(لیوڈیوی ڈووچ برونسٹین)
ولادت: ۷؍ نومبر ۱۸۷۹ء یلی زاوٹ گارڈ، خرسن گورنوریٹ، آج کا یوکرائن۔
وفات: ۲۱؍ اگست ۱۹۴۰ء (بہ عمر ساٹھ برس) میکسیکو سٹی، سببِ مرگ: قاتلانہ حملہ۔
آغاز ہی سے لیون ٹروٹسکی کی زندگی غیر معمولی واقعات اور تغیرات کی آماج گاہ رہی۔ بہرحال وہ نوعمری ہی میں ایک فعال مارکسی انقلاب پسند کے طور پر سامنے آئے۔ کہا جاتا ہے کہ ان کو بڑھاوا دینے میں ان کی پہلی بیوی الیگزینڈرا سوکولوسکیا نے سرگرمی دکھائی۔ اکتوبر ۱۹۱۷ء کے انقلاب سے قبل انھوں نے بالشویک حلقے میں شمولیت اختیار کرلی اور جلد ہی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈروں میں شمار ہونے لگے۔ ۱۹۱۷ء ہی میں جب پہلا پولٹ بیورو تشکیل پایا تو اس کے سات بنیادی ارکان میں لیون ٹروٹسکی شامل تھے۔ سوویٹ یونین میں خارجی امور کی سربراہی ان کے سپرد کی گئی اور بعد میں بری اور بحری افواج کا محکمہ ان کے تحت کردیا گیا۔ ٹروٹسکی ہی حقیقی معنوں میں سرخ فوج کے بنیاد گزار اور کمان دار تھے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ روس کی ۱۹۱۸ء سے ۱۹۲۳ء تک جاری رہنے والی خانہ جنگی میں بالشویک فتح کے عقب میں ٹروٹسکی کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔
روس کی تاریخ میں ٹروٹسکی کی انفرادیت اس میں مضمر ہے کہ ان کی ذات عروج و زوال کی ایک الم ناک داستان ہے جس کا خاتمہ ان کے اذیت ناک قتل پر ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسا سیاسی قتل ہے جس نے عالمی، بلکہ بین الاقوامی سانحے کی صورت اختیار کی۔
مذکورہ المیے کا آغاز اس وقت سے ہوا جب ٹروٹسکی نے جوزف اسٹالن کے چڑھتے سورج کو سلام کرنے سے گریز کرکے ۱۹۲۰ء میں اس کے بعض حکومتی اقدامات کے خلاف بائیں بازو کی جدوجہد میں حصہ لیا لیکن وہ ناکامی سے ہم کنار ہوئی۔ جوزف اسٹالن کے بارے میں یہ کہا گیا ہے کہ اس کے دور میں افسروں اور بیورو کریٹوں کو غیرمعمولی اختیارات حاصل ہوگئے تھے۔ ٹروٹسکی اس صورتِ حالات میں اصلاح کے خواہش مند تھے۔ یہی خواہش ان کے زوال اور قتل کا باعث بنی۔ جنوری ۱۹۲۵ء میں ان کو بری اور بحری فوج کے معاملات کی سربراہی سے فارغ کردیا گیا۔ ۱۹۲۶ء میں پولیٹبرو سے خارج کردیا گیا۔ اکتوبر ۱۹۲۷ء میں مرکزی کمیٹی سے ہٹا دیا گیا اور کمیونسٹ پارٹی سے خارج کرنے کے بعد جنوری ۱۹۲۸ء میں ٹروٹسکی کو ’الماتا‘ جلاوطن کردیا گیا۔ بعد میں سوویت یونین سے (۱۹۲۹ء) میں بدر کردیا گیا۔ اس ملک بدری کے دوران وہ فورتھ انٹرنیشنل کے سربراہ کی حیثیت سے سوویت یونین میں اسطالینی بیوروکریسی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں اور آخرکار ۲۰؍ اگست ۱۹۴۰ء میں اسپین سے تعلق رکھنے والے NKVD ایجنٹ (ریمن مرکیڈر) نے برف کاٹنے والی کلھاڑی سے ان پر قاتلانہ حملہ کیا جس سے وہ جاںبر نہ ہوسکے اور دوسرے دن ہسپتال میں انتقال کرگئے۔
ٹروٹسکی کے محافظوں نے ریمن مرکیڈر کو بہت مارا اور اس نے اپنی زندگی کے باقی بیس سال میکسیکو کی جیل میں گزارے۔
جوزف اسٹالن نے اس کو (غیر حاضری میں) لینن انعام سے نوازا۔ کچھ عرصے تک ٹروٹسکی کے مارکسی نظریات کو ٹروٹسکی ازم کے تحت علاحدہ شناخت بھی دی گئی، لیکن جہاں تک روس کا تعلق ہے، اسٹالن کے عہد میں ان کو تاریخ سے باہر کردیا گیا۔ خروشین کے عہد میں جہاں دیگر اسٹالن کے عتاب زدگان کو مرتبۂ اعتبار دیا گیا، ٹروٹسکی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ اس کی عزت اور مرتبے کو اہمیت نصیب نہ ہوسکی۔
ڈاکٹر شہباز ملک پہلا پنجابی پی ایچ ڈی
ڈاکٹر شہباز ملک پنجابی زبان و ادب کی دنیا میں ایک مشہور و معروف نام ہیں۔ وہ پاکستان میں پنجابی...