جیتے تو ہیں سب بوڑھے پر ضعف کی حالت میں
ہوتی ہے یہی درگت عمروں کی طوالت میں
اس وقت ہی مر جانا ہر حالت میں بہتر تھا
جب گھر سے نکالا تھا بیٹوں نے علالت میں
مسجد کے امام اکثر چائے کو ترستے ہیں
دیتا ہے مجھے لاکھوں اللہ وکالت میں
اس وقت کی دو لاتیں کھالوں تو خدا پاؤ
جب پیرِ مغان اپنے رہتے ہیں جلالت میں
بے جوڑ کی شادی کا انجام برا دیکھا
بیوی بھی خجالت میں شوہر بھی خجالت میں
اس دورِ سیاست میں ہم نے تو یہی دیکھا
بگلوں کی ہوئی پیشی کووں کی عدالت میں
لکھ پڑھ کے بھی ہم جیسے پہنچے نہ جہاں منہ پھٹؔ
وہ نام کمایا ہے بیٹوں نے جہالت میں
(ماہنامہ شگوفہ، سالنامہ ۲۰۰۰)
۲
منتری نے دل دکھایا عزت افزائی کے ساتھ
کچھ اضافہ کر دیا بونس میں مہنگائی کے ساتھ
اس سے تنہا بات کرنے کی تمنا رہ گئی
وہ نظر آئی کبھی تایا کبھی تائی کے ساتھ
پھول کے سہرے نے بدلا خون کے رشتے کا رنگ
بیوی آتے ہی لڑائی ہو گئی بھائی کے ساتھ
لوگ پھر بھی ہم کو کہتے ہیں کریلا نیم کا
دوستانہ گانٹھ کر رہتے ہیں حلوائی کے ساتھ
امن کی صورت نظر آتی نہیں اب شہر میں
مل گئے ہیں آج کل نیتا بھی بلوائی کے ساتھ
منتری ہنستے ہی اخباروں میں اسکینڈل چھپے
ہم کو شہرت بھی ملی منہ پھٹ تو رسوائی کے ساتھ
(ماہنامہ شگوفہ جون ۱۹۹۴)
ڈاکٹر مقصود جعفری کی مکالماتی اسلوب کی منفرد شاعری
ڈاکٹر مقصود جعفری کہتے ہیں "میں نے کہا کہ زاغ و زغن پھر سے آ گئے کہنے لگے یہ طرزِ...