’’آج میں آپ کو ایک کہانی سناتا ہوں۔ طاؤس منہ میں سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہوا تھا۔ اس کی ماں زرتاب بیگم نواب زادی تھی اور والد بھی بڑی جاگیر کا مالک۔ زرتاب بیگم اپنے جہیز میں بہت کچھ لائی تھی۔ ۔ ۔ یہاں تک کہ اس کے ساتھ چھ خادمائیں بھی آئیں۔ طاؤس اپنے والدین کا اکلوتا تھا۔ اس کی ولادت پر دُور دراز سے ڈھول باجے والوں کو بلایا گیا تھا اور چا لیس دن تک جشن منایا جاتا رہا۔ آٹھوں پہر زرتاب بیگم کی حویلی نور و نکہت سے روشن و معطر رہتی۔ قرب و جوار کے جاگیر داروں نے نواب زادے کی ولادت پر تحائف کے انبار لگا دیے۔ نواب کلیم الملک نے تو اپنی جاگیر کا ایک بڑا حصہ بھی طاؤس کو دے دیا۔ ماں باپ پہلے ہی خوشی سے نہال تھے ، اور نومولود ان کی ذات کا محور تھا۔ اس کی ناز برداریاں کر تے کر تے صبح سے شام ہو جاتی، مگر پھر بھی ان کا جی نہ بھرتا۔
خادمائیں واری جاتیں ، را تو ں کو اُٹھ اُٹھ کر اُسے لوریاں سناتیں اور جو کبھی اس کے رونے کی معمولی سی آواز حلق سے نکلتی تو ان بے چاریوں کی شامت آ جاتی۔
وقت پورے پر پھیلائے اُڑتا گیا۔ ۔ ۔ جب اس کی عمر دس سال ہوئی تو گھر میں اس کے لیے اتالیق مقرر کر دیا گیا۔ والدین کے بے جا لاڈ پیار نے اسے بگاڑ دیا تھا، جبھی اس کے دل میں استاذ کا لحاظ بھی نہیں تھا۔ جو سلوک وہ اپنے خادموں کے ساتھ کرتا وہی استاذ سے روا رکھتا۔ استاذ کچھ عرصہ تک تو اپنے طور پر اُسے سمجھانے کی کوشش کرتا رہا، مگر بے سود۔ ابھی استاذ اس کش مکش میں تھا کہ، وہ نواب صاحب کو اس ضمن میں آگاہ کر ے ، اس کی اپنی طلبی ہو گئی اور نواب زادے کی گستاخی کر نے پر اُسے علاقہ بدر کر دیا گیا۔
نیا اتالیق مقرر ہوا اور اسے طاؤس کے مزاج سے متعلق آگاہ کر نے کے ساتھ تنبیہ کی گئی کہ ، خاص حد میں رہ کر نواب زادے کی تربیت کرنی ہے۔ ۔ ۔ اگر یوں نہ ہوا تو زندان مقدر ہو سکتا ہے۔ جب استاذ نے یہ بندشیں دیکھیں تو اس نے ٹھان لیا کہ وہ وہی کر ے گاجو طاؤس چاہے گا۔ طاؤس کا دھیان علم کی طرف کہاں تھا، جو اسے اس میدان میں کام یابی ہوتی۔ اپنے لا اُبالی پن کے باعث بے کار مشغولات میں رہنے لگا۔ ابھی اس کی مسیں بھی نہیں بھیگی تھیں کہ ایک خادم کی بیٹی پر فریفتہ ہو گیا۔ اَدب کا تقاضا تھا۔ ۔ ۔ کنیز خود میں سمٹی رہی، اس کی نظروں سے اوجھل رہنے کی تگ و دو کرتی رہی، مگر کب تک؟ مآلِ کار اُس کی ہوس کا نشانہ بنی۔ باپ کو معلوم ہوا تو اس نے اپنی بیٹی کا گلا دبا دیا۔ زبان پر حرفِ احتجاج نہیں لایا، بل کہ یوں ظاہر کیا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں تھا۔ ۔ ۔ اور اس کی بیٹی تو طبعی موت مری ہے۔
اُدھر نواب صاحب کے کانوں میں کہیں سے بھنک پڑ گئی اور بیٹے سے ایک ملاقات میں اس واقعہ کی بابت سوال کیا۔ بیٹا جو رذالت میں گھر چکا تھا ، کہاں ڈرنے والا تھا۔ خود باپ نے بیٹے کے جوان ہونے
پر دل ہی دل میں خوشی ظاہر کی اور مسکراتے ہوئے ، لاڈ سے کہا
’’ہو جاتا ہے اس عمر میں ، لیکن دھیان رکھو، کہیں اُلجھ نہ پڑو۔ ‘‘
باپ کی طرف سے گویا یہ ایک طرح کا اجازت نامہ تھا۔ اب اس نے پر پھیلانا شروع کر دیے ، جس چیزپراس کی نظر رُکتی جھپٹ پڑتا اور بے فکری سے راہ لیتا۔
اُدھر نواب صاحب کوکسی موذی مرض نے آ لیا تھا، خاندانی حکیم نے تمام نسخے آز ما لیے ، مگر قرار تھا کہ آ کے ہی نہیں دیا۔ جاگیر دار دوستوں نے بھی اپنے طبیب بھیجے ، مگر کچھ نہ بن پڑا۔ ۔ ۔ اور بیماری نے جان لے کر چھوڑا۔ باپ کا مرنا تھا کہ طاؤس تمام قیود سے آزاد ہو گیا۔ اب کلیاں نوچنا، پھول مسلنا اور ہوش چھوڑنا اس کا معمول بن چکا تھا۔ اس کے گرد ایسے لوگوں کا ہر وقت جم گھٹا رہتا جو رذیل خصلت رکھتے۔ اپنی جیب بھرنے کے لیے اُسے خباثت کے گڑھوں میں اُتارتے چلے گئے۔ ۔ ۔ یہاں تک کہ اب کوئی بھی رات رقص و سرود اور لب و جام سے خالی نہ جاتی۔ زرتاب بیگم بیٹے کی اس حالت پر کڑھتی۔ ۔ ۔ مگر اُسے بدکاریوں سے نہ روک پاتی۔ نواب زادے کی یہ حالت دیکھ کر شروع میں اس کے والد کے دوستوں نے بھی سمجھانے کی کوشش کی، مگر جب طاؤس نے لحاظ نہ کیا تو وہ بھی اپنی راہ ہو لیے۔ ماں بیٹے کے سدھرنے کی خواہش لیے سانس توڑ گئی۔
بگڑے ہوؤں کا راہِ راست پر آنا اتنا آسان کہاں ہوتا ہے ؟ بُروں سے تعلقات جو بڑھے تو انھوں نے بھی گھات لگانا شروع کی۔ عیش کوشی نے جاگیر کے بوجھ سے آزاد کر دیا۔ خادم ایک ایک کر کے ساتھ چھوڑتے گئے ، مگر وہ جس نے اپنے ہاتھوں سے اپنی مظلوم بیٹی کا گلا دبایا تھا، ساتھ رہا۔ وہ حویلی جو کبھی طاؤس کے لیے راحتوں کی جا تھی قید خانہ میں بدل گئی۔ باہر نکلتا تو قرض خواہوں کے تانتے بندھ جاتے ، مجبوراً حویلی کے تاریک کمرے میں دبکا رہتا۔
ایک شام نواب زادے نے ابھی آبِ احمر کا پہلا گھونٹ حلق سے اُتارا ہو گا کہ اس کے دماغ میں ماضی کے تمام منظر روشن ہوتے چلے گئے۔ جام ہتھیلی میں تھامے حویلی کے دالان میں چلا آیا، خادم پہلے ہی وہاں موجود تھا۔ طاؤس حال سے بے گانہ ہو کر گویا ہوا
’’تم جانتے ہو پہلے گھونٹ کا ذائقہ میں آج تک نہیں بھلا پایا ہوں اور پہلے لمس کی خوش بو سے۔ ۔ ۔ آج بھی میرا تن بدن معطر ہے۔ پوچھو گے نہیں پہلا لمس کس کا تھا؟ ‘‘
خادم نے سوالیہ نظروں سے اس کی طرف دیکھا تو اس نے کہا
’’تمھاری بیٹی کا، نہ جانے اچانک وہ مر کیسے گئی؟ ‘‘
اب خادم نے احتجاج نہیں کیا، بل کہ نہایت تیزی سے اُٹھا اور اسے دبوچ لیا۔ خنجر سے اس کا سینہ چاک کر تے ہوئے کہا
’’اُسے میں نے قتل کیا تھا اور تمھارے باپ اور ماں کو بھی میں ہی زہر دیتا رہا ہوں۔ ‘‘
پھر اس کا تن سر سے جدا کر کے حویلی کے دروازے پر ڈال دیتا ہے اور خود رو پوش ہو جاتا ہے۔ ‘‘
راوی خاموش ہوتا ہے۔ ۔ ۔ ایک ادھیڑ عمر سامع اپنی سانس تازہ کر کے راوی سے کہتا ہے
’’تم جھوٹ کہتے ہو۔ ۔ ۔ طاؤس شہر میں اب بھی پھرتا ہے۔ ‘‘
***