ہوا
یہ شُوکتی‘ پھنکارتی ناگن ہوا
برہم ہوئی
بل کھاکے جب پلٹی
تو آنچل سرسے ڈھلکا
زہر اس کا
کانچ کی ان چوڑیوں تک بھی
اتر آیا، جو پہنی ہی نہ تھیں
برہم ہوا ڈائن بنی
جب خواب جو دیکھے تھے
جن کا دیکھنا باقی تھا
سارے ٹوٹ کر بکھرے
سرابوں میں بھٹک کر رہ گئے
ڈائن ہوا تب اک بگولہ
بن کے سب کچھ لے گئی
ظالم ہواناگن بھی ہے
ڈائن بھی ہے
جوشُوکتے پھنکارتے
اندھے بگولوں سے
ہمارے یوسفوں کی زندگی کی
روشنی کو چاٹتی جائے
مگر ٹھہرو!
ذرا تم دل کے دریا میں
اُتر کر اپنی نَم آنکھوں سے
تھوڑا مسکراؤ اور پھر دیکھو
ہمارے رُوٹھنے والے
بھلا کب ہم سے بچھڑے ہیں
بچھڑتے ہی نہیں، اپنے جو ہیں
وہ تو فقط باہر کی دنیا سے
سفر کرکے
ہمارے دل کے بہتے پانیوں
میں آن بستے ہیں
بتائے ہی بِنا
جب ان کا جی چاہے
ہماری بے کلی کے منظروں کو
خود ہماری آنکھ کے اندر سے
تکتے ہیں
رُلاتے ہیں ہمیں اور آپ ہنستے ہیں
یا شاید خود بھی روتے ہیں!
ذرا پھر دل کے دریا میں اُتر کر
اپنی نَم آنکھوں سے تھوڑا مسکراؤ
اور پھر سوچو!
زمیں، پانی، فضاؤں تک
جہاں بھی زندگی ہے
اس ہوا کی حکمرانی ہے
ہوانہ ہواگر تو زندگی معدوم ہوجائے
نہ پھر یہ دل کے دریاہوں کہ جن میں
روٹھنے والے
مسافت کو ادھورا چھوڑکر
خود آن بستے ہیں
جہاں ان کی حَسیں یادوں کے سب منظر مہکتے ہیں
ہوا ناگن سہی، ڈائن سہی، لیکن
ہوا تو زندگی بھی ہے!