(Last Updated On: )
’’عجیب بستی تھی، جس کا ہر دروازہ مقفل تھا۔مکینوں کو اُن کی مکانیت سمیت پتھریلی دیواروں اور فولادی دروازوں میںیوں قید کردیاگیا تھا؛ جیسے ہر نفس جمود آشنا کردیاگیا ہو۔ کہیں کوئی دریچہ اور کوئی روزنِ دیوار بھی تونہیں تھا۔ ایسا کب ہوا______ کیوں ہوا______ کس نے کیا______؟ ان سوالات کے جوابات کسی کے پاس نہیں تھے۔اس بستی کے مکینوں کی یہی زندگی تھی۔ باہر والے نہیں جانتے تھے ،کہ بستی میں کون رہتا ہے؟ ان کاپیمانۂ زندگی کیا ہے؟اور لوگ کون سی وضع قطع اختیار کیے ہوئے ہیں؟ زبان کیا بولتے ہیں_________کیا پہنتے اوڑھتے ہیں________کیاکھاتے پیتے ہیں ______اورکیا بیچتے خریدتے ہیں؟کچھ بیچتے خریدتے ، کھاتے پیتے اور پہنتے اوڑھتے بھی ہیں یاپھر منجمدپتھروں کی مانند ساکت و جامد، نمو وحرکت کے جذبوں سے عاری اورحیات وممات کی بوقلمونیوں سے ناآشناہیں؟______یہ ناشناسی دو طرفہ تھی______اندروالے بھی نہیں جانتے تھے ، کہ باہر کی دُنیا کیسی ہے۔ بس اتنا جانتے تھے ،کہ اُن کی بستی دُنیا کاایک چھوٹا سامنطقہ ہے اور دُنیا بہت بڑی ہے______ اتنی بڑی کہ بستی والے ہزاروں سال مسافرت اختیار کریں تو بھی تمام منطقوں کومحیط نہیں ہوسکتے______دُنیا میں بسنے والوں کی زبانوں سے آشنانہیں ہوسکتے______ سبھوں جیسا اورسبھوں کے ساتھ نبھاؤبناؤ اُن کی رفعتِ پرواز سے بہت بلند ہے______وہ ایسی کوتاہ ہمتی کاشکار کیوں تھے؟ یہ وہ خود بھی نہیں جانتے تھے۔ بس ایک خاص مدار میں ہی اُن کے شب وروز گزرتے تھے ۔بستی کی زندگی میں کوئی بھی بات نئی بات نہیں تھی۔‘‘
’’میں اس بستی میں صدیوں سے قید ہوں یہاں ایک رحم دل بادشاہ ہے ۔‘‘ میں نے خاور چودھری سے عرض کیا :
’’ یہ بادشاہ سفاک ہے____؟‘‘
’’وہ کیسے ____؟‘‘
’’کل رات ایک عورت اپنے بیٹے کو ساتھ لائی جسے سوچنے کی بیماری تھی اور اس کا کہنا تھا کہ یہ کہتا ہے کہ اس مقفل آبادی سے باہر بھی ایک دنیا ہے ۔بادشاہ نے اسے نرمی سے سمجھایا لیکن جب وہ وہاں سے بادشاہ کے سپاہیوں کے ساتھ نکلا تو حاکم کے کارندوں نے اُس کادایاں ہاتھ اوربا ہنی ٹانگ کاٹ دی کہ یہ باغی ہے ۔ اس بستی کا عذاب یہ ہے کہ یہاں سوچنے پر پابندی ہے ۔‘‘ اس افسانے میں افسانہ نگار نے کمال ہنر کاری سے علامت کو برتا ہے لیکن کہانی کا تاگا نہیں ٹوٹنے دیا ۔
خاور چودھری کی ایک خوبصورتی یہ ہے کہ انھوں نے جاپانی صنف سخن ہائیکو میں طبع آزمائی کی ہے اور ان کے کریڈٹ پر ایک نہیں سیکڑوں ہائیکو ہیں، جس میں انھوں نے اپنے وطن اور وسیب کے ساتھ پاکستانی تہذیب وتمدن اور ہجر و فراق کے ساتھ محبت کو برتا ہے اور کمال کیا ہے ۔ان کا پہلا افسانوی مجموعہ دسمبر ۲۰۰۷ ء میں شائع ہوا ۔ جس میںموجود افسانے اپنے بطون میں کہانی پن لیے ہوئے ہیں ۔
اس کتاب کے ایک افسانہ میں افسانہ نگار کا کہنا ہے :’’پرانی وضع کایہ دفتر انگریزوں کی باقیات میں سے ایک تھا۔اونچے اونچے محرابی دروازوں کے عقب میں طویل دالانی کمرے، جوں پرانی عدالتوں کے بڑے برآمدوں کے اندرکمروں میں سے نکلتے ہوئے کمرے ہوا کرتے ہیں۔جن کی چھتیںآج کے نسبت دوگنا اونچیں اور دیواریں ڈیڑھ گنا چوڑیں۔ ان دفتروں کی چھتوں پردیودار کے دیوقامت شہتیرجہاں اپنی کہنگی کا احساس دلاتے تھے، وہاںعہدِ رفتہ کی عظمتوں کے بھی امین تھے۔ چوبی کھڑکیوں کے اندر ایک انچ سے نکلتے ہوئی موٹی سلاخیں، جس طرح جیلوں اور بارکوں میں ہوا کرتی ہیں۔یہاں دفتروں کی ایک قطار تھی، جہاں مختلف وزارتوں کے اعلیٰ افسران بیٹھا کرتے تھے۔کسی زمانے میں یہاںٹائپنگ مشین کی کھٹ کھٹ گونجتی توگزرنے والوں کو اندازہ ہوتا جیسے وہ کسی سحرآفریں عہد میں جی رہے ہیں۔اب وہ زمانہ بھی لدچکاتھا ؛جب دفتری امور نبٹانے کے لیے منشی ہوا کرتے؛ اب تو کمپیوٹر نے سارا انداز ہی بدل ڈالا تھا؛ پھرافسران کے وہ مزاج اورشاہانہ ٹھاٹ بھی تغیرآشنا ہوچکے تھے۔ سطوت اورحکمرانی کا پراناڈھنگ نہ رہا تو ان دفتروں کی وہ شان بھی باقی نہ رہی۔‘‘میں سوچ رہا تھا یہ جو جزئیات نگاری ہے ،مشکل فن ہے ۔افسانہ قرات کرتے ہوئے میں رک گیا۔ میں نے انگریزوں کی باقیات میں کافی وقت گزارا ۔ خاور چودھری نے منظر میں روح ڈال کے اسے زندہ کر دیا ۔ شناخت کے سلسلے میں بھٹکتا میں اپنی شناخت کھو بیٹھا۔ ہر انسان جہد للبقاء کی تگ و دو میں عمر بھوگ دیتا ہے ۔ کتبہ گھر پر ہو یا لحد پر، سب فنا ہے۔ رہے نام اللہ کا ، باقی سب فنا ہے ۔خاورؔ معصوم اور سادہ افسانے بھی لکھتا ہے۔ بلاوجہ علمیت جھاڑ کر قاری کو مرعوب نہیں کرتا ۔
’’کیکروں پر پیلے پھولوں کی بہار تھی؛راتوں کو جب ہوائیں تھل میں ناچنے لگتیں تواُس کاجی چاہتا کوئی ایسا ہو جواُس کی کمر میں بانہیں ڈال کر مدہوش کردینے والی مشک سے مہکا دے______اُس کے انگ انگ میں رَس گھول دے؛ اُس کا روں روں سیراب کردے______ بس ایسے ہی؛ دھیان میں کوئی خاص نہیں تھا۔البتہ ایک ہیولا سا کبھی اُس کی آنکھوںمیں لہرا جاتا تھا۔ بلندقامت، گھنے بالوں سے اَٹاکشادہ سینہ،سلوٹوں سے بھری کھلی پیشانی؛ لمبی اُنگلیاں جواُس کے بالوں میں سیر کریں تووہ دُنیا بھر سے بے نیاز ہو جائے______اورطاقت ور ایسا ہو،جب کَس کے جپھی ڈالے تو ایک بار پسلیاںآپس میں گتھم گتھا ہوجائیں______ وہ خود بھی دراز قدتھی، رنگ نکھرا ہوا ؛ البتہ طاقت ور تو کسی طور بھی نہیں تھی۔وہ توجانوروں کو چارہ ڈالنے سے بھی بیزار ہوجایاکرتی۔چند مٹھی گھاس کاٹنی پڑجاتی توجیسے پہاڑ کاٹنا سر ہوجاتا۔موسم کی ذراسی شدت اُسے بے تاب کرجاتی ۔ اُدھر تھل کی سر پھری ہواؤں کا رقص جاری ہوتا ، اِدھر اسے کھانسی کے دورے پڑنے لگتے____ جی توڑ دینے والی کھانسی اُسے بے بس کردیتی۔ ذرا فضا میں خنکی اُترتی، اُسے زکام،نزلہ اوربخار آلیتا۔ کیکروں کی بھینی خوشبو اُس کی بے قراری میں مسلسل اضافہ کیے جاتی تھی _____مگر خوابوں کاشہزادہ اُسے مل نہیں رہاتھا۔اُس نے سوچا:
’’کیا مجھے نیم پاگل عامر کے ساتھ رخصت کردیاجائے گا ؟‘‘
کیا اسے نیم پاگل عامر کے ساتھ رخصت کر دیا گیا ۔۔۔؟ کیا اس کی جنسی تشنگی کو کو قرار آ گیا ۔۔۔۔؟
بہت سے سوالات ہیں ۔ افسانے میں جنس کو برتنا ایک جاںگسل مرحلہ ہے ۔ اکثر عریانیت اور فحش جملے در آتے ہیں، جن کی وجہ سے افسانہ اپنا حسن کھو دیتا ہے لیکن اس افسانے میں افسانہ نگار کا قلم کہیں بھی نہیں پھسلااور نہ حد ِادب سے گرا ہے ۔ عرض کیا تھا نا____ کہ خاور چودھری معصوم اور نوکیلے افسانے بھی لکھتا ہے :
’’میںلفظوں کا رَسیااورخوابوں کا اسیر سنہرے، اودے، سُرخ اورسفید مرمریں خوابوں کوچاندی ، روبی اورسونے کے صندوقچوں میں چھپائے صدیوں سے منزل کی جانب گامزن ہوں۔ یہ فاصلہ اربوں کوس کو محیط ہے اور میرے خوابوں کی گٹھریوں میں ہرنئے آنے والے لمحے میں ایک اورخواب کا اضافہ ہوجاتا ہے۔یوں میں اپنے خوابوں کے بوجھ تلے دبتا چلاجاتا ہوں۔ نہ منزل کا سراغ ملتا ہے اور نہ ہی خواب تعبیر آشنا ہوتے ہیں۔
کل میں نے ایک صدی کی جانب پلٹ کردیکھا تومیری گٹھری میںبہت تھوڑے سے خواب بچے تھے۔ ان سرمئی اور دودھیائی خوابوں میں ایک ایسا خواب بھی تھا؛جومیرااصل ہے۔ لیکن بہت سے دوسرے خواب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کُملاگئے تھے یا پھر وقت کی دبیزتہوں تلے آگئے ۔شایدان خوابوں کی جون بدل گئی ہویا پھریہ اپنی قدرومنزلت کھوچکے ہوں۔ بہ ہرحال ایک فطری رچاؤ اور بہاؤ کی موجودگی میں پرانی چیزوں کی جگہ نئی چیزیں لیتی رہتی ہیں۔اس کے باوجود میری کُرلاہٹ اور تلملاہٹ کا عالم یہ ہے، کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر ہتھے سے اُکھڑ جاتا ہوں اور پھر دیر تک اپنی اس آوارہ مزاجی کے باعث حزن آشنا رہتا ہوں۔ غالباً یہ بھی فطر ی امر ہے ، کہ میری جبلت میں سیماب پائی ہے۔ کسی ایک منطقے میں ٹھہرجاناشایدانسان کے شایانِ شان نہیں۔ انسان خلیفۃ ا لارض ہے لیکن زمین پر اس نے پانی اور خون کے تناسب کو زیر وزبر کر ڈالا ہے ۔‘‘افسانہ نگار کے افسانوی سفر میں دشت خواب ایک ایسا افسانہ ہے، جس میں عالمی منظر نامے کی تلخیاں عذاب رُلا دیتے ہیں ۔ ایسا افسانہ ایک انتہائی حساس انسان ہی لکھ سکتا ہے ۔
میرا یہ مزاج ہے کہ مجھ سے روایتی دیباچہ نہیں لکھا جا سکتا ۔ اوبھ جاتا ہوں؛ اس میں گھڑے گھڑائے جملے بٹھا دیے جاتے ہیں اور ہر افسانے کی سمری ،پریسی، شامل کرنا آسان ہوتا ہے ۔ میں تخلیق کا نقاب اُلٹنے کا قائل نہیں ؛یہ کام، یہ خوشی قاری کے حصہ میں آنی چاہیے ۔ اورحق بھی قاری کا ہے ۔ دیباچہ نگاری میرا پیشہ بھی نہیں اور اب صحت کے مسائل نے نڈھال کر دیا ہے کسی سے وعدہ نہیں کرتا تا کہ میری وجہ سے کسی کو انتظار کی کوفت اور تکلیف نہ ہو ۔ خاور چودھری کے ساتھ عمر جڑی ہے ۔ یہ جو لکھا گیا ،جانے جنوں میں کیا کیا لکھا ____یہ خاور کی بے لوث محبت میں الفاظ کو جوڑنے کی ایک کوشش ہے ۔ وہ ایک اچھا تخلیق کار ہی نہیں بہترین انسان بھی ہے ____ جتنا اور جیسا لکھا گیا اسے قبول کیا جائے ۔