(Last Updated On: )
حفیظ انجم(کریم نگر)
نہیں ہے تجھ سے بڑا لا الٰہ الا اللہ
ہے کنکروں نے پڑھا لا الٰہ الا اللہ
چمن میں گل جو کھلاتا ہے،کھیت میں سونا
وہی ہے سب کا خدا لا الٰہ الا اللہ
تو دھڑکنوں میں سمایا ہے میری سانسوں میں
ہے میرے لب پہ سدا لا الٰہ الا اللہ
ہے تیرے ہاتھ میں سازِ حیات دنیا کا
حقیر کا بھی خدا لا الٰہ الا اللہ
ہر ایک بندے کی خواہش ہے آرزو ہے یہی
دیوانہ اپنا بنا لا الٰہ الا اللہ
تھکن پروں میں لئے،لوٹ آگئے پنچھی
جبینِ شب پہ کھلا لا الٰہ الا اللہ
فرشتے،جن و بشر،کائنات تیری ہے
ہے چہچہوں کی صدا لا الٰہ الا اللہ
ترے طلسم سے خالی نہیں کوئی ذرّہ
سبھی پہ نور ترا لا الٰہ الا اللہ
یہی دعا ہے سدا سے حفیظ انجمؔ کی
مرا نصیب جگا لا الٰہ الا اللہ