ـــ’’اٹھ ری نجو! اٹھ۔ دیکھ، سورج سر پر آچکا اور تو اب تک پڑی سوتی ہے ۔ جا نا نہیں ہے کیاتونے کام پہ آج؟‘‘ ۔ نجو کی ماں بختوسر پر دوپٹہ باندھے نجو کو آواز دے رہی تھی اور ساتھ ہی ساتھ چائے بھی بنا رہی تھی۔ مٹی کے چولہے سے نکلنے والا دھواں کافی حد تک جھونپڑی کے اندر بھی تھا۔ نجو نے بڑی آہستگی سے بوجھل آنکھیں کھولیں ۔ شب بھر جاگنے کے بعد ابھی تو ا س کی آنکھ لگی تھی۔ رات بھر کر وٹیں بدلتی رہی لیکن نیند کی پری بھی اس کی خوشیوں کی طرح کہیں چھپ گئی تھی ۔ بڑی بے دلی سے وہ اٹھی۔قریب پڑادوپٹہ سر پہ رکھا پھر وہ جھونپڑی سے باہر نکل آئی ۔
بختو ابھی تک ا س کو جلد اٹھنے کی تاکید کر رہی تھی ۔ساتھ ہی اس نے نجو کے ہاتھ میں چائے کا پیالہ تھما دیا۔ ’’کچھ کھانے کو نہیں ہے ،ماں ؟‘‘۔ نجو نے قدرے چیختے ہوئے پوچھا ۔ ’’کیا ہو گیا ہے تجھے؟ کہاں سے لاؤں میں تیرے کھانے کے لئے؟ کل بھی تو کام پہ نہیں گئی اور اس سے پہلے بھی تو نے کام سے چھٹی کی۔ گھر دو پیسے آئیں گے تو کچھ بنے گا اور تیرے تو آج بھی تیور کام پہ جانے کے نہیں ہیں۔‘‘ بختو نے ایک ہی سانس میں سب سنا ڈالا۔
’’یہ بھی لے لے ، ماں! نہیں چاہیے مجھے تیری یہ چائے ۔ ‘‘بختو نے کو نے میں پڑا چوڑیوں کا ٹوکرا سر پہ رکھا اور ساتھ والی جھونپڑی سے شانو کو آواز دی ۔وہ بھی چوڑیوں کا ٹوکرا سر پہ اٹھا ئے باہر نکل آئی۔ بختو خود کو کوسنے لگی کہ نجو آج بھوکی چلی گئی لیکن نجو کو دینے کے لئے اس کے پاس تھا ہی کیا ۔نجو سر پہ چوڑیوں کا ٹوکرا اٹھائے بستی سے کافی دور آگئی تھی۔ شانو اس کے ساتھ تھی۔
’’کیا بات ہے ، نجو! تیری طبیعت تو ٹھیک ہے ناں؟۔‘‘ شانو نے بڑے پیار سے پو چھا ۔’’ ہاں ٹھیک ہو ں ،مجھے کیا ہونا ہے ۔ ویسی ہی ہوں جیسے ہمیشہ سے تھی ۔‘‘ نجو کی عمر تو جوانی کی تھی لیکن اپنے احساس میں وہ خود کو بوڑھی سمجھنا شروع ہوگئی تھی۔ حالات کی تلخی نے بچپن اور بڑھاپے کے درمیان کی عمر سے اسے ناآشنا سا کردیا تھا۔ نہ کبھی شیشے کے سامنے کھڑے ہو کر سنگھار کیا ، نہ کبھی گنگنائی ۔ ایک عجیب سے کیفیت تھی جو اس کے لہو میں گر د ش کرتی رہتی تھی۔ ایک آگ تھی جو اس کے اندر دہکتی رہتی تھی ۔ کبھی یہ آگ مدھم ہوتی اور کبھی اس کی روح تک کو جھلسا کے رکھ دیتی ۔ احساس کی اس تپش نے اسے آج بھی سونے نہیں دیا۔ رات بھر کی تھکاوٹ ابھی بھی اس کے چہرے سے ٹپک رہی تھی۔ شانو پھر کچھ کہنا چاہتی تھی لیکن نجانے کیوں اس میں ہمت نہ تھی اور وہ چپ ہو گئی۔ اب وہ دونوں شہر کی پختہ گلیوں میں داخل ہو گئیں اور شانو نے آواز لگائی۔ چند گھروں میں سے عورتوں نے شانو اور نجو سے چوڑیاں لیں ۔ اب نجو پہلے سے کچھ بہترلگ رہی تھی۔
چلتے چلتے دوپہر ہو گئی ۔ نجو کو بھوک نے ستایا تو دونوں نے تندور سے روٹیاں لیں ۔ شانوگھر سے تھوڑا ساسالن لے آئی تھی ۔ شہر کی تنگ گلیوں سے نکل کر اب وہ کھلی سڑکوں پہ آگئیں۔ جو کافی سنسان تھیں۔ گھنے درخت کاسایہ دیکھ کر دونوں ایک کوٹھی کے گیٹ کے باہر کنارے پر بیٹھ گئیں اور کھانا کھانے لگیں ۔ نجو کی تمام تر توجہ کھانے پر تھی۔ شا نو نجو سے کہنے لگی ۔ ’’دیکھ ،نجو !ہمارے آس پاس کتنی خوبصورت کو ٹھیاں ہیں۔یہاں کے رہنے والے لوگ بھی کتنے خوبصورت ہیں۔نجو! کیا تیرا جی نہیں چاہتا کہ تو بھی کسی ایسے ہی بڑے گھر میں رہے ! سچی، میرا تو جی چاہتا ہے کہ میں کسی بڑے سے گھر میں بیگم صاحبہ بن کر رہوں ۔‘‘ شا نو نے بچوں کی طرح خوش ہوتے ہوئے کہا جیسے سچ مچ وہ کسی بڑے گھر کی بیگم صاحبہ بن گئی ہو۔ نجو کے چہرے پہ تلخ سی مسکراہٹ تھی۔’’ دیکھ، شانو!‘‘ نجو نے شانو کے چہرے پرنظریں جماتے ہوئے کہا ۔، ’’میں نے کبھی بھی کسی خوبصورت بڑے عالی شان گھر کی خواہش نہیں کی ۔ ٹھیک ہے کہ دولت میں بہت کشش ہوتی ہے لیکن مجھے کسی چھوٹے مگر محفوظ گھر کی تلاش ہے ۔ نہ جانے کیوں اس زندگی سے نفرت سی ہو گئی ہے ۔ مجھے یوں لگتا ہے کہ میں یہ زندگی نہیں گزار رہی ، زندگی مجھے اپنے ساتھ بہائے لے جا رہی ہے ۔ ‘‘ابھی یہ باتیں ہو ہی رہی تھیں کہ ایک خوبصورت گاڑی آکر رکی ۔ شانو اور نجو نے پلٹ کر دیکھا تو گاڑی میں ایک لڑکا اور لڑکی سوار تھے۔ ہارن کی آواز سے گیٹ کھلا اور گاڑی اس خوبصورت گھر کے اندر داخل ہو گئی ۔ گیٹ کھولنے والا جو شاید چوکیدار تھا ۔ اس نے شانو اور نجو کو ڈانٹتے ہوئے یہاں سے اٹھ جانے کا کہا۔دونوں نے ٹوکرے اپنے اپنے سر پر رکھے اور چلنے کو اٹھنے ہی لگیں تھیں کہ دوبارہ سے وہی چوکیدار باہرنکلا اور کہا کہ تم دونوں کو بیگم صاحبہ بلا رہی ہیں۔ شانو کے چہرے پر خوشی کی لہر دوڑگئی ۔ دونوں چوکیدار کے پیچھے چل دیں۔ چو کیدار نے انہیں لان میں بٹھایا اور خود گھر کے اندر چلاگیا ۔ تھوڑی دیر بعد وہی لڑکی لان میں آئی۔ یہ لڑکی نجو اور شانو کی تقریبا ہم عمر تھی ۔ لڑکی نے شانو اور نجو کے ٹوکرے میں پڑی چوڑیاں دیکھیں۔ ابھی و ہ دیکھ ہی رہی تھی کہ وہ لڑکا بھی لان میں آگیا، وہ بھی چوڑیاں دیکھنے لگا ۔ پھر اس نے نجو کے ٹوکرے سے ہرے رنگ کی چوڑیاں اٹھائیں اور لڑکی کو دیتے ہوئے کہنے لگا کہ یہ چو ڑیاں تمھاری کلائی پر بہت سجیں گی ۔’’ کتنا خوبصورت رنگ ہے ۔‘‘ لڑکی نے چوڑیاں لے لیں۔ ان کی باتوں سے شانواور نجو کو معلوم ہواکہ یہ دونوں میاں بیوی ہیں ۔ لڑکی نے اور بھی چوڑیاں خریدیں اور ان دونوں کوچوڑیوں کی قیمت کے علاوہ بھی کچھ پیسے دیئے۔ دونوں کو ٹھی سے باہر آئیں تو شانو بہت خوش نظر آرہی تھی۔ شانو بے اختیارنجو سے کہنے لگی : ’’کتنا اچھا لگ رہا تھا ناں نجو۔ میں نے کہا تھا ناں کہ یہ گھرصرف باہر سے ہی خوبصورت نہیں لگتے اندر سے تواور بھی خوبصورت ہوتے ہیں ۔‘‘نجو نے شانو کی بات جیسے سنی ہی نہ ہو اور کہنے لگی ’’شانو! جب میں اور تم باہر نکلتے ہیں تو ہر نظر مجھے تیر کی طرح چبھتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔نفرت ہے مجھے اس ذلت بھری زندگی سے۔ــ‘‘ نجو کی آواز پھٹ سی گئی اور اس نے شانو کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا، ’’ ایسے خواب نہ دیکھا کر شانو کہ جن کی کوئی تعبیر نہ ہو۔ ہم جھونپڑے میں رہنے والے لوگوں کو اتنے سہانے خواب زیب نہیں دیتے ۔ یہی ہمارا مقدر ہے، اتنا نہ سوچا کر۔‘‘ شانو ، نجو کو بوڑھی عورتوں کی طرح باتیں کرتا دیکھ کر بے ساختہ مسکرا دی ۔
واپسی پر بستی میں داخل ہوتے ہی نجو کی نظر وزیرے پہ پڑی ۔وہ ہمیشہ کی طرح اس کے استقبال کے لئے کھڑا تھا۔ نجو اسے نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئی ۔ اپنے جھونپڑے میں پہنچ کر اس نے ایک کونے میں ٹوکرا رکھا اور چپ چاپ جا کر لیٹ گئی۔نجو کی ماں نے پیالے میں پانی ڈالا اور اس کے پاس آگئی۔’’ کیا بہت تھک گئی ہے رے تو آج نجو!‘‘ بختو نے اس کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے اسے پانی دیتے ہوئے پوچھا۔ نجو نے ایک ہی سانس میں سارا پانی پی لیا اور خاموشی سے سارے پیسے بختو کے ہاتھ پردھر دیئے۔ وہ پیسے دیکھ کر بہت خوش ہوئی ۔’’ آج تو تیری اچھی دیہاڑ لگ گئی۔ نجو ! میں تیری پسند کی چیزیں پکاؤں گی آج ۔‘‘ نجو کی ماں کے چہرے پر خوشی کے واضح تاثرات تھے۔ اس نے بھی پھیکی سی مسکراہٹ کے ساتھ آنکھیں موند لیں۔
تھکی ہاری نجو کھانا کھانے کے بعدتکیے پر سر رکھتے ہی سو گئی۔ صبح صبح شانو نے آکر نجو کو آواز دی اور دونوں اپنے اپنے ٹوکرے اٹھائے ا ب بستی سے کافی دور آگئی تھیں۔ نجو آج بھی کافی پریشان تھی ۔ اسے سمجھ نہیں آتا تھا کہ وہ اتنا کیوں سوچتی ہے ؟نجو کو گھر سے باہر نکلنا سارا سارا دن گلیوں اور سڑکوں پر آوازیں لگانا کسی ذلت سے کم نہیں لگتا تھا۔ شانو کی طرح وہ کسی بڑ ے عالی شان گھر کی خواہش مند ہر گز نہیں تھی۔ اسے ایک چھوٹے سے محفوظ گھر اور کسی ایسے سہارے کی تمنا تھی جو ا س کی عزت کرے ،اسے اس کے مقام سے نوازے اور بس ۔ لیکن نجو کے خاندان میں اس قسم کی کوئی ریت روایت سرے سے تھی ہی نہیں ۔ نجو ہر طرح کی محنت کر سکتی تھی لیکن عزت و وقار کے ساتھ ۔ انہی سوچوں میں گم وہ چپ چاپ چلی جا رہی تھی کہ شانو نے اسے سڑک پار کرنے کا کہا۔ وہ سڑک پار کرنے لگی کہ اچانک موڑ سے آنے والی گاڑی نجو سے جا ٹکرائی۔ چوڑیوں کا ٹوکرا نجو کے ہاتھ سے چھوٹ گیا اور وہ گر گئی۔ شانو جو نجو سے پیچھے تھی جلدی سے آگے بڑھی اور نجو کو سہارا دے کر کھڑا کیا۔ گاڑی کا ڈرائیور گھبرا کر گاڑی سے اترا۔ شانو اس پر برس پڑی ۔’’ اندھا ہے کیا ؟نظر نہیں آتا تجھے ۔ ارے موٹر نہیں چلانی آتی توکیوں سڑکوں پر دندنا تا پھر رہا ہے۔ ہائے تو نے تو ساری چوڑیاں بھی توڑ دیں ۔ ‘‘شانو نے سڑک پہ بکھری ہوئی چوڑیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ اس سے پہلے کہ ڈرائیور کچھ کہتا،گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھے ہوئے شخص نے ڈرائیورکو بلایا اور اس کے ہاتھ میں پانچ سو کا نوٹ تھماتے ہوئے شانو اور نجو کی طرف اشارہ کیا ۔ شانو نے ڈرائیور سے نوٹ لیا اور نجو کی طرف بڑھا دیا لیکن نجو نے نوٹ لینے سے انکار کر دیا اور گاڑی کی پچھلی سیٹ پہ بیٹھے ہوئے شخص سے مخاطب ہوئی ۔’’ نہیں صاحب! غلطی میری تھی کہ میں ایک دم سے گاڑی کے سامنے آگئی ۔‘‘ اور وہ پھر کچھ کہے سنے بغیر ٹوکرا ٹھا کر چل دی ۔ جاتے ہوئے نوٹ اس شخص کی گود میں ایسے پھینک گئی جیسے اس نوٹ کی کوئی وقعت ہی نہ ہو ۔ ڈرائیور گاڑی میں بیٹھا اور سامنے والی عالی شان کوٹھی میں داخل ہوگیا۔ شانو پلٹ پلٹ کر جاتی ہوئی گاڑی کو دیکھتی رہی ۔ ’’نجو تو ٹھیک تو ہے ناں ۔‘‘ شانو نے بڑے دھیمے لہجے میں پوچھا ۔ ’’ہاں شانو !ٹھیک ہوں ۔‘‘ نجو نے قدر ے لا پرواہی سے جواب دیا ۔ تمام راستے شانو ڈرائیور اور اس کے صاحب کو برا بھلا کہتی رہی ۔ آج دونوں شام ہونے سے ذراپہلے ہی لوٹ آئی تھیں ۔ وزیر ا ہمیشہ کی طرح اپنی مخصوص جگہ پر کھڑ ا خاموشی سے نجوکو گھوررہا تھا۔ ایک پل کے لئے نجو بھی رک گئی ۔ پھر نجانے کیا سوچ کر آگے چل دی ۔ بختو نے نجو کو دیکھا تو کہنے لگی۔ ’’آج تو جلدی آگئی۔ کیا ہوا؟‘‘ ۔’’ہونا کیا ہے ماں !کچھ بھی نہیں ہوا۔ ‘‘بختو نے اس کو زیادہ کریدنامناسب نہ سمجھا اور گھر کے کام کاج میں لگ گئی۔ نجو خاموشی سے بیٹھ کر ہاتھوں کی لکیروں کو غور غور سے گھورنے لگی۔ اتنے میں شانو بھی آگئی اور دن کو ہو نے والے واقعے کے بارے میں بختو کو بتایا۔ شانو کی باتیں نجو کے باپ نے بھی سن لیں۔ بختو تو خاموش رہی لیکن نجو کا باپ نجو پر برس پڑا اور اسے پیسے نہ لینے پر ڈانٹنے لگا ۔ نجو کو اور کیا چاہیے تھا ۔ سلگتے ہوئے شعلوں کو ذرا سی ہوا لگی اور آگ بھڑک اٹھی ۔ نجو کی آنکھوں میں جتنا دریا تھا سب بہہ نکلا۔
اس نے سوچا کہ زندگی کی گاڑی بغیر رکے ایک ہی ڈگر پر چلی جارہی تھی۔روتے روتے نہ جانے کب اس کی آنکھ لگ گئی ۔ صبح جب شانو اسے بلانے آئی تو وہ کافی شرمندہ سی لگ رہی تھی ۔ اسے رات والے واقعے کا علم تھا اور نجو کی سوجھی ہوئی آنکھیں دیکھ کر اس کی آنکھیں بھی جھک گئیں ۔ نجو سب کچھ سمجھ گئی اور کہنے لگی ۔ ’’شانو! پگلی ، تیرا تو مجھ پر احسان ہے۔ کافی دنوں سے میں رونا چاہتی تھی اورابا کے ڈانٹنے کا مجھے کوئی دکھ نہ ہوا ۔ یہ کوئی نئی بات نہیں۔ ‘‘ اس نے شانو کو تسلی دی اور وہ پھر اپنے اپنے ٹوکرے سر پر اٹھائے اب بستی سے کافی دور نکل آئیں۔ عید کا دن قریب آرہا تھا۔ اس لئے آج دونوں نے شام کودیرسے گھر آنا تھا۔ وہ دونوں جب اس کوٹھی کے سامنے سے گزریں تو شانو بے اختیار پھر سے کل والے واقعہ پر ڈرائیور اور اس کے صاحب کو برا بھلا کہنے لگی۔ ابھی وہ زیادہ دور نہیں گئی تھیں پھر سے وہی کار ان دونوں کے قریب آکر رکی ۔ لیکن آج صرف ڈرائیور کار میں تھا۔ اس کا صاحب نہیں ۔ ’’کیا پھر ٹکر مارنی ہے ہمیں ،اے ابھی تک تجھے چین نہیں آیا ، ٹھنڈ نہیں پڑی تیرے کلیجے میں ۔‘‘ شانو نے ایک ہی سانس میں اتنا کچھ کہہ دیا لیکن ڈرائیور جو کہ عمر میں تئیس چوبیس سال کے لگ بھگ تھا گاڑی سے نیچے اترا اور شانو کو کوئی جواب دیئے بغیر نجو سے مخاطب ہوا۔’’ مجھے تم سے کچھ کہنا ہے ۔ کل میری غلطی سے گاڑی سے تجھ سے ٹکرا گئی اور تیری چوڑیاں بھی ٹوٹ گئیں جس کا مجھے بے حد افسوس ہے۔ میں ایک معمولی ڈرائیور ہوں ،تیری زیادہ مدد تو نہیں کر سکتا لیکن اپنی خوشی سے تجھے کچھ پیسے دینا چاہتا ہوں ۔ انکار نہ کرنا۔ ‘‘ ’’غلطی میری تھی‘‘ نجو نے جواب دیا ۔ ’’دیکھ جو بھی ہوا، برا ہوا۔ دل خراب نہ کر اور یہ پیسے رکھ لے ۔‘‘ یہ کہتے ہوئے اس نے نجو کو پیسے تھمائے اور گاڑی سٹارٹ کر کے چلا گیا ۔ نجو نے بہت چاہا کہ وہ انکار کر دے لیکن وہ ایسا نہ کر سکی ۔ سارا دن دونوں شہر کی مختلف گلیوں اور سڑکوں میں چوڑیاں بیچتی رہیں۔جب شام آہستہ آہستہ گہری ہونے لگی توان دونوں نے اپنی بستی کا رخ کیا ۔ آج وزیر ا ہمیشہ کی طرح نجو کے استقبال کے لیے وہاں نہیں آیا تھا۔ ’’ کیا ہوا تیرے بھائی کو‘‘۔ نجو نے شانو سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ اسے رات کو ہلکا ہلکا بخار تھا۔’’پتہ نہیں ، اب کیا حال ہو گا اس کا۔‘‘ شانو نے جواب دیا ۔ رات کو بختو نے نجو کو بتایا کہ وہ وزیرے کو دیکھنے جا رہی ہے ۔ واپس آکر اس نے نجو کو بتا یا کہ وزیرا بہت بیمار ہے اسی لئے شانو صبح اس کے ساتھ نہیں کام پہ نہیں جا سکے گی ۔ اگلی صبح نجو کو اکیلے ہی جا نا پڑا ۔ آج گھر سے نکلتے ہوئے وہ کل ملنے والے ڈرائیور کے بارے میں سوچ رہی تھی۔ آج پھر وہ اُسے ملا لیکن نجو نے ایسے ظاہر کیا جیسے اس نے دیکھا ہی نہیں ۔ آج وہ پیدل تھا اچانک وہ نجو کے سامنے آکے کھڑا ہو گیا ۔’’ آج تیری لڑاکا سہیلی نہیں آئی؟۔‘‘ ڈرائیورنے پوچھا ۔ ’’نہیں۔ ا س کا بھائی بیمار ہے ۔ ‘‘نجو نے لا پر واہی سے کہا ۔ پھر اس نے نجو سے ادھر ادھر کی باتیں کیں اور چلا گیا ۔ نجو کافی دن اس ڈرائیور سے ملتی رہی جس کا نام نصیر تھا۔ اس دوران شانو کام پر نہ گئی ، ایک دن نصیر نے نجو کو بتایا کہ وہ اس سے شادی کرنا چاہتا ہے ۔ نجو کی تو جیسے سانس رک گئی لیکن نصیر بولتا ہی چلا گیا ۔ وہ نجو کو ایک ایسے گھر میں لانا چاہتاتھا جس کے وہ خواب دیکھا کرتی تھی ۔ چھوٹا سا گھر جہاں وہ عزت سے رہ سکے لیکن نجو نے اسے کوئی جواب نہ دیا اور خاموشی سے چل دی ۔ ساری رات وہ نصیر کے بارے میں سوچتی رہی ۔ صبح صبح وہ اٹھی اور شانو کی جھونپڑی میں گئی۔ وزیرا اب کافی بہتر تھا۔ شانو نے اسے بتایا کہ وہ کل سے اس کے ساتھ کام پر جائے گی ۔ نجو آج پھر اکیلی کام پر چلی گئی ۔ بستی سے کافی دور اس نے نصیر کو اپنا منتظر پایا۔ نجو نے اسے صاف صاف بتا دیا کہ یہ ناممکن ہے کیونکہ ان کے ہاں برادری سے با ہر رشتہ نہیں دیا جاتا ۔ نصیر نے اس کی ایک نہ سنی اور نجو کو بتایا کہ اس کی ماں گاؤں سے آئی ہے اور آج شام وہ تمھارے گھررشتہ مانگنے آئے گی۔ نجو نے کافی منع کیا لیکن نصیر نے اس کی ایک نہ مانی اور چلا گیا۔ نجو آج شام سے کچھ پہلے ہی گھر آگئی ۔ ابھی اسے آئے ہوئے تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ نصیر اور اس کی ماں آگئے ۔ بستی کا ہر فر د نصیر اور اس کی ماں کو گھور رہا تھا۔ آخر نصیر کی ماں نے بختو کے سامنے اپنا مد عا بیان کیا۔ بختو نے سختی سے انکار کر دیا اور بے رخی سے بولی کہ وہ دوبارہ یہاں کبھی نہ آئیں ۔ نجو کا باپ اس وقت گھر پہ نہیں تھا۔ نصیر اپنی ماں کو لے کر جھونپڑی سے نکل آیا۔ راستے میں اس نے نجو کو کھڑا دیکھا تو رک گیا ۔ نصیر کی ماں کچھ آگے جا کر ٹھہر گئی ۔ نصیر نے نجو کو بتا یا کہ وہ سمجھتا تھا کہ اس کے گھر والے اس رشتے سے انکار نہیں کریں گے لیکن اب بھی وہ اپنی بات پر قائم ہے اس لیے ٹھیک دو دن بعد وہ اس کا رات دس بجے انتظار کرے گا اور پھر دونوں اپنی الگ دنیا بسا لیں گے ۔ نجو سے جب نصیربات کررہا تھا تو اسے وزیرے نے دیکھ لیا۔ جب نجو کی نظر وزیرے پر پڑی تو وہ نصیر کو کوئی جواب دیئے بغیر اپنی جھونپڑی میں آگئی ۔ بختو نجو پر برس پڑی لیکن وہ بالکل خاموش رہی۔ ٹھیک دو روز بعد عید تھی۔ نجو کو سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ کیا کرے ؟اگلی صبح بختو نے نجو کو کام پر نہ جانے دیا اور شانو بھی نہیں گئی ۔ بختو نے نصیر کے بارے میں کوئی بات نہ کی۔ شام کو ہی شانو بستی کے ایک بزرگ کے ساتھ نجو کے گھر آئی ۔ جنہوں نے وزیرے کے لیے نجو کا ہاتھ مانگا۔ شانو کے ماں باپ دونوں فوت ہوچکے تھے۔ اسی لئے شانو نے بھائی کے رشتے کے لیے بستی کے بزرگ کو ساتھ لے لیا ۔ شانو نے بتایا کہ وہ کسی اچھے موقع کی تلاش میں تھی کہا اس معاملے پر نجو سے پہلے خود بات کر لیتی لیکن اس کے بھائی وزیرے کے بے حد اصرار پرا سے آنا پڑا ۔ بختو کو اور کیا چاہیے تھا ۔وزیر ا چونکہ برادری کا لڑکا تھا بختو نے فوراًہامی بھر لی اور عید کی شام کو ہی نجو کی وزیرے سے منگنی ہو گئی ۔رات کو جیسے جیسے تاریکی بڑھنے لگی نجو کا دل زور زور سے دھڑکنے لگا۔ وہ جا سکتی تھی۔ اسے معلوم تھا کہ نصیر اس کا انتظار کر رہا ہو گا۔ رات کافی گہری ہو چکی تھی۔ نجو ہمت کر کے اٹھی ۔ اس سے پہلے کہ وہ جھونپڑی سے باہر قدم رکھتی اس کی نظر اپنی ماں کے چہرے پر پڑی جس کے چہرے پراسے عجیب سی معصومیت کا احساس ہوا۔ پھر اس کی نظر باپ کے چہرے پر پڑی جس کی آنکھیں تو بند تھیں لیکن چہرے سے کرختگی برس رہی تھی ۔’’ اگر میں چلی گئی تو ابا ماں کو قتل کر دے گا ااور بستی والے بھی ابا کو نہیں چھوڑیں گے ۔ اللہ، میں کیا کروں ؟کہاں جاؤں ۔ نہیں میں اتنی خود غرض نہیں ہو سکتی ۔ ‘‘نجو کے دماغ میں آندھیاں سی اٹھنے لگیں اور وہ صدیوں کے تھکے ہارے مسافر کی طرح بیٹھ گئی۔ شانو سے کی ہوئی باتیں اس کے ذہن میں گونج رہی تھیں ۔’’ شانو! ایسے خواب نہ دیکھا کر جن کی کوئی تعبیر نہ ہو۔‘‘ یہ باتیں یاد آتے ہی نجو چپ چاپ جا کر لیٹ گئی۔ اس بات کو کافی دن گزر گئے اور پھر نجو اور وزیرے کی شادی ہو گئی ۔ نجو کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ہاں جھونپڑی ضرور بدل گئی تھی۔
اب پھر سے وہ اور شانو سرپرچوڑیوں کاٹوکرا اٹھا کر گلی کو چوں میں آوازیں لگاتے ہیں لیکن اب نجو کا کوئی منتظر نہیں ہوتا۔
گرہ لگائیں۔ کیا ہے عشق تو اعلان کیوں نہیں کرتے
وھاٹس ایپ گروپ: دیــــــــارمیـــــــــــر سلسلہ : گـــــــرہ لـــــــگائیں تاریخ : 17/9/024 مصرع نمبر: 295 کیا ہے عشق تو اعلان کیوں...