(Last Updated On: )
اب تو ایسا وصال دے یا رب
جان مُردے میں ڈال دے یا رب
میرا ظاہر حسیں بنایا ہے
میرا باطن اُجال دے یا رب
جس کی خوشبو سے تن بدن مہکے
اِتنا اعلیٰ خیال دے یا رب
ایسا کردار تُو عطا کر دے
ایک دنیا مثال دے یا رب
ایک فکرِ رسا عطا کر کے
اس کو لفظوں میں ڈھال دے یا رب
جس پہ تازہ گلاب کھلتے ہوں
ایسی شاخِ نہال دے یا رب
جس میں حصہ ہو سب غریبوں کا
ایسے مال و منال دے یا رب
جو بھی سوچوں دعا میں ڈھل جائے
سوچ کو وہ کمال دے یا رب