تین دن میں پتہ چل گیا کہ مگن بھائی نے اسے کمرہ کراۓ پر نہیں دیا بلکہ اسے کمرہ کرائے پر دینے کے نام پر ٹھگ لیا ہے۔
اب سوچتا ہے تو اسے خود حیرت ہوتی ہے کہ اس سے اتنی بڑی غلطی کس طرح ہو گئی ؟ بس کچھ دیر کے لئے وہ اس بستی میں آیا۔ مگن بھائی نے اپنی چال کا بند کمرہ کھول کر اسے بتایا 1012xکا کمرہ تھا۔ جس کے ایک کونے میں کچن بنا ہوا تھا۔ اس سے لگ کر چھوٹا سا باتھ روم جسے عرف عام میں موری کہا جا سکتا تھا۔ کمرہ میں ایک دروازہ تھا جو تنگ سی گلی میں کھلتا تھا۔ دو کھڑکیاں تھیں ہوا اور روشنی کا کافی اچھا انتظام تھا۔ زمین پر رف لادی تھی۔ کمرے کا پلاسٹر جگہ جگہ سے اکھڑا ہوا تھا لیکن سمینٹ کا تھا۔ چھت پترے کی تھی۔ گلی کے دونوں جانب کچے جھونپڑوں کا سلسلہ تھا جو دور تک پھیلا تھا۔ وسط سے ایک نالی بہہ رہی تھی۔ جس سے گندہ پانی ابل کر چاروں طرف پھیل رہا تھا جس کی بدبو سے دماغ پھٹا جا رہا تھا۔ مگن بھائی کی وہ چال سات آٹھ کمروں پر مشتمل تھی۔ اس کے ذہن نے فیصلہ کیا کہ اسے اس شہر میں اتنا اچھا کمرہ اتنے کم داموں پر کرائے پر نہیں مل سکتا ہے۔ اس شہر میں اس سے اچھے کمرے کی توقع بھی نہیں رکھی جا سکتی تھی۔ وہ فوراً کمرہ لینے پر راضی ہو گیا۔
دوسرے دن اس نے پچیس ہزار روپے مگن بھائی کو ڈپازٹ کے طور پر ادا کئے۔ مگن بھائی نے فوراً کرایہ کے معاہدے کے کاغذات دستخط کر کے اس کے حوالے کر دئے۔ بجلی اور پانی کا اپنی طور پر انتظام کرنے کے بعد اسے کرائے کے طور پر ہر ماہ مگن بھائی کو صرف سو روپے ادا کرنے تھے۔ کرائے کا قرار نامہ صرف گیارہ ماہ کے لئے تھا لیکن مگن بھائی نے وعدہ کیا تھا وہ گیارہ ماہ کے بعد بھی اس سے وہ کمرہ خالی نہیں کرائے گا۔ وہ جب تک چاہے اس کمرہ میں رہ سکتا ہے۔ اگر اس کا کہیں دوسری جگہ اس سے بہتر انتظام ہو جاتا ہے تو وہ اپنی ڈپازٹ کی رقم واپس لے کر کمرہ خالی کر سکتا ہے۔
اس شام اپنے دوست کے گھر سے اپنا مختصر سا سامان لے کر دوست اور اس کے گھر والوں کو خدا حافظ کہہ کر وہ اپنے نئے گھر میں آگیا۔ دو تین گھنٹے تو کمرے کی صفائی میں لگ گئے باقی تھوڑے سے سامان کو قرینے سے سجانے میں۔ کمرے میں بجلی کا انتظام تھا۔ اسے صرف بلب لگانے پڑے۔ کمرے کی صفائی سے وہ اتنا تھک گیا تھا کہ اس رات وہ بنا کھائے پئے ہی سو گیا۔ سویرے حسبِ معمول چھ بجے کے قریب آنکھ کھلی تو اپنے آپ کو وہ تر و تازہ محسوس کر رہا تھا۔
بستی میں پانی آیا تھا۔ گھر کے سامنے ایک سرکاری نل پر عورتوں کی بھیڑ تھی۔ ” پانی کا انتظام کرنا چاہیئے۔ ” اس نے سوچا۔ لیکن پانی بھرنے کے لئے کوئی برتن نہیں تھا۔ چہل قدمی کرتے ہوئے اپنے گھر سے تھوڑی دور آیا تو اسے ایک کرانے کی دوکان نظر آئی۔ اس دوکان پر لٹکے پانی کے کین دیکھ کر اس کی بانچھیں کھل گئیں۔ کین خرید کر وہ نل پر آیا اور نمبر لگا کر کھڑا ہو گیا۔ نل پر پانی بھرتی عورتیں اسے عجیب نظروں سے گھور کر آپس میں ایک دوسرے کو کچھ اشارے کر رہی تھیں۔ اس کا نمبر آیا تو اس نے کین بھرا اور اپنے گھر آگیا۔ نہا دھو کر کپڑے بدلے گھر میں وہ ناشتہ تو بنا نہیں سکتا تھا۔ ناشتہ بنانے کے لئے درکار کوئی چیز بھی نہیں تھی۔
کسی ہوٹل میں ناشتہ کرنے کا سوچتا ہوا وہ گھر سے باہر نکل آیا۔ سوچا ناشتہ کرنے تک آفس کا وقت ہو جائے گا تو وہ آفس چلا جائے گا۔ اس دن وہ اپنے آپ کو بے حد چاک و چوبند اور خوش و خرم محسوس کر رہا تھا۔ ایک احساس بار بار اس کے اندر ایک کروٹیں لے رہا تھا کہ اب وہ اس شہر میں بے گھر نہیں ہے۔ اس کا اپنا ایک گھر تو ہے۔
کل تک یہ احساس اسے کچوکتا رہتا کہ اس کے پاس ایک اچھی نوکری ہے لیکن رہنے کے لئے ایک چھت نہیں ہے۔ وہ دوسروں کی چھت کے نیچے پناہ لئے ہوئے ہے۔ اور اس چھت کی پناہ کبھی بھی اس کے سر سے ہٹ سکتی ہے۔ اسے اپنی قابلیت کی بنا پر اس شہر میں نوکری تو مل گئی تھی۔ لیکن اس شہر میں اس کا نہ تو کوئی رشتہ دار تھا اور نہ شناسا۔ اس نے ڈیوٹی جوائنٹ تو کر لی لیکن رہائش کا سب سے بڑا مسئلہ کسی عفریت کی طرح اس کے سامنے منہ پھاڑے کھڑا تھا۔ اس مسئلے کا وقتی حل اس نے ایک درمیانی درجے کے ہوٹل میں ایک کمرہ کرائے سے لے کر نکال لیا۔ کچھ دنوں میں ہی اسے محسوس ہوا کہ اس کی تنخواہ میں وہ اس ہوٹل میں صرف رہ سکتا ہے ،کھا پی نہیں سکتا۔ اس لئے اس نے دوسرے سہارے کی تلاش شروع کر دی۔ اسے ایک ہوسٹل میں سر چھپانے کی جگہ مل گئی۔ دو چار مہینے اس نے اس ہوسٹل میں نکالے۔ لیکن ایک دن وہ سخت مصیبت میں پھنس گیا۔ ایک دن پولس نے اس نے ہوسٹل پر چھاپا مارا اور اس ہوسٹل کے سارے مکینوں کو گرفتار کر لیا۔ اس ہوسٹل سے پولس کو منشیات ملی تھیں۔ اس ہوسٹل میں کچھ غیر سماجی عناصر منشیات کا کاروبار کرتے تھے۔ بڑی مشکل سے وہ پولس کے چنگل سے چھوٹ پایا۔
وہ ایک بار پھر بے گھر ہو گیا تھا۔ وہ اپنے لئے کسی چھت کی تلاش کر رہا تھا کہ اچانک اس کی ملاقات ایک دوست سے ہو گئی۔ وہ دوست کافی دنوں کے بعد ملا تھا۔ اس دوست کا اس شہر میں چھوٹا سا کاروبار تھا۔ اس نے اپنا مسئلہ اس کے سامنے رکھا تو اس نے بڑے خلوص سے اس کو پیش کش کی کہ جب تک تمہارا کوئی انتظام نہیں ہو جاتا تم میرے گھر میں رہ سکتے ہو۔ انتظام ہونے کے بعد چلے جانا۔ اسے اُس وقت اپنا وہ دوست ایک فرشتہ معلوم ہوا۔ وہ اپنے اس دوست کے گھر رہنے لگا ساتھ ہی ساتھ اپنے لئے کوئی کمرہ ڈھونڈنے لگا۔
شہر میں کرائے سے مکان ملنا مشکل تھا۔ مکان خریدنے کی اس کی استطاعت نہیں تھی۔ جو مکان ملتے تھے ان کا کرایہ اس کی نصف تنخواہ سے زائد تھا اس پر ڈپازٹ کی کثیر رقم کی شرط۔ کچھ دنوں بعد تھک ہار کر اس نے سوچا کہ اسے ایسے علاقوں میں مکان تلاش کرنا چاہیئے جہاں کمروں کے دام کم ہوں بھلے ہی وہ علاقے اس کے مزاج و معیار کے نہ ہوں۔ اسے اس سے کیا لینا دینا ہے۔ اسے صرف رات میں ایک چھت چاہیئے۔ دن بھر تو وہ آفس میں رہے گا۔
اسے ایک اسٹیٹ ایجنٹ نے مگن بھائی سے ملایا۔ مگن بھائی نے بتایا کہ بستی میں ان کی چال میں ایک کمرہ خالی ہے وہ پچیس ہزار روپے ڈپازٹ پر دیں گے۔
“ٹھیک ہے مگن بھائی ! میں ڈپازٹ کا انتظام کر کے آپ سے ملتا ہوں۔ ” کہہ کر وہ چلا آیا اور پیسوں کے انتظام میں لگ گیا۔ اتنے پیسوں کا انتظام بہت مشکل تھا۔ اپنے شہر جا کر اس نے دوستوں اور رشتہ داروں سے قرض لیا اور گھر کے زیورات ایک بینک میں گہن رکھ کر قرض لیا اور پیسوں کا انتظام کر کے واپس آیا۔ مگن بھائی نے کمرہ دکھایا اس نے کمرہ پسند کر کے پیسے مگن بھائی کو دئے اور رہنے لگا۔
شام کو جب وہ ضروری سامان سے لدا اپنے گھر آیا تو اپنے گھر کے قریب پہونچنے پر اس کے قدم زمین میں گڑ گئے۔ گلی میں چاروں طرف پولس پھیلی ہوئی تھی۔
“کیا بات ہے بھائی ! یہ گلی میں پولس کیوں آئی ہے ؟ ” اس نے ایک آدمی سے پوچھا۔
“ہو گا کیا ؟ دارو کے اڈے پر جھگڑا ہوا اس میں چاقو چل گئے اور ایک آدمی ٹپک گیا۔ ” یہ کہتا ہوا وہ آدمی آگے بڑھ گیا۔
“تو اس جگہ شراب کا اڈہ بھی ہے ؟ ” سوچتا ہوا وہ اپنے گھر کی طرف بڑھا اور سامان پیروں کے پاس رکھ کر دروازہ کھولنے لگا۔ سامان گھر میں رکھ کر وہ معاملہ کی تفصیلات جاننے کے لئے باہر آیا تو تب تک پولس جاچکی تھی اور لاش بھی اٹھوائی جاچکی تھی۔ آس پاس کے لوگ جمع ہو کر اس واقعہ کے بارے میں باتیں کر رہے تھے۔
“ابھی تو پولس نے اڈہ بند کر دیا ہے۔ کل پھر شروع ہو جائے گا۔ “
“یہ اڈہ ہے کہاں ؟ ” اس نے پوچھا تو وہ لوگ اسے سر سے پیر تک دیکھنے لگے۔
“بابو کس دنیا میں ہو ؟ تم جس چال میں رہتے ہو اسی میں تو دارو کا اڈہ ہے۔ “
“میری چال میں شراب کا اڈہ ؟ ” اس نے حیرت سے یہی بات دہرائی۔
“ہاں ! نہ صرف شراب خانہ بلکہ ایک جُوئے کا اڈہ بھی ہے۔ ایک کمرے میں منشیات فروخت ہوتی ہیں اور دوسرے دو کمروں میں دھندہ کرنے والیاں رہتی ہیں۔ “یہ سنتے ہی اس کی آنکھوں کے سامنے تارے ناچنے لگے۔ اس کی چال میں شراب ،جوئے اور منشیات کے اڈے ہیں یہاں طوائفیں بھی رہتی ہیں اور اب وہ اسی چال میں رہ رہا ہے۔ اس دن تو اسے صرف اس بات کا پتہ چلا کہ وہ کیسی جگہ رہنے آیا ہے لیکن دوچار دنوں کے بعد اسے یہ پتہ چلا کہ وہاں رہنا کتنا بڑا عذاب ہے۔ لوگ بے دھڑک گھر میں گھس آتے تھے اور طرح طرح کی فرمائشیں کرتے تھے۔
“ایک بوتل چاہیئے۔ “
“ذرا ایک افیون کی گولی دینا۔ “
“ایک گرَد کی پوڑی دینا۔ “
“جمنا بائی کو بلانا ،آج اس کا فل نائٹ کا ریٹ دے گا۔ ” وہ یہ سب سن کر اپنا سر پکڑ لیتا اور اس شخص کو پکڑ کر باہر کر دیتا اور اسے بتاتا کہ اسے اس کی مطلوبہ چیز کہاں مل سکتی ہے۔ اس درمیان اسے پتہ چل گیا تھا کہ کہاں کون سا دھندہ چلتا ہے اور اس دھندے کا مالک کون ہے۔ دروازہ کھلا چھوڑنا ایک سر درد تھا اس لئے اس نے دروازے کو ہمیشہ بند رکھنے میں ہی عافیت سمجھی۔ لیکن دروازہ بند رکھنا تو اور بھی سر درد تھا۔ دروازہ زور زور سے پیٹا جاتا۔ جیسے ابھی توڑ دیا جائے گا۔ وہ جھلا کر دروازہ کھولتا تو وہی سوال سامنے ہوتے تھے جو دروازہ کھلا ہونے پر اجنبیوں کے ذریعہ گھر میں گھس کر پوچھے جاتے تھے۔ وہ سوچتا وہ اکیلا ہے صرف رات کو یہاس سونے کے لئے آتا ہے تو اس کا یہ حال ہے۔ اس کے بجائے وہ یا کوئی بھی شریف آدمی اپنی فیملی کے ساتھ تو ایک لمحہ بھی نہیں رہ سکتا ہے۔
یہاں اس کا رہنا محال ہے تو بھلا وہ اپنی فیملی یہاں لانے کے بارے میں کس طرح سوچ سکتا ہے۔ ہر روز ایک نئی کہانی ،ایک نیا ہنگامہ اور ایک نیا واقعہ سامنے آتا تھا۔ شرابی جواری آپس میں لڑ پڑتے اور یہ تو ایک عام سی بات تھی۔
ایک گاہک جمنا بائی کے گھر میں جانے کی بجائے سامنے والے رگھو کے گھر میں گھس گیا اور اس کی بیوی سے چھیڑ خانی کرنے لگا۔ پولس چھاپا مارنے آئی تو شراب کا اڈہ چلانے والوں نے شراب کے ایک دو کین پیچھے رہنے والے گنپت کے گھر میں چھپا دئے پولس نے وہ کین ڈھونڈ نکالے۔ اڈہ چلانے والے تو بھاگ گئے لیکن بے چارہ گنپت اس جرم میں پکڑا گیا۔
سامنے کی شیاملہ بائی جمنا بائی کے کمرے کے پاس کھڑی تھی پولس نے جمنا بائی کے اڈے پر ریڈ کی اور جسم فروشی کرنے کے جرم میں شیاملہ کو پکڑ کر لے گئی۔ وہ بڑی مشکل سے چھوٹ پائی۔
منشیات کا دھندا کرنے والے سعید کے گھر میں منشیات پھینک گئے اور پولس سعید کے گھر سے منشیات برآمد کر کے اسے اٹھالے گئی۔ یہ سارے واقعات دیکھ کر اس کا دل دہشت کے مارے دہل جاتا تھا۔ وہ سوچتا کہ ہو سکتا ہے یہ واقعہ کل اس کے ساتھ بھی ہو۔ غنڈے اس کے کمرے میں منشیات پھینک جائیں یا شراب رکھ جائیں اور پولس اس کے گھر سے وہ چیزیں برآمد کر کے اسے بھی اسی طرح پکڑ کر لے جائے۔ جمنا بائی اس کے کمرے کے سامنے کھڑی ہو کر کسی گاہک سے مول تول کر رہی ہو گی اور پولس جمنا کو تو دھر لے گی اور اسے بھی اس جرم میں گرفتار کر کے لے جائے گی۔ کہ وہ اس جگہ جسم فروشی کا دھندہ کرواتا ہے۔
یہاں اس چھت کے نیچے رہنے سے تو بہتر ہے بے گھر آسمان کی کھلی چھت کے نیچے رہا جائے۔ وہاں رہتے ہوئے دل میں صرف اسی کرب کا احساس ہو گا کہ وہ بے گھر ہے لیکن اس چھت کے نیچے رہ کر لمحہ لمحہ دہشت کا اسیر ہو کر تو نہیں جئے گا۔ ان سب باتوں سے گھبرا کر اس نے ایک فیصلہ کر لیا کہ اسے یہ گھر چھوڑ دینا چاہیئے۔ جب تک کوئی دوسرا انتظام نہیں ہو جاتا بھلے اسے بے گھر رہنا پڑے گا لیکن وہ اس دہشت و عذاب سے تو بچا رہے گا۔ وہ مگن بھائی کے پاس گیا اور اس سے صاف کہہ دیا۔ ” میرا ڈپازٹ واپس کر دیجئے۔ مجھے آپ کا کمرہ نہیں چاہیئے۔ “
“ارے کیسے واپس کرے گا۔ ہمارا گیارہ مہینے کا ایگریمینٹ ہوا ہے اس لئے تم گیارہ مہینے سے پہلے وہ کمرہ خالی نہیں کر سکتا۔
“تم گیارہ مہینے کی بات کرتے ہو۔ میں اس جگہ ایک لمحہ بھی نہیں رہ سکتا۔ اپنی پوری چال شراب ، جوئے ، منشیات اور طوائفوں کے اڈے چلانے والوں کو کرائے پر دی ہے اور اس جگہ مجھ سے شریف آدمی کو بھی دھوکے سے کرائے پر رکھا۔ تمہیں ایسا ذلیل کام کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ میرے بجائے کسی شراب ، جوئے ، منشیات اور جسم فروشی کا دھندہ کرنے والے کو کرائے پر دے دیتے۔ “
“ارے بھائی ! ان لوگوں کو میں نے کمرے کرائے سے کہاں دئے ہیں۔ میں نے وہاں چال بنائی تھی اور اس لالچ میں کمرے نہیں دئے تھے کہ مجھے زیادہ ڈپازٹ اور کرایہ ملے گا۔ وہ غنڈے بدمعاش لوگ تالہ توڑ کر ان کمروں میں گھس آئے ہیں اور اپنے کالے دھندے کرنے لگے۔ میں نے صرف ایک شریف آدمی کو ایک کمرہ کرائے سے دیا تھا جو کچھ دنوں قبل وہاں کے ماحول سے ڈر کر بھاگ گیا۔ اس کمرے پر بھی غنڈے قبضہ نہ کر لیں اس لئے میں نے وہ کمرہ تمہیں کرائے پر دے دیا۔ اب تم اسے خالی کرنے کی بات کرتے ہو۔ ارے بابا جاؤ وہ کمرہ میں نے تمہیں دے دیا۔ ہمیشہ کے لئے دے دیا۔ مجھے کرایہ بھی مت دو۔ تم وہ کمرہ چھوڑ دو گے اور میں تمہیں ڈپازٹ واپس کر دوں گا تو اس کمرے پر کوئی بھی غنڈہ قبضہ کر لے گا۔ مگن بھائی کی بات سن کر اس کا غصہ ٹھنڈا ہوا۔ اسے لگا مگن بھائی تو اس سے زیادہ مظلوم ہے۔ ” مگن بھائی ! غنڈوں نے تمہاری پوری چال پر قبضہ کر لیا اور تم نے پولس میں شکایت بھی نہیں کی ؟“
“شکایت کر کے کیا مجھے اپنی زندگی گنوانی ہے۔ وہ سب غنڈے لوگ ہیں ان کے منہ کون لگے گا۔ پولس ان کا کچھ نہیں بگاڑے گی۔ پولس ان سے ملی ہوئی ہے۔ شکایت پر تھوڑی دیر کے لئے ان کو اندر کرے گی وہ پھر آزاد ہو کر میری جان کے دشمن بن جائیں گے۔ اس لئے میں نے یہ سوچ لیا کہ وہ میری چال ہے ہی نہیں۔ یہ سمجھ لیا کہ مجھے بزنس میں گھاٹا ہو گیا۔ دیکھو اگر تم وہاں رہنا نہیں چاہتے تو کسی سے بھی اپنی ڈپازٹ کی رقم ڈپازٹ کے طور پر لے کر وہ کمرہ اسے دے دو۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ میں اسے بھی بنا کرائے کا قرار نامہ بنا کر دے دوں گا۔ ” مگن بھائی کی باتیں سن کر وہ چپ چاپ واپس آگیا۔
اس رات اسے رات بھر نیند نہیں آئی۔ اس کے سامنے ایک ہی سوال تھا۔ وہ وہاں رہے یا چلا جائے ؟ فی الحال تو ایسی صورتِ حال تھی۔ وہ اس جگہ سے کہیں جا نہیں سکتا تھا۔ وہاں رہنا ایک عذاب تھا۔ لیکن وہ اتنا بھی بزدل ڈرپوک نہیں تھا کہ اس عذاب سے ڈر کر فرار کی راہ اختیار کر لے۔ ہر طرح کی صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لئے اس نے خود کو تیار کر لیا تھا۔ اسے صرف رات میں ہی تو ان ذہنی کربوں کو جھیلنا پڑتا تھا۔ دن میں تو وہ آفس میں رہتا تھا۔ دن میں وہاں کیا ہوتا ہے یا جو کچھ ہوتا تھا ان سب باتوں کے سامنے وہ نہیں ہوتا تھا۔ لیکن رات گھر آنے پر دن میں جو کچھ ہوتا تھا وہ ساری کہانی اسے معلوم پڑ جاتی تھی۔
دو شرابیوں نے اوشا کو چھیڑا ،ایک غنڈے نے اشوک کی بیوی لکشمی کی عزت لوٹنے کی کوشش کی۔ غنڈوں میں جم کر مار پیٹ ہوئی تو کئی زخمی ہوئے اور پورا کمرہ تہس نہس ہو گیا۔ آج غنڈوں کے ٹکراؤ میں پستول چل پڑی ،گولی سے کوئی غنڈہ تو زخمی نہیں ہوا لیکن سامنے رہنے والے لکشمن کے دس سالہ لڑکے کو گولی لگ گئی اسے اسپتال لے جایا گیا اب اس کی حالت بہت نازک ہے۔
جو لوگ اسے یہ کہانیاں سناتے وہ ان پر برس پڑتا تھا۔ ” کب تک تم لوگ یہ سب برداشت کرتے رہو گے۔ تم لوگ شریف ہو۔ یہ محلہ شریفوں کا ہے اور غنڈوں نے اس محلے پر قبضہ کر کے اسے شریفوں کے رہنے کے لائق نہیں رکھا۔ اگر تم چپ رہے اور چپ چاپ سب برداشت کرتے رہے تو تم لوگوں کے ساتھ بھی یہی ہو گا اور ہمیشہ ہوتا رہے گا۔ اگر اس سے نجات حاصل کرنی ہو تو اس کے خلاف احتجاج کرو۔ غنڈوں بدمعاشوں کے خلاف متحد ہو جاؤ اور جو کچھ یہاں ہو رہا ہے اس کے خلاف پولس میں شکایت کرو۔ تمہاری شکایت پر پولس کو کاروائی کرنی ہی پڑے گی اور یہ سب کچھ رک جائے گا۔ “
“معین بھائی ! ہم یہ نہیں کر سکتے۔ ” اس کی باتیں سن کر وہ سہم گئے۔ ” اگر ہم نے ایسا کیا تو ممکن ہے پولس کاروائی کرے۔ لیکن وہ زیادہ دنوں تک غنڈوں کو لاک اپ میں نہیں رکھ سکے گی۔ شکایت کرنے پر وہ لوگ ہمارے دشمن ہو جائیں گے۔ اور آزاد ہوتے ہی ہم سے بدلہ ضرور لیں گے۔ اس لئے ہم سوچتے ہیں ان غنڈوں سے کیا الجھا جائے۔ جو کچھ ہو رہا ہے چپ چاپ برداشت کرنے میں ہی عافیت ہے۔ “
“یہی تو آپ لوگوں کی کمزوری ہے۔ احتجاج کی ہمت اور جرأت نہیں ہے جس سے غنڈوں کی جرأت بڑھتی جاتی ہے۔ احتجاج نہیں کر سکتے ،سب کچھ غلط بات برداشت کر سکتے ہیں ؟ ” وہ غصے سے بولا۔ ” اگر میرے ساتھ ایک دن بھی ایسا کچھ ہوا تو میں بالکل برداشت نہیں کروں گا۔ جو میرے ساتھ ایسی ویسی حرکت کرے گا ،اسے مزہ چکھا دوں گا۔ ” دوسرے دن وہ شام کو آفس سے آیا تو اسے چار پانچ آدمیوں نے گھیر لیا۔ ان کی صورت و شکل ہی ظاہر کر رہی تھی کہ وہ غنڈے ہیں۔
“اے بابو ! کیوں بہت لیڈر بننے کی کوشش کر رہا ہے ؟ ہم لوگوں کے خلاف بستی والوں کو بھڑکا رہا ہے۔ تُو نیا نیا ہے اس لئے تجھے ہماری طاقت کا اندازہ نہیں ہے۔ یہ لوگ پرانے ہیں اس لئے ان لوگوں کو ہماری طاقت معلوم ہے۔ اس لئے یہ کبھی ہم سے نہیں الجھیں گے۔ اگر یہاں رہنا ہے تو خیریت اسی میں ہے کہ تم بھی پرانے بن جاؤ۔ ہماری طاقت جان جاؤ اور ہم سے مت الجھو۔ جیسا چل رہا ہے چلنے دو ،جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہونے دو۔ ” ایک غنڈہ اسے گھورتا ہوا بولا۔
“دادا ! یہ باتوں سے نہیں مانے گا۔ ایک دو ہڈی پسلی ٹوٹے گی تو ساری لیڈری بھول جائے گا۔ اسے ابھی مزہ چکھاتا ہوں۔ ” ایک غنڈے نے یہ کہتے ہوئے اپنی ہاکی اسٹک ہوا میں لہرائی۔
“نہیں ! آج کے لئے اتنی وارننگ کافی ہے۔ ” اس غنڈے نے ہاکی والے کو روک دیا۔ ” اس کے بعد اس نے ہوشیاری کی تو میری طرف سے اس کی اور دو چار ہڈیاں توڑ دینا۔ ” یہ کہتا ہوا وہ سب کو لے کر چل دیا۔
وہ سناٹے میں آگیا۔ اس کا سارا جسم پسینے میں شرابور ہو گیا۔ اسے ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے کئی ہاکی اسٹک اس کے جسم سے ٹکرائی ہیں۔ اور اس کا جسم درد کا پھوڑا بنا ہوا ہے۔ اسے رات بھر نیند نہیں آئی۔ آنکھوں کے سامنے غنڈوں کے چہرے گھومتے اور کانوں میں ان کی وارننگ گونجتی رہی۔ اگر آج وہ غنڈے ہاتھ اٹھا دیتے تو ،وہ کس طرح ان سے اپنا بچاؤ کر پاتا ؟
اس کے ذہن میں ایک ہی بات چکرا رہی تھی۔ جو آج ٹل گیا ہے وہ کل بھی ہو سکتا ہے۔ اس سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے۔ چپ چاپ آنکھیں بند کر کے وہ یہاں رہے اور جو کچھ ہو رہا ہے اس سے لا تعلق بن جائے تو اسے کبھی کوئی خطرہ نہیں ہو گا۔ لیکن وہاں رہنا بھی کسی جہنم میں رہنے سے کم نہیں تھا۔
آئے دن غنڈوں کے جھگڑے ، فساد ، شرابی ، نشہ باز ، جواری اور بدکار لوگوں کا بے دھڑک گھر میں گھس آنا یا بدتمیزی سے دروازہ پیٹنا ، پولس کے ریڈ الرٹ ،ریٹ میں غنڈے بدمعاشوں کا تو نکل بھاگنا اور شریفوں کا پکڑا جانا۔ بات بات پر چاقو چھریوں کا چلنا ، آس پاس رہنے والوں کی بیویوں ، ماؤں ، بہنوں سے غنڈوں اور وہاں آنے والوں کی بدتمیزیاں۔
وہ سوچنے لگا کہ کسی کو یہ کمرہ ڈپازٹ پر دے کر اس سے اپنی رقم لے کر اس جہنم سے نکل جائے۔ لیکن پھر سوچتا کہ وہ اکیلا اس جہنم میں رہ سکتا ہے لیکن کوئی شریف بال بچے اور فیملی والے شخص کو اس جہنم میں ڈالنا کیا مناسب ہو گا ؟ اس کا ضمیر اس بات کے لئے راضی نہیں ہو پاتا تھا اور اسے اس جہنم میں رہنے کے لئے خود سے سمجھوتہ کرنا پڑا۔
٭٭٭