جہاں میں جس قدر بھی دلکشی ہے یا رسول اللہ
یہ تیری سادگی کی سادگی ہے یارسول اللہ
ہماری زندگی پہ درد کے سائے نہیں اُترے
تیری رحمت کی اتنی روشنی ہے یارسول اللہ
ابھی تک اِک پیالہ، ایک چٹائی ، چارپائی کی
جہاں کی سب سے عمدہ زندگی ہے یارسول اللہ
پرندے آرزُو کے چہچاتے ہیں تیرے دم سے
دُعا کی شاخ یہ اب تک ہری ہے یارسول اللہ
یہ تیرے شہرکی ٹھنڈی ہوا کا ، کارنامہ ہے
جہاں میں جس قدر بھی تازگی ہے یارسول اللہ
ہمارے جسم پہ کم خواب کے ریشم نہیں پھیلے
ہمیں تو سادگی اچھی لگی ہے یارسول اللہ
طرب کی نغمگی ، چھائوں سکوں کی ، خُلد کی چابی
ہمیں ہر شے تیرے درسے ملی ہے یارسول اللہ
تیرے گنبد کی گہری سبز کرنوں پر فدا ہوکر
قمر کی چاندنی پتھرا گئی ہے یارسول اللہ
ہمارے دل کی مہکی انجمن کی نعت گودھڑکن
ازل سے ایک مصرع گا رہی ہے یارسول اللہ
تیرے راکب کی نظروں میں تیرے گیسوں کی پر چھائیں
حقیقت میںبہار دائمی ہے یارسول اللہ