باب چہارم
ناک کی بیماریاں
نکسیر Epistaxis (ایپی سٹیکسِس)
تعریف: اس مرض میں ناک سے خون جاری ہوتا ہے۔
وجوہات: ناک یا سر پر چوٹ آنا، دماغ میں خون کا جمع ہونا، شدید بخار کا ہونا، جگر میں اجتماع خون، دماغ کو گرمی پہنچنا، فشار خون، خرابی خون، تپ محرقہ، ملیریا، خسرہ اور حیض بند ہو جانا، بواسیر کا خون رک جانا، بچوں میں پیٹ کے کیڑے پڑنا وغیرہ اس کے اسباب ہیں۔ اور کبھی کسی مرض کے بحران سے بھی نکسیر پھوٹتی ہے۔ دموی مزاج آدمیوں کو گرمی یا بہار کے موسم میں بھی نکسیر آتی ہے۔
تشخیص و علامات: نکسیر آنے سے پہلے پیشانی پر بوجھ ہوا کرتا ہے۔ کبھی ایک نتھنے اور کبھی دونوں سے خون جاری ہو جاتا ہے۔ کبھی قطرہ قطرہ اور کبھی دھار بندھ ہو کر خون بہتا ہے۔
کبھی تھوڑی دیر کے لیے بند بھی ہو جاتا ہے۔ اور کبھی بہت دیر تک جاری رہتا ہے۔
علاج: جب نکسیر شروع ہو جائے۔ پیشانی، گردن اور پشت پر سرد پانی یا برف لگانی چاہیے۔ اگر شدید بخار، سخت درد سر اور دماغ میں اجتماع خون یا دموی اشخاص میں نکسیر پھوٹے، تو جب تک مریض ضعف اور کمزوری محسوس نہ کرے۔ اُس وقت تک نکسیر کو بند کرنے کی کوشش نہ کرنی چاہیے۔ کیونکہ یہ ان بیماریوں کا قدرتی علاج ہے۔
اگر مریض کمزور، بوڑھا اور عمر رسیدہ ہو۔ اور اُس کو نکسیر جاری ہو جائے۔ تو اُسے فوراً بند کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ مریض کے سر پر سرد پانی کی دھار ڈالیں۔ اور سر پر برف پھرائیں۔
اڈرینے لین ہائیڈروکلورائیڈ ہزار میں ایک طاقت کا لوشن لیکر اُس میں روئی کا پھایہ تر کر کے مریض کے جس نتھنے سے خون جاری ہو۔ ٹھونس دیں۔
اگر یہ نہ ملے تو ٹنکچر فیرائی پر کلورائیڈ (ٹنکچر سٹیل) کا پھایہ ناک میں داخل کریں۔
پھٹکڑی ۱۰ رتی ایک چھٹانک پانی میں حل کر کے ناک میں پچکاری کرنے سے بھی نکسیر بند ہو جاتی ہے۔ لیکن اڈرینے لین سب سے بہتر اور قوی حابس الدم ہے۔
رسل دا پٹرولیم ہزار میں ایک حصہ کا محلول لے کر اُس میں روئی تر کے کے ناک میں ٹھونس دیں۔ قوی حابس الدم ہے۔
(نوٹ): یہ دوا بوئس ڈرگ کمپنی کی تیارہ کردہ ہے۔
ہائیڈروجن پر آکسائیڈ میں روئی کی پھریری تر کر کے ناک میں لگانا بھی مفید اور موثر ہوتا ہے۔
نکسیر کے علاج میں ہمارا معمول
سب سے پہلے نکسیر کے مریض کے جس نتھنے سے خون جاری ہو۔ اُس میں ایڈرینے سلوشن کا پھایہ داخل کر دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد ایڈرینے لین ۱/۱۰۰ طاقت ایک سی سی کا جلدی انجکشن کر دیا جاتا ہے۔ اور خوردنی طور پر کیلسیم لکٹیٹ ۲۰ گرین فی خوراک دن میں چار خوراک کھانے کے لیے دی جاتی ہیں۔
ہر قسم کی نکسیر اور دیگر جریان خون بند کرنے کے لیے بہترین اور مجرب علاج ہے۔ اکثر اس علاج سے مریض تندرست ہو جاتے ہیں۔
اگر نکسیر زیادہ جاری ہو تو ایڈرینے لین انجکشن کرنے کے نصف گھنٹہ بعد ’’وٹامن کے‘‘ جس کا تجارتی نام کیپی لین ہے۔ ۲ سی سی کا عضلاتی انجکشن کر دیا جاتا ہے۔ اور ’’وٹامن کے‘‘ کی ایک ٹکیہ صبح، دوپہر اور شام کو کھلائی جاتی ہیں۔ ایک سن کے علاج سے نکسیر بند ہو جاتی ہے۔ یہ نکسیر بند کرنے کا فوری علاج ہے۔ جو کئی سال کا تجربہ شدہ ہے۔
بعض آدمیوں کو معمولی گرمی میں پھرنے سے نکسیر جاری ہو جاتی ہے۔ اُن کو چاہیے کہ کیلسیم لکٹیٹ ۱۵ گرین دن میں تین بار استعمال کریں۔ گرم چیزوں سے پرہیز کریں۔ ٹھنڈی ترکاریاں استعمال کریں۔ اس مرض سے نجات ہو جائے گی۔
دواء الدم: کافور خالص ۲ ماشہ، کندر، افیون، مرمکی سوختہ، شادنج ہر ایک ۹ ماشہ، کاغذ سوختہ، پھٹکڑی بریاں، مازو، گلنار، دم الاخوین ہر ایک ایک تولہ۔
جملہ ادویہ پیس کر گولیاں چنے کے برابر بنائیں، بوقت ضرورت گھس کر ناک میں ڈالیں۔ نکسیر کو فوراً بند کرتی ہے۔
نفوخ نکسیر: کتھ، پھٹکڑی بریاں، کاغذ جلا ہوا، تینوں ہموزن۔
باریک کر کے ذرا سی دوائی بطور نسوار چڑھائیں۔ خون نکسیر بند ہو جائے گا۔
کہرباشعی: کہرنا حسب ضرورت سفوف کریں، مقدار خوراک ایک ماشہ ہمراہ سرد پانی یا شربت انجبار دیں۔ ایک دو خوراکوں میں جاری خون خواہ کہیں سے آتا ہو، نیز کثرت حیض، بواسیر، زخم کا خون یا نکسیر وغیرہ فوراً بند ہو جاتی ہے۔ خون بند کرنے کے لیے طب یونانی کی مسلمہ دوا ہے۔
اگر نکسیر کسی طرح بھی بند نہ ہو تو ناک کے پیچھے سوراخوں میں پلگ کرنا پڑتا ہے۔ جو ایک تجربہ کار ڈاکٹر ہی کر سکتا ہے۔ بعض دفعہ بجلی سے خون نکلنے کے مقام جو جلا دیا جاتا ہے۔ پھر نکسیر ہمیشہ کے لیے بند ہو جاتی ہے۔
’’وٹامن کے‘‘ بھی خون کی انجمادی طاقت بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ مقدار استعمال ایک سی سی بذریعہ جلدی ٹیکہ روزانہ اور خوردنی طور پر دن میں چار گولیاں دیں۔ جریان خون خواہ جسم کے کسی حصہ سے ہو فوری فائدہ کرتا ہے۔
دوائے نکسیر: کشتہ صدف مردارید ۴ رتی، مربہ پیٹھا ۰۲ تولہ۔
ایسی ایک ایک خوراک دن میں دو بار کھلائیں۔ جن کو بار بار نکسیر کی عادت ہو ان کے لیے ایک ہفتہ کا استعمال بے حد مفید ہے۔
نکسیر کا انجکشن: کیلسیم گلوکونیٹ ۱۰ سی سی ۲۵ فی صدی کا دریدی انجکشن کریں۔ روزانہ ایک بار حتٰی کہ مرض بالکل رفع ہو جائے۔
یہ بھی نکسیر بند کرنے اور دیگر جریان خون کو روکنے کے لیے بہترین مجرب انجکشن ہے۔ خون کی رقت کو دور کر کے انجمادی طاقت کو بڑھاتا ہے۔
نکسیر کے مریض کو دھوپ میں چلنے، لکھنے، پڑھنے، آگ کے پاس بیٹھنے، گرم ترش اور تیل کی اشیاء سے پرہیز کرنا چاہیے۔
سرد اور ٹھنڈی ترکاریاں، تازہ، دودھ، ساگودانہ اور زود ہضم غذا دینی چاہیے۔
نکسیر کا چٹکلہ: گل ارمنی (گیرد) ۲ تولہ لے کر باریک پیس کر پانی ملا کر ماتھے پر لیپ کرنے سے بعض اوقات فوراً نکسیر بند ہو جاتی ہے۔
دیگر: کافور ۱ ماشہ، صندل سفید ۶ ماشہ، پانی میں پیس کر پیشانی پر ضماد کرنا نکسیر کے لیے مفید ہے۔
بعض اوقات شاذ و نادر نکسیر کے ایسے مریض بھی آتے ہیں جن کو نکسیر کی زیادتی کی وجہ سے ضعف قلب اور غشی شروع ہو جاتی ہے۔ اُن کے لیے کورامین ایک سی سی کا عضلاتی انجکشن کرنا بے حد مفید ہوتا ہے۔ اور کیلسین گلوکونیٹ ۱۰ سی سی ۲۰ فی صدی کا دریدی انجکشن بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
کوگولین (سیبا) ۵ سی سی یا ۱۰ سی سی کا عضلاتی انجکشن کرنا بھی نکسیر کو فوراً روکتا ہے۔اور اس کی پھریری تر کر کے نتھنے میں داخل کرنی چاہیے۔
ہیموپلاسٹین ایک سی سی کا عضلاتی انجکشن کرنا بھی نکسیر کو روکتا ہے۔ یاد رہے کہ اس انجکشن کے لگانے سے پہلے مریض کو گھوڑے سے بنا ہوا سیرم استعمال نہ ہو چکا ہو۔ ورنہ اس سے سیرم سکیل یعنی سیرمی بیماری پیدا ہو جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔
اکثر ناک کے اندرونی حصہ ہی نکسیر کے خون بہنے کا مقام ہوتا ہے۔ اور کبھی کبھی آخری حصہ سے بھی خون نکلنے لگتا ہے۔
اگر خون آخری حصہ سے نکلتا ہو تو جو پھریری ناک میں داخل کی جائے۔ اُسے مضبوط دھاگے سے باندھ کر ناک کے آخری حصہ میں داخل کر دینا چاہیے۔
(نوٹ): بڑھاپے میں خون کا آنا خطرناک ہوتا ہے۔
نکسیر کی ہومیوپیتھی ادویات
آرنیکا ۶ : جب چوٹ یا صدمہ کی وجہ سے نکسیر جاری ہو تو بے حد مفید ہے۔
بیلاڈونا ۶: جب دماغ میں اجتماع خون ہو، دھوپ یا گرمی لگ جانے سے نکسیر جاری ہو اور چہرہ سرخ ہو تو مفید ہے۔
ہیمے میلس ۳: نکسیر پھوٹنے اور ہر قسم کے جریان خون کو روکنے کے لیے مجرب ہے۔ پھایہ تر کر کے نتھنوں میں داخل کریں۔
فیرم فاس: جب کہ خون سرخ اور چمک دار ہو۔ خاص کر جب بچوں کو نکسیر آئے۔
کالی فاس: سیاہ خون آئے، کمزور، نازک بدن اور بوڑھے اشخاص کی نکسیر کو مفید ہے۔
فاسفورس ۳۰: یہ لمبے، پتلے اور حسین آدمیوں کی نکسیر کے لیے مفید ہے اور ٹانک بھی ہے۔
اکونائٹ ۳: موٹے تازے آدمیوں کی نکسیر جب کہ بے چینی، گبھراہٹ بخار اور خون زیادہ نکلے۔
نکس وامیکا ۳۰: جبکہ بواسیر کا خون رک جانے کی وجہ سے نکسیر جاری ہو اور علی الصبح نکسیر بہے۔
نیر ایگریکس، چائنا، سیپیا، کاربودیج، لیڈم ہال وغیرہ بھی مفید ادویات ہیں۔