(Last Updated On: )
عظیم۔ محمد عظیم ناگپوری
خرام ناز سے کوئی چلا ہے
جدھر دیکھو ادھر محشر بپا ہے
بظاہر دیکھنے میں پارسا ہے
مگر زاہد بہت بہکا ہوا ہے
ہمارے حال سے آگاہ ہو کر
ہمیں سے اور پوچھا جا رہا ہے
فقط اک بات ہنس کر آپ کر لیں
عظیم اس کے سوا کیا چاہتا ہے
۲
مری جب ملاقات ہوتی ہے ان سے
محبت کی ہر بات ہوتی ہے ان سے
لگاتا ہوں آنکھوں سے منظور کر کے
میسر جو سوغات ہوتی ہے ان سے
جس عنوان پر گفتگو کل ہوئی تھی
وہی بات پھر آج ہوتی ہے ان سے
فضا ایک چھا جاتی ہے خوش دلی کی
جہاں بھی ملاقات ہوتی ہے ان سے
منا لیتے ہیں مسکرا کر خوشی سے
ستم کی اگر بات ہوتی ہے ان سے