؤں۔‘‘
مشکل سے ایک گھنٹا گزرا ہوگا مگر جب ڈاکٹر اسپتال پہنچا توعملے نے کچھ مریضوں کی تشویش ناک حالت سے اُسے آگاہ کیا۔اگرچہ عملے نے اپنے تئیں معاملہ سنبھالنے کی کوشش کی تھی لیکن مریض مطمئن نہیں ہورہے تھے۔مجبوراً اُن سب کو دیکھنا ضروری تھا۔اس جانچ کے دوران ہی مؤذن کی آواز گونجی :
’’ آؤ فلاح کی طرف ،آؤ فلاح کی طرف ۔‘‘
وہ اپنے کمرے میں آیا، وضوکیا، نماز ادا کی اور پھرسستانے کے لیے کرسی پر ہی دراز ہوگیا۔ نیند کا خمار پوری طرح اُس پر حاوی ہوچکاتھا۔اس کے باوجود اُس کا دماغ جاگ رہاتھا۔ اُس کے دھیان میں کئی لوگ آئے، جنھوں نے انسانیت کی فلاح کے لیے اپنی جانوں کی پروا نہ کی تھی۔ اُس کی بندآنکھوں میں ایک ایک منظر روشن ہوتا گیا:
ایک بڑھیا اُن مریضوں کی دیکھ بھال کررہی تھی، جنھیں جذام نے آلیا تھا اور وہ اپنی زندگی کی سانسیں گن رہے تھے۔بڑھیا ایک ایک کے پاس جا کراُن کے ماتھے پربوسہ دیتی اور پھر اپنے ہاتھوں سے مختلف قسم کی ادویات اُن کے کوڑھی جسموں پر ملتی۔
دوسرے منظر میں ایک بوڑھا شخص اُن لاشوں کو نہلا رہاتھا ،جنھیں کوئی کوڑے کے ڈھیروں پر پھینک جاتا تھا۔ وہ ایک ایک لاش کو نہلاتا جاتا اور پھرسفیدبراق جیسے شفاف کفن میں لپیٹ کراپنے ساتھیوں کو دفنانے کا حکم دیتا۔
تیسرے منظر میں ایک نوجوان نرس ایک بوڑھے مریض کے زخموں پر پٹی باندھ رہی تھی۔ زخموں میں کیڑے پڑ چکے تھے اور اُن کی بدبو نتھنوں کو چیرتی تھی۔ نوجوان نرس بغیر کسی ہچکچاہٹ اور تردد کے اپنی ذمہ داری نبھارہی تھی۔یہ جاں گسل کام سرانجام دیتے ہوئے وہ بوڑھے کی دل جوئی کے لیے مسلسل مسکرا کر باتیں بھی کیے جارہی تھی۔
کچھ اور منظر بھی تھے، جو اُس کی نگاہوں میں لہرائے ؛اسی دوران اُس کی آنکھ لگ گئی۔ کچھ ہی دیربعدایک نرس نے آکراُسے پھرجگاتے ہوئے کہا:
’’ سر! مریض کے منھ اور کان سے خون بہ رہا ہے اوروہ کسی بھی طرح سنبھل نہیںرہا۔‘‘
’’ اچھا! آؤ دیکھتے ہیں۔‘‘وہ کہ کرنرس کے ساتھ ہی وارڈ میں آگیا۔
مریض کی اچھی طرح جانچ کی گئی۔ ڈاکٹر خود بار بار اُس کا چہرہ صاف کررہاتھا۔فوری طور پراُسے کچھ انجکشن لگائے گئے۔پھر بھی اُس کی حالت غیر ہورہی تھی۔ڈاکٹر نیم غنودگی کے عالم میں اس کے ساتھ مصروف تھا۔ اسی اثنا میں مریض نے اپنے کپڑے بھی خراب کر لیے۔ بدبو اور تعفن سے پورا وارڈ گھٹن کا شکار ہورہاتھا مگرڈاکٹر اور نرس خوش دلی کے ساتھ اپنے مریض کی جان بچانے میں مشغول رہے۔ مسلسل کوششوں کے بعدکہیں جاکرخون رُکا۔ڈاکٹر نے اپنی گھڑی پرنگاہ جمائی تو صبح کے ساڑھے آٹھ بج رہے تھے۔ وہ اپنے کمرے میں گیا۔گھر جانے کے لیے تیاری کر رہا تھا ،کہ اُس کے ساتھی ڈاکٹر کا فون آگیا:
’’ میری بیگم کو لیبرروم جانا پڑگیا ہے۔ میںاس وقت میٹرنٹی سینٹر میں ہوں۔ پلیزآج آپ ڈیوٹی کر لیں ۔ بہت شکریہ ۔ فی امان اللہ ۔‘‘
دن بھر مریضوں کا تانتابندھا رہا۔وہ مریض بھی اُس نے دیکھے جو پہلے سے موجود تھے اور وہ بھی، جنھیں وبا کی وجہ سے اسپتال لایاجارہاتھا۔ وہ جانتاتھا ،کہ یہ خطرناک وباجان لیوا ہے لیکن مناسب سہولیات نہ ہونے کے باوجود وہ ہرایک کی اچھی طرح جانچ کررہاتھا اور پوری لگن کے ساتھ اُن کے لیے ادویات بھی تجویز کرتاجاتاتھا۔ شام تک یہ سلسلہ چلتارہا۔اَب اُس کے جسم میں معمولی سکت بھی نہ رہی تھی۔ اُس نے ایک میل نرس سے کہا کہ اُسے گھر چھوڑآئے۔
دودن مسلسل غیرحاضررہنے پرساتھی ڈاکٹرنے فون کیا مگربندملا، بیوی کانمبرمل گیا:
’’ میں ڈاکٹررانجھا بات کررہا ہوں، پلیز ڈاکٹرسرگانہ سے بات کرادیں۔‘‘
’’ڈاکٹر صاحب! اِن کی حالت بہت خراب ہے۔ دو دن سے بخار میں تپ رہے ہیں۔‘‘ ڈاکٹر سرگانہ کی بیگم نے جواب دیا ۔ کچھ اور باتیں بھی ہوئیں اورپھر فون کٹ گیا۔
کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس مثبت آنے کے بعدڈاکٹرسرگانہ کوقرنطینہ سینٹر میں دوسرے مریضوں کے ساتھ منتقل کیاجاچکاتھا۔