(Last Updated On: )
دکنی میں فاعل اگر مونث جمع تو اصل فعل بھی جمع ہی ہو گا۔ ملا وجہی کے اس جملے میں یہ صورت حال صاف دکھائی دیتی ہے:
’’اصیل عورتاں اپنے مرد بغیر دوسرے کوں اپنا حُسن دیکھلانا گناہ کر جانتیاں ہیں، اپنے مرد کو ہر دو جہان میں اپنا دِین و ایمان کر پہچانتیاں ہیں۔‘‘
یہی جملہ اُردو زبان میں اس طرح لکھا جائے گا۔
’’شریف عورتیں اپنے مرد کے سِوا دوسرے کو اپنا حُسن دِکھانا گناہ جانتی ہیں، اپنے مرد کو ہر دو جہان میں اپنا دِین و ایمان پہچانتی ہیں۔‘‘
فاعل کے لحاظ سے مصدر کی درج ذیل دو اقسام ہیں:
۱۔ مصدر لازم
۲۔ مصدر متعدی
مصادر کی مندرجہ بالا اقسام کی تعریف اور کچھ مثالیں پیش ہیں:
۱۔ مصدر لازم
ایسے مصادر جن کے معانی صرف فاعل کے ساتھ اور مفعول کے بغیر مکمل ہو جائیں، مصدر لازم کہلاتے ہیں جیسے دوڑنا، جاگنا، سونا، اُٹھنا وغیرہ۔ مصادر لازم کے تقابلی مطالعہ کی خاطر اردو اور دکنی مصادر کی چند اور مثالیں پیش ہیں:
مصدر لازم (اردو) مصدر لازم (دکنی)
دوڑنا دوڑھنا
اُٹھنا اُٹنا
اُونگھنا اُنگنا
بھاگنا بھگنا
جوڑنا ساندنا
۲۔ مصدر متعدی
ایسے مصادر جن کے معانی کی تکمیل مفعول کے بغیر ممکن ہی نہ ہو یا ایسے مصادر جو ابلاغ کی غرض سے فاعل کے ساتھ مفعول کا بھی تقاضا کریں متعدی مصادر کہلاتے ہیں۔ فعل لازم سے فعل متعدی کی تشکیل کو تعدیہ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ جیسے احسن نے سبق پڑھا۔ (اردو)۔ احسن نے سبق پڑیا۔ (دکنی)۔ اس سے ظاہر ہوا کہ ’’پڑھا‘‘ ، ’’پڑنا‘‘ ایسے مصادر ہیں جن کے معانی مذکورہ فاعل’’احسن‘‘ اور مفعول ’’سبق‘‘ کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتے۔ متعدی مصادر کی مثالیں کھانا، پڑھنا، توڑنا وغیرہ۔
مصدر متعدی (اردو) مصدر متعدی(دکنی)
پڑھنا پڑن
توڑنا بھاننا
دیکھنا دِیسنا
دھکیلنا دھکیلنا
نکالنا کاڑنا
لازم اور متعدی مصادر کی پہچان
(۱)۔ اُردو میں اگر فعل ماضی مطلق کے صیغہ واحد غائب کے ساتھ ’’وہ‘‘ استعمال ہو سکے تو وہ مصدر لازم ہو گا جیسے رونا سے وہ رویا، بیٹھنا سے وہ بیٹھا۔ دکنی زبان میں میں بھی یہی طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔
اُردو مصدر اُردو مصدر لازم دکنی مصدر دکنی مصدر لازم
بِلکنا وہ بلکا بِلکیا وہ بلکیا
مُسکرانا وہ مسکرایا مُسکٹنا وومسکٹیا
چمکنا وہ چمکا چھمکنا وو جھمکیا
اُٹھنا وہ اُٹھا اُٹنا وو اُٹا
(۲)۔ اُردو میں اگر کسی مصدر کے فعل ماضی مطلق کے صیغہ واحد غائب کے ساتھ ’’اُس نے‘‘ استعمال ہو سکے تو مصدر متعدی ہو گا جیسے پینا سے اُس نے پیا، دیکھنا سے اُس نے دیکھا اور لکھنا سے اُس نے لکھا۔ اردو اور دکنی میں اس کی مثالیں درج ذیل ہیں:
دکنی: ’’سورج نے سر کاڑیا، آسمان کا پردا پھاڑیا۔‘‘ (ملا وجہی: سب رس صفحہ 165)
اردو: سورج نے سر نکالا، آسمان کا پردہ پھاڑا۔
دکنی: ’’اُس قلعہ کے دِید بان نے دیکھیا، اُس بلا اُس طوفان نے دیکھیا۔‘‘ (ملا وجہی: سب رس، صفحہ 165)
(۳)۔ اُردو اور دکنی میں بعض مصادر ایسے ہوتے ہیں جو لازم اور متعدی دونوں طرح سے استعمال ہو سکتے ہیں۔ جیسے شرمانا، سمجھنا، بولنا، پکارنا، سیکھنا۔
(۴)۔ ’’لانا‘‘ اور ’’لے جانا‘‘ کو ’’نے‘‘ کے قاعدے سے استثنا حاصل ہے۔ ان کے فعل ماضی مطلق صیغہ واحد غائب کے ساتھ ’’وہ‘‘ آتا ہے جیسے وہ لایا، وہ لے گیا۔ قاعدہ کی رُو سے یہ مصدر لازم ہونے چاہئیں لیکن یہ دونوں مصدر متعدی ہیں حال آں کہ ان دونوں کے ساتھ ’’اُس نے‘‘ نہیں آیا۔
مصدر متعدی کی اقسام (بناوٹ کے لحاظ سے)
بناوٹ کے لحاظ سے متعدی مصادر کی تین اقسام ہیں:
(۱)۔ متعدی اصلی: ایسے مصادر جو شروع ہی سے متعدی ہوں مثلاً کھانا، جانا، آنا وغیرہ۔
تکبر کے جو مسند پر غروری کا جو تکیہ دہر (دھر)
رہا کیا بیٹہ غفلت کر تجھے دنیا تھے جانا ہے (بیٹا) (شاہ عبدالقادر قادر)
(۲)۔ متعدی بالواسطہ: وہ مصدر جو قاعدے کے مطابق لازم مصدر سے متعدی بنایا گیا ہو جیسے رونا سے رُلانا، اُٹھنا سے اُٹھانا، ہنسنا سے ہنسانا اور جا گنا سے جگانا، دکنی میں متعدی بالواسطہ بناتے وقت علامت مصدر سے قبل ’’وا‘‘ بڑھا دیا جاتا ہے۔ دکنی میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ جب مصدر کا دوسرا حرف اگر حرفِ علت(و، الف، ی) ہو تو اُسے گِرا دیا جاتا ہے اور اس کے موافق حرکت دی جاتی ہے۔ مثال:
ہر یک شنبہ کوں آؤ کر کیا سب صلاح دے بھیجنا
جو آویں تو آؤ مال دھا کیاں بندھانا کیا عرض (ہاشمی: دیوان صفحہ: 100)
(۳)۔ متعدی المتعدی
(الف) وہ مصدر ہے جو متعدی سے دوبارہ متعدی بن گیا ہو جیسے پڑھنا سے پڑھانا، لکھنا سے لکھانا، دینا سے دِلانا اور کھانا سے کھِلانا۔ دکنی زبان میں متعدی المتعدی کی ساخت کے سلسلے میں متعدی کے مصدر کی ابتدا سے دوسرے حرف (ی) کو گرانے کے بعد (ل +الف) کا اضافہ کیا جاتا ہے جیسے دیکھنا سے دِکھلانا
ایک کوں چھُپانا ایک کوں دِکھلانا (وجہی: سب رس، صفحہ 195)
(ب) ایسی صورت میں جب متعدی کے مصدر کا دوسرا حرف ’’و‘‘ ہو تو متعدی المتعدی کی ساخت کے لیے اسے ہٹا کر علامت مصدر سے قبل (ل+الف) بڑھا دیتے ہیں جیسے:
سہیلیاں تے ہوں انگے مُکھ دھُلائے
وہیں آن الواں نعمت کھلائے (نصرتی: گلشن عشق، صفحہ 63)
مصدر متعدی کی اقسام (مفعول کے لحاظ سے)
مفعول کے لحاظ سے متعدی مصادر درج ذیل تین اقسام پر مشتمل ہیں:
۱۔ متعدی بہ یک مفعول
۲۔ متعدی بہ دو مفعول
۳۔ متعدی بہ سہ مفعول
(۱) متعدی مصدر بہ یک مفعول: وہ مصادر ہیں جن سے نکلے ہوئے فعل صرف ایک مفعول کو چاہیں جیسے احسن نے روٹی کھائی۔ اس جملے میں ’’روٹی‘‘ مفعول ہے اور ’’کھانا‘‘ متعدی بہ یک مفعول ہے۔
(۲) متعدی بہ دو مفعول: یہ وہ مصادر ہیں جن سے نکلے ہوئے فعل دو مفعولوں کو طلب کریں جیسے احسن نے فقیر کو روٹی کھلائی۔ اس جملے میں روٹی اور فقیردو مفعول ہیں اور کھِلانا متعدی بہ دو مفعول ہے۔
(۳) متعدی بہ سہ مفعول: یہ وہ مصادر ہیں جن سے نکلے ہوئے فعل تین مفعولوں کو چاہیں، جیسے احسن نے نوید سے سلطان کو کتاب دِلوائی۔ اس جملے میں نوید، سلطان اور کتاب تین مفعول ہیں۔
لازم سے متعدی بنانے کے طریقے
(۱)۔ علامت مصدر سے پہلے ایک ’’الف‘‘ کا اضافہ کرنے سے بنتا ہے جیسے چلنا سے چلانا، مٹنا سے مٹانا، اُٹھنا سے اُٹھانا اور ہنسنا سے ہنسانا۔ دکنی زبان میں بھی لازم سے متعدی بنانے کے لیے یہی طریقہ اپنایا جاتا ہے:
عارف تو ہیں لئی ہاشمی دِل سوں سمجھ آویچ کی
کی آتے ہیں میں یوں اپس تن من گلانا کیا عرض (ہاشمی: دیوان، صفحہ 100)
(۲)۔ کبھی مصدر کے پہلے حرف کے بعد ’’الف‘‘ بڑھانے سے بنایا جاتا ہے۔ جیسے مصدر مرنا سے مارنا، جھڑنا سے جھاڑنا، پلنا سے پالنا اور ٹلنا سے ٹالنا۔ دکنی زبان میں مصدر کے پہلے حرف کی حرکت کو اس کے موافق حرفِ علت سے بدل دینے سے فعل متعدی بن جاتا ہے مثلاً:
نہ کوئی سکسی اب اس سوں دند سار نے
کہ اُس کوں اجل
(۳)۔ بعض اوقات مصدر کے دوسرے حرف کے بعد ’’الف‘‘ لگانے سے بنتا ہے جیسے اُترنا سے اُتارنا، اُچھلنا سے اُچھالنا، اُڑنا سے اُڑانا وغیرہ۔
بولے قادر گناہوں کی خجالت سوں
کہ بھی تجکوں خجل صورت اوٹہانا ہے (شاہ عبدالقادر قادر)
(۴)۔ اگر مصدر کا دُوسرا حرف اُردو زبان میں حرف علت (الف، و، ی) ہو تو اُسے ’لا‘ سے بدل دیا جاتا ہے جیسے رونا سے رُلانا، سونا سے سُلانا اور دینا سے دلانا ۔
اجل جس وقت آوے تو مرے گا کِن عذابوں سیں
اندہارے گور میں تُج کو لجا کر بھی سولانا ہے (شاہ عبدالقادر قادر)
سہیلیاں تے ہو جیوں انگے مکھ دھُلائے
وہیں آن الواں نعمت کھِلائے (نصرتی: گلشن عشق، صفحہ 63)
(۵)۔ کبھی مصدر کے دوسرے حرف کے بعد یائے مجہول ’ے‘ یا یائے معروف ’ی‘ کا اضافہ کرنے سے بنتا ہے جیسے سمٹنا سے سِمٹنا سے سمیٹنا، لِپٹنا سے لپیٹنا، بِکھرنا سے بکھیرنا اور گھِسٹنا سے گھسیٹنا وغیرہ۔
عکسِ خوشبو ہوں بِکھرنے سے نہ روکے کوئی
اور بِکھر جاؤں تو مُجھ کو نہ سمیٹے کوئی (پروین شاکر)
(۶)۔ مصدر کے پہلے حرف پر زبر ہو تو ’الف‘ کا اضافہ کیا جاتا ہے جیسے کَٹنا سے کاٹنا، گَڑنا سے گاڑنا، مَرنا سے مارنا۔ اگر زیر ہو تو یائے معروف (ی) / یائے مجہول (ے) کا اضافہ کرتے ہیں۔ جیسے پِسنا سے پِیسنا، گھِرنا سے گھیرنا۔ اگر پیش ہو تو ’و‘ لگاتے ہیں۔ جیسے کھُلنا سے کھولنا، رُکنا سے روکنا، جُڑنا سے جوڑنا اور مُڑنا سے موڑنا وغیرہ۔
ہر صُبا بادِ صبا کا ہات میں جاروب ہے
جھاڑ مالی سو سدا جہاربن تیرا دربار کل (غواصی)
(۷)۔ کچھ صورتوں میں مصدر کے دوسرے حرف کے اس کی حرکت کے، موافق حروف علت (الف، و، ی) کا اضافہ کرتے ہیں جیسے چُبھنا سے چبھونا، گُزرنا سے گُزارنا، اُترنا سے اُتارنا اور اُچھلنا سے اُچھالنا۔
بنا گلاب تو کانٹے چبھا گیا اِک شخص (چُبھنا سے چُبھانا)
ہوا چراغ تو گھر ہی جلا گیا اِک شخص (عبید اللہ علیم)
(۸)۔ بعض صورتوں میں لازم مصدر سے پہلے ’’لے‘‘، ’’دے‘‘ لگا کر متعدی بناتے ہیں جیسے لے جانا، لے بھاگنا، دے آنا وغیرہ۔
(۹)۔ کچھ مصادر ایسے ہیں جو لازم ہونے کے بعد نئی صورت اختیار کر لیتے ہیں جیسے ٹُو ٹنا سے توڑنا، بِکنا سے بیچنا اور پڑنا سے ڈالنا وغیرہ۔
(۰۱)۔ کئی لازم مصدر ایسے بھی ہوتے ہیں جن سے متعدی نہیں بن سکتے جیسے آنا، جانا، بتانا، للچانا، گھبرانا۔ ایسے مصادر لازم مصادر کہلاتے ہیں۔
متعدی سے متعدی المتعدی بنانے کا طریقہ
متعدی سے متعدی المتعدی بنانے کے لیے درج ذیل اصولوں کو مد نظر رکھا جاتا ہے:
(۱)۔ علامت مصدر سے پہلے ’الف‘ (ا) کا اضافہ کرنے سے بنتا ہے جیسے پڑھنا سے پڑھانا، سیکھنا سے سِکھانا اور کرنا سے کرانا وغیرہ۔
نکر کس پر زبردستی نہ کِس کا دِل دُوکہانا ہے
پتی کیا مال پر مستی خدا کوں موں دِکھانا ہے (شاہ عبدالقادر قادر)
عارف تو ہیں لئی ہاشمی دِل سوں سمجھ آویچ کی
کی آتے ہیں یوں اپس تن من گلانا کیا غرض (ہاشمی)
(۲)۔ علامت مصدر سے پہلے ’و‘ (واؤ) کا اضافہ کرنے سے جیسے لکھنا سے لکھوانا، کاٹنا سے کٹوانا وغیرہ۔
(۳)۔ اگر حرف علت(الف، و،ی) کسی مصدر کا دوسرا حرف ہو اُسے ’ل‘ سے بدل دیا جاتا ہے اس کے بعد ’و‘ (واؤ) کا اضافہ کیا جاتا ہے جیسے ڈالنا سے ڈلوانا، پِینا سے پِلوانا رونا سے رُلوانا وغیرہ۔
(۴)۔ بعض اوقات حرف علت (الف، و،ی) کو گِرا کر ’لا‘ کا اضافہ کر دیتے ہیں جیسے کھانا سے کھِلانا، دھونا سے دھُلانا، پِینا سے پِلانا اور سِینا سے سُلانا وغیرہ۔
(۵)۔ مصدر میں اگر دوسرا یاتیسرا حرف علت (الف، و،ی) ہو تو اسے گِرا دیا جاتا ہے جیسے ڈالنا سے ڈلوانا، روکنا سے رکوانا اور بھیجنا سے بھجوانا وغیرہ۔
(۶)۔ بعض مصدر متعدی المتعدی خلاف قاعدہ بھی آتے ہیں جیسے بیچنا سے بِکوانا وغیرہ۔
(۷)۔ کچھ متعدی مصادر ایسے بھی ہیں جن سے متعدی المتعدی نہیں بن سکتے۔ ان کو متعدی محدود کہتے ہیں۔
مصدر کے استعمال کی مختلف صورتیں
ڈاکٹر مولوی عبدالحق (1870-1961) نے مصدر کو ایک فعلی اسم سے تعبیر کیا ہے۔ اپنی کتاب قواعد اردو میں فعل کی مصدری صورت کو زیر بحث لاتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے:
’’جس میں کام کا ہونا بلا تعین وقت کے ہو۔ اس کے آخر میں ہمیشہ ’نا‘ ہوتا ہے جیسے ہونا، کرنا کھانا۔
حقیقت میں یہ ایک قسم کا فعلی اسم ہے جو تجریدی طور پر فعل کے کام یا حالت کو بتاتا ہے اور زمانہ اور تعداد
سے بری ہوتا ہے۔‘‘ (14)
مولوی عبدالحق کی مرتب کی ہوئی ’’قواعد اردو‘‘ کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مصدر بالعموم اسم کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ بادی النظر میں مصدر کو جن صورتوں میں استعمال کیا جاتا ہے وہ قارئین کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔
(۱) فاعل کے طور پر
مصدر کو فاعل کے طور پر استعمال کر کے اظہار و ابلاغ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے جیسے اُردو میں: کھیلنا، ناگوار نہیں گزرتا، پڑھنا، ناگوار گزرتا ہے۔
اسی طرح دکنی میں: کھیلن بُرا نئیں لگدا، پڑن بُرا لگدا اے۔
(۲)۔ مفعول کے طور پر
مصدر کو بہ طور مفعول استعمال کر کے بات واضح کی جا سکتی ہے جیسے اُرد ومیں: وہ کھیلنا پسند کرتا ہے اور دکنی میں: وو کھیلن پسند کرتا ہے۔
(۳)۔ ضرورت اور مجبوری کے معنوں میں مصدر کا استعمال
تخلیق فن کے لمحوں میں ایک تخلیق کار جب قلم تھام کر مائل بہ تخلیق ہوتا ہے تو توہ وہ نا گزیر حالات، سخت ضرورت اور مجبوری کو ظاہر کرنے کی غرض سے مصدر پر انحصار کرتا ہے جیسے، ہم سب کو ایک روز مرنا ہے۔ اسی طرح یہ انہی معنوں میں اور ایسی فاعلی حالت میں ’’پڑنا‘‘ کے ساتھ بھی استعمال ہوتا ہے جیسے، آخر مجھے وہاں جانا پڑا۔ بعض اوقات مجبوری کے معنوں میں مصدر کے ساتھ ’’ہو گا‘‘ استعمال ہے جیسے اُردو میں: تمھیں سکول جانا ہو گا۔ دکنی میں: تُج کو مکتب جاون ہوسی۔
(۴) حرف اضافت ’’کا‘‘ کے ساتھ
حرف اضافت ’’کا‘‘ کے ساتھ نفی کی صورت میں فعل کے معنی دیتا ہے جیسے، میں نہیں جانے کا۔ غور کیا جائے تو اس میں عزم اور یقین پایا جاتا ہے۔ ایک اور قابل توجہ بات یہ ہے کہ یہاں موجود حرف اضافت ’’کا‘‘ مونث کی صورت میں ’’کی‘‘ اور جمع کے صیغے میں ’’کے‘‘ ہو جاتا ہے۔ دکنی میں اس کی مثال نہیں مِلی۔
(۵)۔ ’’کو‘‘ کے ساتھ مصدر کا استعمال
’’کو‘‘ کے ساتھ مصدر کا استعمال جب کہ فعل ’’ہے‘‘ میں ’تھا‘ یا ’تھے‘ ہوں تو یہ ایسے ہر کام کو ظاہر کرتا ہے جو فی الفور وقوع پذیر ہونے والا ہے جیسے اُردو میں: وہ جانے کو ہے، ہم کچھ کہنے کو تھے۔ دکنی میں: اوہ جاون کو اَہے۔
(۶)۔ بعض اوقات ایک فعل کا دوسرے فعل کے ساتھ ایک ہی وقت میں واقع ہونا ظاہر کرتا ہے جیسے اُس کا نظر بھر کے دیکھنا تھا کہ وہ غش کھا کر گِر پڑا۔
(۷)۔ بعض اوقات جب مصدر کے بعد کوئی حرف ربط آ جائے تو علامت مصدر ’’نا‘‘ حذف ہو جاتی ہے اور اس کی جگہ یائے مجہول (ے) لے لیتی ہے جیسے اُردو میں: اس کے کہنے سے ان کے بہکانے میں آ گیا۔ دکنی میں: اُنھ کے بہکاون میں آ گیا۔
مصدر بہ طور امر
امر کی صورت میں مصدر کا استعمال عام ہے لیکن اس میں معمولی امر کی نسبت کسی قدر زور اور تاکید پائی جاتی ہے۔ جیسے، بھُول نہ جانا کل ضرور آنا۔ (یہ استعمال یا تو بے تکلفی کے انداز میں ہوتا ہے یا ملازمین کے ساتھ تاکیدی روّیہ اپناتے ہوئے اسے اپنایا جاتا ہے۔ معاصرین، بزرگوں اور عمائدین کے ساتھ اس قسم کا انداز گفتگو مستعمل نہیں۔) دکنی میں مثال: کل آونا۔
مصدر کی تذکیر و تانیث
جہاں تک مصدر کی تذکیر و تانیث کا تعلق ہے یہ اس اسم کے لحاظ سے ہوتی ہے جس سے اس کا تعلق ہے۔ جیسے: بات پر واں زبان کٹتی ہے۔ دکنی میں مثال: بات سوچنی۔
کچھ بھی بچا نہ کہنے کو ہر بات ہو گئی
آؤ کہیں شراب پئیں رات ہو گئی (ندا فاضلی)
جب اسم اور مصدر کے درمیان ’’کا‘‘ واقع ہوتا ہے تو مصدر ہمیشہ مذکر ہو گا جیسے خط کا لکھنا، نظم کا پڑھنا۔ ’کا‘ ، ’کے‘ ، ’کی‘ دکنی میں استعمال نہیں ہوتے ان کے بجائے ’کوں‘ کا استعمال عام ہے جیسے ’خط کوں لکھن۔‘
تمارے مُکھ کے کعبہ کوں جِن طواف کرے
نہیں ہے حاجت اسے جاونے کو تا بہ حجاز (محمد قلی: کلیات، صفحہ 124)
٭٭٭