دل آرام ریسٹورنٹ کے باہر جب پہلی مرتبہ میری نظر اُس پر پڑی تو میں نے اُسے کوئی اہمیت نہیں دی تھی۔ ۔ ۔ مگر جب وہ اکثر شام کے بعد وہاں دکھائی دینے لگا تو میں نے ایک دن اُس سے پوچھ ہی لیا۔
’’میں یہاں ہیرے فروخت کر نے آتا ہوں ‘‘
اُس کے اِس جواب سے میں شش در و متعجب ہو کر اُس کا منہ تکنے لگا۔ میری حیرتوں کو بھانپتے ہوئے اُس نے اپنے کندھے سے بوری اتاری اور گویا ہُوا
’’اِس طرح کیوں تک رہے ہو؟ ‘‘
اور پھر جلدی سے بوری کا منہ کھولا اور اُس سے درجنوں رنگ بہ رنگ پتھر نکال کر زمین پر پھیلا دیے۔ ایک گول مٹول سرخی مائل پتھر میری طرف بڑھاتے ہوئے کہنے لگا
’’یہ ملکہ الزبتھ دوم کے استعمال میں رہا ہے ، جب وہ آئینے کے سامنے جایا کرتی تھی تو یہ پتھر سنگھار میز پر موجود ہوتا۔ اس کی قیمت ایک لاکھ امریکن ڈالر ہے۔ ‘‘
سرمئی پتھر میرے ہاتھ میں تھماتے ہوئے کہا
’’براہم لنکن کو یہ موتی اُس کی اعلیٰ خدمات پیش نظر رکھتے ہوئے ایک امریکی سرمایہ کار جان ای ایگر نے تحفہ میں دیا تھا؛ اس کی قیمت پچپن لاکھ امریکن ڈالر ہے۔ ، ،
بادامی رنگ کے چھوٹے سے پتھر کو دکھاتے ہوئے اس نے کہا کہ
’’یہ محبت کی نشانی ہے۔ ۔ ۔ ویسے تو اربوں ڈالر بھی اگر مجھے کوئی دے تو میں اسے نہ دوں۔ ۔ ۔ مگر میرا کاروبار اس نوعیت کا ہے کہ میں اسے زیادہ دیر تک اپنے پاس نہیں رکھ سکتا؛ یہ دو کروڑ ڈالر کا ہے۔ لیڈی ڈیانا کو اس کے آخری عاشق دودی الفائد نے محبت کے آخری تحفے کے طور پر دیا تھا۔ جب ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تو وہاں موجود ایک شخص نے اِسے اُٹھا لیا تھا۔ ‘‘
نہ جانے کتنے اور موتی اور ہیرے اس کی بوری میں تھے۔ ۔ ۔ جو کئی نام ور ہستیوں کے زیر استعمال رہ چکے تھے۔ میں نے اس سے پوچھا
’’یہ موتی کون خریدتا ہے ؟ ‘‘
تو اس نے بتایا
’’یہاں کورین، چائنیز، ملائشینز ، جرمنز اور عریبک لوگ آتے رہتے ہیں۔ میرا زیادہ کاروبار ان سے رہتا ہے ، تاہم بعض اوقات کوئی پاکستانی تاجر بھی مال اُٹھا لیتا ہے ، لیکن میں اِن سے زیادہ تجارت اِس لیے بھی نہیں کرتا کہ یہ لین دین ٹھیک نہیں کر تے۔ چھ ماہ پہلے کراچی کے ایک تاجر کو ڈیڑھ ارب ڈالر کے ہیرے دیے تھے۔ ۔ ۔ اُس نے ایک ماہ کے اندر رقم دینے کا وعدہ کیا تھا، مگر تا حال رقم نہیں آئی۔ ‘‘
یہ کہتے ہوئے وہ انتہائی تیزی سے ہوٹل کی طرف دوڑا۔ ۔ ۔
٭٭٭
صحیح نام اس کا غالباً عبد الشکور ہے۔ ۔ ۔ لیکن لوگوں میں وہ کئی ناموں سے مشہور ہے۔ کچھ نام اس نے خود چُنے تھے اور بعض اس کے القابات اور خطابات شمار کیے جا سکتے ہیں۔ ایک زمانے میں وہ ’’شِکر ا‘‘ کے نام سے شہرت کو پہنچا۔ ۔ ۔ یہ اس کا اپنا رکھا ہوا نام ہے۔ پھر وہ ’’دو نمبر‘‘ کے نام سے جانا گیا۔ یہ نام اُسے ان لوگوں نے دیاجو اس کے ’’کاروبار‘‘ کو جعلی سمجھتے ہیں۔ کچھ لوگ ’’آن وڑئی اوئے ‘‘ (*) کہہ کر بھی اُسے مخاطب کر تے ہیں۔ جس کے جواب میں اس کے منہ سے پھول جھڑنا شروع ہو جاتے ہیں۔ ۔ ۔ اور وہ ہیرے جن کی مالیت اربوں سے زیادہ ہوتی ہے مخاطب کی جانب برسنا شروع ہو جاتے ہیں۔ اپنی توہین شکر ے سے کبھی برداشت نہیں ہو پاتی ، بھلے اس کا اربوں میں نقصان ہو جائے۔ پھینکے ہوئے ہیروں کو دوبارہ سمیٹنے کے بعد بیس کلو سے زیادہ وزن دار بوری کاندھے پر اُٹھا کر کسی اور جانب چل پڑے گا۔
میں نے جب ہوش سنبھالا تو وہ اس شہر میں موجود تھا۔ اُس وقت یہ حالت نہیں تھی اُس کی۔ 1986ء میں ایک مرتبہ اس نے بتایا تھا کہ وہ سائیکل پر دو مرتبہ تین ہزار کلو میٹر فاصلہ طے کر کے کراچی گیا اور آیا ہے۔ تن سازی کے مقابلوں میں بھی حصہ لیتا رہا۔ جس وقت مجھے یہ بتا رہا تھا اُس وقت وہ اپنے موٹر سائیکل کو رکشا میں تبدیل کر رہا تھا۔ رکشا جب تیار ہوا تو وہ بڑے فخر سے شہر میں اُسے پھراتا رہا۔ ۔ ۔ کیوں کہ اس کی بناوٹ میں استعمال ہونے والے پرزے اس کی اپنی انجینئرنگ کا نتیجہ تھے۔ دوسری بات یہ بھی تھی کہ وہ اس شہر کا پہلا رکشا تھا۔ رکشا کی تکمیل کے بعد اُس نے خواہش ظاہر کی تھی۔
’’اگر میرے پاس وسائل ہوتے تو میں بڑے پیمانے پر رکشا سازی کا کام شروع کر تا۔ ‘‘ دیکھنے والوں نے دیکھا کہ ’’شکر ا‘‘ دن بھر میلوں کی مسافت طے کر کے رکشا پر آئس کر یم ، اچار اور دیگر کئی چیزیں بیچا کر تا۔ پھر یوں ہوا کہ اس کی موٹرسائیکل خراب رہنے لگی۔ ۔ ۔ اور آخرکار اس نے موٹرسائیکل بیچ کر گدھا خرید لیا۔ موٹرسائیکل کے پیچھے باندھی گئی گاڑی کو اس نے موٹرسائیکل سے جدا کر دیا تھا۔ ۔ ۔ پھروہی گاڑی اس کے گدھے کے کام آئی۔ یعنی رکشا ، چاند گاڑی میں بدل گیا۔ میں بتا چکا ہوں کہ شِکرا میلوں پھرنے کا عادی تھا اور گدھے کے لیے یہ مسافت ناقابل برداشت تھی۔ ۔ ۔ اس لیے وہ جلد ہی اسے چھوڑ گیا۔ بس یہی دن تھے جو اسے معاشرے کی ٹھوکروں پر چھوڑ گئے۔ شروع میں وہ تفننِ طبع کے لیے اپنی ذات کے حوالے سے بھی مزاح کرتا تھا۔ لوگ سن کر خوش ہو جاتے اور اسے چائے۔ ۔ ۔ سگریٹ پیش کر تے۔ پھر لوگوں نے اسے مذاق کا نشانہ بنانا معمول بنا لیا۔ اور اب تو چھوٹے بڑے نے اس کی وہ خبر لی تھی کہ وہ خود سے بے خبر ہو گیا۔ اس کی حالت یہ ہے کہ وہ نصف من پتھروں کو ہیرے سمجھ کر دن بھر کاندھے پر اٹھائے پھرتا ہے۔ ۔ ۔ اور رات کو ان کو اپنے پہلو میں دبا کر سوتا ہے۔
کئی برس گزر گئے۔ ۔ ۔ شکر ے سے متعلق باتیں ہوا میں تحلیل ہونے لگیں۔ ۔ ۔ لوگوں کی دل چسپیاں بدلنے لگیں۔ ۔ ۔ ماحول میں تبدیلی آئی۔ میں اپنے ایک دوست کے ساتھ دل آرام ریسٹورنٹ کے باہر پڑی کر سیوں پر بیٹھا ہوں۔ ۔ ۔ دفعتاً دو نمبر آ جا تا ہے۔ ۔ ۔ اب اس کی حالت انتہائی قابل رحم ہے۔ چوکور میز کے ایک کونے پر پیر جما کر کہتا ہے
’’مال چاہیے۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
میں اُسے اس کے پرانے حال میں سمجھتے ہوئے کہتا ہوں
’’کیا جارج ڈبلیو بش سے ڈیل نہیں ہوئی۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
وہ اپنے ایک ہاتھ کو دوسرے پر تالی کے سے انداز میں مارتے ہوئے بہ آواز بلند قہقہہ لگاتا ہے۔ ۔ ۔ تو سب لوگ ہماری طرف متوجہ ہو جاتے ہیں۔ قدرے توقف کے بعد کہنے لگتا ہے
’’جناب۔ ۔ ۔ ! وہ پرانی باتیں ہیں۔ ۔ ۔ اب اور مال بکتا ہے ‘‘
’’اب کون سا مال بکتا ہے۔ ۔ ۔ شکر یا؟ ‘‘میں نے دل چسپی سے پوچھا
’’شراب۔ ۔ ۔ افیون۔ ۔ ۔ ہیروئن۔ ۔ ۔ چرس۔ ۔ ۔ نن باؤ۔ ۔ ۔ ویاگرا۔ ۔ ۔ ‘‘
دو نمبر کے اس انکشاف سے میں چونک سا گیا۔ ۔ ۔ اب وہ مجھے حقیقتاً دو نمبر محسوس ہو رہا تھا۔ ۔ ۔ میں نے سوچا شاید اس نے پاگل پن کا بہروپ بھر رکھا ہے اور وہ اس انداز سے اپنا گھٹیا کام کرتا چلا آ رہا ہے۔ مجھ سے رہا نہ گیا تو میں نے پوچھا
’’تم بیچتے ہو یہ سب چیزیں۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
وہ پھر کھلکھلا کر ہنسا اور اُسی انداز سے اپنے ایک ہاتھ پر دوسرا ہاتھ مارا۔ ۔ ۔ کہنے لگا
’’میں کہاں بیچتا ہوں۔ ۔ ۔ چودھری صاحب، رانا صاحب، میاں صاحب اور شیخ صاحب بیچتے ہیں ‘‘
’’کیا وہ خود بیچتے ہیں۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
’’بھلا خود کیوں بیچیں گے ؟ کیا وہ شرفا نہیں ہیں ؟ ‘‘
’’تو کون بیچتا ہے پھر۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
’’پیپا۔ ۔ ۔ لاٹو۔ ۔ ۔ سوہنا۔ ۔ ۔ مندری۔ ۔ ۔ بجنس۔ ۔ ۔ کارتوس۔ ۔ ۔ ‘‘
وہ خاموش ہوتا ہے اور پھر ٹکٹکی باندھے مجھے دیکھتا ہے۔ ۔ ۔ جیسے مجھے سننا چاہتا ہو۔ میں پھر اُس سے سوال کرتا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
’’تم کیا بیچتے ہو۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
’’میں۔ ۔ ۔ میں تو آئینے بیچتا ہوں۔ ۔ ۔ آنکھیں بیچتا ہوں اور آنکھوں کے موتی بیچتا ہوں۔ ۔ ۔ لفظوں کے ہیرے بیچتا ہوں۔ ‘‘
٭٭٭