مراق Hypochondriasis (ہائپو کانڈرائیس)
تعریف: اس مرض میں مریض کے دماغی حواس صیحح نہیں رہتے۔ ہر وقت سست، متفکر اور نودی کے خیالات میں مست رہتا ہے۔
وجوہات: اصل یہ بھی مالیخولیا کی ایک قسم ہے۔ مالیخولیا کے اسباب سے پیدا ہوتی ہے۔
تشخیص و علامات: مالیخولیا کے مریض کی تمام علامات اس میں موجود ہوتی ہیں۔ مریض کاہل سست، متفکر، خودپسند اور ہر ایک بات کو بڑھا چڑھا کر مبالغہ سے بیان کرتا ہے۔ مرض کے زیادہ ہو جانے کی صورت میں تنہائی پسند ہو جاتا ہے اور اپنے خیالات میں مگن رہتا ہے۔
علاج: اصل سبب مرض کو معلوم کر کے رفع کریں۔ قبض کا خاص خیال رکھیں اگر خون کی زیادتی ہو تو فصد بھی کر سکتے ہیں۔
کبدون: ایکٹریکٹ ٹریکے سائی ۳۰ منم، ٹنکچرجنشن ۳۰ منم، ایسڈ ہائیڈرو نائٹروکلورک ڈل۱۰ منم، ٹنکچرنکس دامیکا ۱۰ منم، ایکوا نتھاپپ ۱ اونس۔
ایسی ایک ایک خوراک دن میں تین بار دیں بعد از غذا۔ یہ نسخہ معدہ اور جگر کی کمزوری اور مراق کے لیے بے حد مفید و مجرب ہے۔
حب مراق: کچلہ مدبر ۱ تولہ، رب افسنتین رومی ۲ تولہ، شہد میں حبوب نخودی تیار کریں۔
مقدار خوراک: دو گولی کھانا کھانے کے بعد پانی کے ساتھ کھلائیں۔ یہ دوا مراق، تبخیر اور ضعف ہضم مزمن کی وجہ سے غیر طبعی علامات وہم فکر اور پریشان خیالات کے لیے بے حد مفید و مجرب ہے۔
اس مرض میں ماءالجبن بھی بے حد مفید و مجرب ہے۔
ماءالجبن بنانے کا طریقہ: سرخ یا کالے رنگ کی تندرست اور جوان بکری جس نے ابھی دو بچے جنے ہوں اور بچہ پیدا ہوئے ابھی دو ماہ گذرے ہوں۔ اس کو تقریباً ایک ہفتہ دھنیا، شاہترہ، کاسنی، سونف، خرفہ اور دوسری سرد سبزیاں کھلائی جائیں۔ اس بکری کا تازہ دودھ لے کر ایک قلعی دار برتن میں ڈالیں، نرم آنچ پر دو تین جوش دیں اور پورے جوش کے وقت آب لیموں کاغذی ۲ تولہ دودھ میں ڈالیں۔ ابخیر کی تازہ لکڑی یا چمچہ سے دودھ کو ہلاتے رہیں۔ حتّی کہ دودھ پھٹ جائے۔ پھر چُولہے سے اتار لیں، تین تہ کی صافی سے اس کا پانی ٹپکائیں۔ اس پانی کو سات تولہ سے شروع کریں اور روزانہ ایک تولہ اضافہ کرتے جائیں۔ جب آدھ سیر تک پہنچ جائیں، پھر بدستور ایک تولہ روزانہ گھٹاتے جائیں اور سات تولہ پر آ کر اس مقدار کو تین دن استعمال کر کے چھوڑ دیں، یاد رہے کہ ماءالجبن کے دوران بھی بکری کو سرد سبزیاں کھلائیں۔ مراق، سودا، مالیخولیا کے لیے قدیم مجرب علاج ہے۔