(Last Updated On: )
ہماری تخلیقی نثر پرایک طرح سے شباب آیا ہوا ہے۔ پورے ملک میں یادداشتیں، سفر نامہ اور افسانہ لکھا جارہا ہے۔ کہیں کہیں تراجم اور ناول بھی اپنی بہار دکھا رہے ہیں۔ اِنھی کی قائم کردہ تخلیقی فضا میں ایک افسانہ نگار خاور چودھری اُبھر کر سامنے آئے ہیں، جن کا مجموعہ ’’چاند کی قاشیں‘ ‘ زیرِ اشاعت ہے۔ محسوس ہوتا ہے کہ خاورؔ کو اپنی شاعری زیادہ عزیز ہے، اسی لیے وہ اپنے بعض افسانوں میں اپنے اشعار بھی درج کردیتے ہیں۔
اُن کا قبیلہ بہت بڑا ہے یعنی رومانوی افسانہ نگاروں کا۔ کہیں کہیں گمان ہوتا ہے کہ اُن پر حجاب امتیاز علی کا اثر ہے یا پھر اُسی دور کے ایسے لکھنے والوں کا جنھوں نے عورت اور مرد کے تعلق پر جذبات انگیز انداز میں لکھا۔ لیکن خاورؔ کی افسانوی دنیا ایسی سادہ نہیں کہ اُس کے روبرو موجودہ دنیا بھی ہے، جہاںخادمِ حرمین شریفین امریکی صدر کے سامنے ناصرف تلواریں لے کر رقص کررہے ہوتے ہیں، بلکہ اپنے پیش رو اور معاصر حکمرانوں کی طرح ان کے قدموں میں قیمتی تحائف بھی نچھاور کررہے ہوتے ہیں۔ اسی طرح اس دنیا میں لوگوں کی یادداشت کے نقش مٹانے پر تُلی میٹرو بھی بن رہی ہوتی ہے اور اُس کے لیے راج ہٹ دائیں بائیں خندقیں کھود رہی ہوتی ہے۔ تاہم اس دنیا میں زندگی موت تک کا سفر اتنی تیزی سے طے کرتی ہے یا کوئی وسوسہ معصوم رشتے کو اتنی تیزی سے چاٹ جاتا ہے یا ڈرون حملے میں بچ جانے والی گل اندام کو زنجیروں میں جکڑی کالی بھُتنی میں بدل دیتے ہیں یا رقیب رُو سیاہ کے لیے متکلم کے اندر شفقتِ پدری پیدا ہو جاتی ہے یا انسانوں کو طبقات اور امتیازات میں بانٹنے والے، قبروں کے کتبے توڑنے والے ایک بڑے آہنگ کے ساتھ ظہور پذیر ہوجاتے ہیں، مگر دیگر رومانوی افسانہ نگاروں کی طرح اپنے افسانوں کے عنوانات مصرعوں یا پُر پیچ تراکیب کی صورت میں نہیں لاتے ، زیادہ تر اُنھیں سادہ اور مفرد رکھتے ہیں۔ جیسے :’’دروازہ ، داغ، تھال ، شناخت ، دیوانہ ، سائیکل ، فتح ، روشنی ، تابوت یا سیلاب‘‘ وغیرہ ۔
خاور چودھری زبان کے حوالے سے کچھ تجربے بھی کرتے ہیں۔اُن کے پہلے افسانے پر یوں گمان گزرتا ہے کہ وہ کسی تجریدی افسانے کا آغاز ہے۔
’’عجیب بستی تھی، جس کا ہر دروازہ مقفل تھا ۔ مکینوں کو اُن کی مکانیت سمیت پتھریلی دیواروں اور فولادی دروازوں میں یوں قید کردیا گیا تھا ، جیسے ہر نفس جمود آشنا کردیا گیا ہو ۔ کہیں کوئی دریچہ اور کوئی روزنِ دیوار بھی تو نہیں تھا۔ ایسا کب ہوا____کیوں ہو____کس نے کیا ؟ان سوالات کے جوابات کسی کے پاس نہیں تھے ۔ اس بستی کے مکینوں کی یہی زندگی تھی۔ باہر والے نہیں جانتے تھے کہ بستی میں کون رہتا ہے ؟ ان کا پیمانہ زندگی کیا ہے ؟اور لوگ کون سی وضع قطع اختیار کیے ہوئے ہیں؟ زبان کیا بولتے ہیں____کیا پہنتے اوڑھتے ہیں ____کیا کھاتے پیتے ہیں ____اور کیا بیچتے خریدتے ہیں ؟ کچھ بیچتے ، خریدنے ، کھاتے پیتے اور پہنتے اوڑھتے بھی ہیں یا پھر منجمد پتھروں کی مانند ساکت وجامد ، نمود وحرکت کے جذبوں سے عاری اور حیات وممات کی بو قلمونیوں سے آشنا ہیں‘‘۔ اسی افسانے میں یہ بات مبہم ہوجاتی ہے کہ حاکم کے کارندے ، کسی کا دایاں ہاتھ یا بائیں ٹانگ کیوں کاٹتے ہیں؟پھر اس کا انجام بھی کاٹے ہوئے کانوں، زبانوں ، ناکوں ، ٹانگوں اور بازوئوں کو چیونٹیوں ، کتوں ، گدھوں اور بھیڑیوں کے حوالے کیوں دکھاتا ہے؟۔ کچھ ایسی ہی فضا ان کے افسانے ’’دشت ِ خواب‘ ‘کی ہے لیکن زیادہ تر وہ کوشش کرتے ہیں کہ وہ اپنے قاری کے صبر کو زیادہ نہ آزمائیں ۔ ’’نوابزادی نور محل ‘‘اُن کا زیادہ اچھا افسانہ ہوسکتا تھا اگر وہ اس کے انجام پر نظرثانی کے لیے تیار ہوجاتے ۔تاہم اُن کا یہ مجموعہ میں نے دلچسپی سے پڑھا ہے ۔