جبیر و عقبہ و عتبہ ابو جہل و ابو سفیاں
نضر بو بختری حارث امیہ اور اک شیطاں
یہ سب ایوان ندوہ میں اکٹھے ہو گئے آکر
قبائل کے نمائندے بٹھائے ساتھ بلوا کر
تھا شیطاں نجد کے اک بے حیا بوڑھے کی صورت میں
کہ چل کر دور سے آیا تھا آج اس بزم لعنت میں
ہوئے ایوان کے در بند، تقریریں لگی ہونے
نبیؐ کو قتل کر دینے کی تدبیریں لگی ہونے
نظر آتی تھی اس بوڑھے کو ہر تجویز میں خامی
وہ کہتا تھا مبادا پیش آ جائے کوئی خامی
بالآخر سوچ کر بوجہل نے اک بات بتلائی
یہی تجویز اس شیطان بوڑھے کو پسند آئی
کہا اس نے کہ ہر کنبے سے اک اک آدمی چن لو
کوئی باقی نہ رہ جائے قبیلہ یہ ذرا سن لو
یہ نکلیں آج شب کو لے کے خون آشام تلواریں
محمدؐ پر یہ تلواریں سبھی یکبارگی ماریں
نبی کا جسم عبرت کا نظارہ ہو کے رہ جائے
مجسم نور وحدت پارہ پارہ ہو کے رہ جائے
یہی تجویز اچھی ہے ، یہی ترکیب ہے کامل
کہ ہوگا اس طرح ہر اک قبیلہ قتل میں شامل
کریں ایس خون کا دعویٰ مسلماں یا بنی ہاشم
تو مل کر سب قبیلے جنگ میں ان سے نپٹ لیں ہم
غرض طے پا گئی آخر یہی تجویز شیطانی
قسم کھا کھا کے لوگوں نے نبی کے قتل کی ٹھانی