چھے جولائی 2017ء کی صبح دائمی مفارقت دینے والے اپنے نو جوان بیٹے سجاد حسین کے نام۔تم نے میرے کتب خانے میں بکھرے اورا ق کے پلندے سے یہ مضامین تلاش کیے،کمپیوٹر پر کمپوزکیے اور اِن کی طباعت کی تمنا اپنے دِل میں لیے اچانک عدم کی بے کراں وادیوںکی جانب کُوچ کر گئے ۔ہمارے خواب آہ و فغاں کرتے ہیں کہ اجل کے بے رحم ہاتھوںنے مرکزِ تعبیر ہی چھین لیا۔مضامین کی یہ تصویر دیکھ کر دِل تھام لیا کہ صاحبِ تصویر تو دائمی مفارقت دے گیا ۔تمھارے جانے کے بعدفضا میں سمے کے سم کے ثمر عجب گُل کھلایا کہ آب ِ رواں نے شعلۂ جوالا کی صورت اختیار کر لی اور آستین کے سانپ پھنکارنے لگے۔اس عالم میں میرا کوئی پرسان ِ حال نہیں ۔اللہ کریم تمھیں جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ہم الم نصیب جگر فگاروں کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ میری بہو کا بھیس بنا کر آنے والی طالبہ تمھارا کمپوز کیا ہوا ’’دکنی زبان اور موجودہ اردو زبان کے افعال کا تقابلی مطالعہ‘‘ سرقہ کر کے اپنے حقیقی رُوپ میں سامنے آ گئی ہے۔ میری تدریسی زندگی کے وہ تمام نوٹس جنھیں تم نے دن رات ایک کر کے اپنے لیپ ٹاپ اور یو ایس بی میں محفوط کیا تمھارے سوئے عدم جاتے ہی میری بہو کا بھیس بنا کر آنے والی چربہ ساز سارق نے ہاتھ کی صفائی دکھا کر غائب کر دئیے ۔ فصلی بٹیرے دانہ چُگ کر اُڑ گئے ہیں اس کے باوجودبیش تر مواد ہمیں گوگل ڈرائیو سے مِل گیاہے ۔ تمھارے بعد عجیب زمانہ دیکھا ہے پور ی فضا مسموم ہے اور آبِ رواں نے شعلہ ٔ جوالا کی صورت اختیار کر لی ہے ۔میر ی دعا ہے اللہ کریم تمھیں جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ہمیں صبر جمیل عطا فرمائے ۔
فقیر
غلام شبیر
آہٹ سی کوئی آ ئے تو لگتا ہے کہ تم ہو
سایہ کوئی لہرائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
صندل سی مہکتی ہوئی پُر کیف ہوا کا
جھونکا کوئی ٹکرائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
اوڑھے ہوئے تاروں کی چمکتی ہوئی چادر
ندی کوئی بَل کھائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
جاںنثار اختر (1914-1976)