(Last Updated On: )
مالک ہے تو ہی خالق و رب ِ جلیل ہے
دنیا جہاں کو پالنے والا کفیل ہے
اسم ِ گرامی تیرا مصور بھی ہے خدا
تصویر جو بنائی حسین وجمیل ہے
بچوں کی پرورش کا وسیلہ ہے آدمی
تیری عطائے ِ خاص ہے تیری سبیل ہے
وادی،چٹان،ریگ، سمندر کہ ہوں پہاڑ
ہر ہر کمالِ فن پہ وہ روشن دلیل ہے
تیرے وجود کو جو نہیں مانتا خدا
بیمار ہے وہ عقل کا، دل کا علیل ہے
لاریب لاشریک ہے! لاریب لاشریک
اے رب ِذوالجلال تو ہی بے عدیل ہے
جو شخص تیری راہ میں کرتا نہیں ہے خرچ
اسلام کی زباں میں وہ انسان بخیل ہے
جو شخص اپنے رب کی عبادت میں ہے مگن
اس کا خدا بھی حامی وناصر، وکیل ہے
جو حکم صدق دل سے ترا مان لے اے رب!
صورت سے وہ جمیل ہے، سیرت عقیل ہے
باقی کی عمر زیبیؔ! ثنا میں تو کر بسر
یہ ساٹھ سالہ عمر تو بے حد قلیل ہے
(بے عدیل ۔۔۔۔بے مثال بے نظیر )