ہفتوں پہلے کی بات ہے مسی ساگا ’’آگ اور حادثاتی خدمات‘‘ کینیڈا کے انسپکٹر کلارک سن جونسن نے ’’مینولا پبلک اسکول‘‘ کی پرنسپل ڈفنی ہووارڈ کے دفتر میں گریڈ4 کے طالبِ علم اینڈی فینگ کو دیکھا۔
کم سن اینڈی فینگ کے چہرے پر اتنی زبر دست اداسی تھی کہ اپنی معمول کی ’’فائر الارم چیکنگ‘‘کی ڈیوٹی پر اسکول پہنچے ہوئے کلارک سن جونسن کو غیرمعمولی طور پر متأثر کیے بغیر نہ رہ سکی۔
اینڈی کا چہرہ دھواں دھواں ہو رہا تھا۔
کلارک سن جونسن نے صورتِ حال معلوم کی تو پتا چلا کہ اینڈی کی بائیک اسکول کے بائیک ریک سے گم ہوگئی ہے۔ جاتے جاتے اس نے پرنسپل ڈفنی ہووارڈ (Daphne Howard) سے یہ خواہش ظاہر کی کہ وہ لڑکے کی بائیک کے بارے میں یہ معلوم کرتے رہنا چاہتا ہے آیا گم شدہ بائیک مل جاتی ہے یا لڑکے اینڈی فینگ کو اس کے گھر والے پرانی بائیک کی جگہ نئی بائیک دلوا دیتے ہیں۔
اینڈی کی بائیک گم نہیں ہوئی تھی، بلکہ اسکول کے بائیک ریک سے چوری ہوگئی تھی۔ اینڈی فینگ کے گھر والوں نے اسے نئی بائیک نہیں دلوائی تھی۔ کلارک سن جونسن نے فیصلہ کیا کہ اب مزید انتظار کیے بغیر کچھ کرنا چاہیے۔ اس نے اپنے ’’فائر فائٹر‘‘ ساتھیوں سے اینڈی فینگ کی بائیک کے چوری کیے جانے کی بات کی اور یہ بھی بتایا کہ لڑکے کا غم زدہ چہرہ اس کی آنکھوں سے دور نہیں ہوتا۔
کلارک سن جونسن اور اس کے ساتھیوں کے لیے اینڈی فینگ کا یہ مسئلہ ان کے پیشہ ورانہ مسائل سے مختلف تھا۔ کہاں اپنی جانوں کی بازی لگا کر آگ کے شعلوں سے لڑنا، دوسروں کی جانوں اور ان کی ملکیتوں کو بچانے کے لیے اور کہاں ایک کم سن لڑکے کے چہرے پر خو شیاں واپس لانا۔
ایک معمول سے ہٹاہوا قطعی انو کھا تجربہ تھا، لیکن تھا خوش آئند۔
اس مشورت اور رقم اکٹھا کرنے اور اینڈی کے لیے نئی بائیک، لاک، اور ہلمٹ خریدنے میں کوئی تین گھنٹے کی مدت اور چار سو ڈالر لگے۔
چھوٹی سی تقریب میں اینڈی فینگ کو یہ تحفہ پیش کیا گیا۔ اینڈی فینگ کے چہرے کو اس کی چمک دمک واپس مل گئی۔ اس تقریب میں فائر فائٹر گروپ کے چیف نے کہا، ’’میں بے حد خوش ہوں۔ اب تک لوگ ہمیں ’ہیروز‘ کہتے آئے ہیں۔ مجھے قوی امید ہے کہ آ ج کے بعد لوگ ہمیں ’گڈ گائیز‘ کہنے لگیں گے۔‘‘ ’ اچھا انسان‘ کہلایا جانا ہیرو کہلائے جانے سے بھی بڑا اعزاز ہے۔
’’فائر فائٹرس‘‘ کے اس غیر معمولی اقدام کی بھنک میڈیا کو مل گئی تھی۔
مینولا پبلک اسکول کی پرنسپل کی مرضی نہ تھی کہ ان کے اسکول کے بائیک ریک سے ایک بچے کی بائیک کا چوری ہوجانا میڈیا کے نوٹس میں آئے، لیکن ان کے ذہن کے کسی گوشے میں یہ خیال نہ آیا ہوگا کہ بائیک کے چوری ہو جانے میں ان کے اسکول کا نام اس طرح میڈیا کے سامنے آئے گا، اور جو کچھ بعد میں واقع ہوا ویسا ہونا بھی ممکن ہے۔
’’فائر فائٹرس‘‘ کی اس چھوٹی سی تقریب کا حال میڈیا میں پہنچا اور تقریب کے دوسرے ہی دن اینڈی فینگ کی بائیک اسکول کے بائیک ریک میں کھڑی مل گئی۔
عین ممکن ہے جس لڑکے نے اینڈی فینگ کی بائیک چرائی تھی اس نے بھی اچھا انسان بننے کا فیصلہ کیا ہو۔
ٹھہریے واقعات کا تسلسل اینڈی کی بائیک کی واپسی کے ساتھ ختم نہیں ہوا۔
بائیک کے واپس مل جانے کے بعد اینڈی اپنی پرانی بائیسکل پر اسکول پہنچا۔ آفس کی پرنسپل ڈفنی ہو وارڈ نے اسے اپنے آفس میں طلب کرکے پوچھا، ’’اینڈی تمھاری نئی بائیسکل کا کیا ہوا؟‘‘
’’جی میڈم۔ ممی نے نئی بائیسکل پڑوس کے ایک غریب خاندان کے لڑکے کو تحفے کے طور پر دے دی۔‘‘ اینڈی نے بڑے فخر سے جواب دیا۔ اس کا چہرہ چمک رہا تھا۔