(Last Updated On: )
بہت دنوں سے
مرے گھر میں سب ماتم کناں ہیں
کیوں کہ
مری شادی ہونے والی ہے
مری ماں
مرے بوڑھے لاغر باپ سے لڑتی ہے کہ
وہ صرف 100 روپے کمات اہے
میرا باپ مری ماں سے لڑتا ہے کہ
وہ روزانہ سو روپے خرچ کردیتی ہے
دونوں آپس میں لڑتے لڑتے
مجھ کو گالیاں دیتے ہیں
پھر رات کی خوبصورت تنہائی میں
دونوں بیٹھ کے روتے ہیں
میرا چھوٹا بھائی انٹر ہے
وہ مزدوری ڈھونڈنے روز کہیں پہ جاتاہے
میں خود جو کل تک سب فکروں سے آزاد رہی
آج اندر ہی اندر
اپنے گھر کی حالت دیکھ کر روتی ہوں
اور سوچتی ہوں
کہ وہ زمانہ کتنا اچھا تھا
جب بیٹیاں دفن ہوجاتی تھیں