(Last Updated On: )
جان عالم(مانسہرہ)
دو چار قدم چپ کا سفر سات کریں ہم
لفظوں سے نکل کر بھی کوئی بات کریں ہم
دہلیزِ دلِ خستہ پہ آئی ہے اداسی
آ رونقِ ہستی تجھے خیرات کریں ہم
اک روز تو ساتھ اپنے تری یاد نہ سوئے
اک روز اکیلے بھی بسر رات کریں ہم
وہ بھی تو کسی دن کوئی اعجاز دکھائے
اب اُس کے لئے کتنے کرشمات کریں ہم
اس واسطے چپ ہیں کہ سبھی بول رہے ہیں
بولے گا بھلا کون اگر بات کریں ہم