(Last Updated On: )
عجیب بستی تھی، جس کا ہر دروازہ مقفل تھا۔مکینوں کو اُن کی مکانیت سمیت پتھریلی دیواروں اور فولادی دروازوں میںیوں قید کردیاگیا تھا؛ جیسے ہر نفس جمود آشنا کردیاگیا ہو۔ کہیں کوئی دریچہ اور کوئی روزنِ دیوار بھی تونہیں تھا۔ ایسا کب ہوا______ کیوں ہوا______ کس نے کیا______؟ ان سوالات کے جوابات کسی کے پاس نہیں تھے۔اس بستی کے مکینوں کی یہی زندگی تھی۔ باہر والے نہیں جانتے تھے ،کہ بستی میں کون رہتا ہے؟ ان کاپیمانۂ زندگی کیا ہے؟اور لوگ کون سی وضع قطع اختیار کیے ہوئے ہیں؟ زبان کیا بولتے ہیں______کیا پہنتے اوڑھتے ہیں______کیاکھاتے پیتے ہیں ______اورکیا بیچتے خریدتے ہیں؟کچھ بیچتے خریدتے ، کھاتے پیتے اور پہنتے اوڑھتے بھی ہیں یاپھر منجمدپتھروں کی مانند ساکت و جامد، نمو و حرکت کے جذبوں سے عاری اورحیات وممات کی بوقلمونیوں سے ناآشناہیں؟______یہ ناشناسی دو طرفہ تھی______اندروالے بھی نہیں جانتے تھے ، کہ باہر کی دُنیا کیسی ہے۔ بس اتنا جانتے تھے ،کہ اُن کی بستی دُنیا کاایک چھوٹا سامنطقہ ہے اور دُنیا بہت بڑی ہے______ اتنی بڑی کہ بستی والے ہزاروں سال مسافرت اختیار کریں تو بھی تمام منطقوں کومحیط نہیں ہوسکتے______دُنیا میں بسنے والوں کی زبانوں سے آشنانہیں ہوسکتے______ سبھوں جیسا اورسبھوں کے ساتھ نبھاؤبناؤ اُن کی رفعتِ پرواز سے بہت بلند ہے______وہ ایسی کوتاہ ہمتی کاشکار کیوں تھے؟ یہ وہ خود بھی نہیں جانتے تھے۔ بس ایک خاص مدار میں ہی اُن کے شب وروز گزرتے تھے ۔بستی کی زندگی میں کوئی بھی بات نئی بات نہیں تھی______ صدیوں سے ایک ہی طرز تھا اور اگر کوئی تبدیلی آتی بھی تواہلِ بستی بہ ظاہر اُس سے بے نیاز رہتے______ بس کچھ دن کسی نئی چیز اورمتحیر کردینے والی بات پر سوچتے اور پھر اُنھی مشغولات ومعمولات میں خود کو قید کرلیتے؛جنھیں وہ اپنا نصیب خیال کرتے تھے۔
فرجاداُن میں سے ایک تھا۔وہ نہیں جانتاتھا،کہ کب اُس کی سانسوںکا سلسلہ یہاں استوار ہوا؛ البتہ یہ ضرور اُس کے علم میں تھا،کہ ِاس کارگہِ آب و گِل میںآنے کے بعد اُس کی پہلی چیخ اسی بستی میں سنی گئی______ اِسی بستی میں اُس نے پہلا خواب دیکھا______ اور اسی بستی میں اُس کے جسم میں پہلی انجانی تحریک ہوئی؛جس نے اُسے کئی راتوں تک سونے نہیں دیاتھا۔
اُس کی ماں بھی یہیں پیدا ہوئی تھی اور پھر اُس کی ماں اور پھر اُس کی ماں_____ اور پھراُس کی ماںبھی______ اہلِ بستی کہاں سے آئے اور کیسے آئے؟ یہ سوالات بھی کسی گہرے معمے سے کم نہ تھے۔ایک آدھ بار ماں نے اُسے بتایاتھا:’’ایک سیلابِ بلاخیزآیا تھا؛گاؤں کوچاٹ گیا؛سیکڑوںپانی میں بہہ گئے اورجو زندہ بچ گئے،وہ یہاں مقید ہو گئے۔‘‘
اس بیان کے ایک حصے کو تووہ مان لیتاتھا؛دوسرے حصے پر اُسے ہمیشہ تکلیف کا سامنارہا۔آفتیں آیا ہی کرتی ہیں مگر قید کردینا کہاں کا دستور ہے؟شروع شروع میں وہ بہت سی نئی باتیں سوچا کرتا اور نئے نئے سوالات اُس کے ذہن میں کلبلاتے تھے______عمل البتہ اُس کا بستی کے مکینوں سے الگ نہیں تھا۔انھی کے طور طریقوں کے مطابق زندگی کی کشتی کھینااُس کے معمولات میں سے تھا۔سوچ پر البتہ پہرے کیسے بٹھائے جاسکتے ہیں؟ کیوں______؟کب______؟کیسے_____________؟ کیا______؟ کہاں______؟ اور کس نے؟ جیسے سوالات اُس کے دماغ کی دیواروں پر ہتھوڑے برساتے ______ طرفہ تماشا تو یہ تھا، کہ ان ہتھوڑوں کی شدت جس قدر زیادہ ہوتی، دیواروں کی طاقت میں بھی اضافہ ہوتاچلاجاتا۔کوئی رُوزن بنتا تواُسے ان سوالات کے جوابات میسر آتے۔ وہ سوچتا:
’’ بستی کے آفتا ب وماہتاب کہاں ہیں؛ اس کے مقدر کے جھرنے اورباغات کیا ہوئے؛اس کے نصیب کی ندیاں اورموسم کہاں گئے؛اس کی قسمت کی خوشبوئیں اورذائقے کون لے گیا؟کبھی تواُسے اِس بات پر بھی وحشت ہوتی کہ اُس کے سواکوئی دوسرا کیوں اس طرح نہیں سوچتا______؟کیااہلِ بستی میں سے کوئی ایک بھی ایسا نہیں، جو اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دے______؟ایک بات جواُسے بہت کھٹکنے لگی تھی؛وہ یہ تھی کہ آخرتمام دروازے مقفل کیوںہیں______؟ اوران پتھریلی دیواروں اورفولادی دروازوں کا حصار کوئی توڑتا کیوں نہیں______؟
پہلے پہل وہ خود اِن باتوں پرحیران ہوتا تھا۔ پُرتجسس رہتا تھا ،کہ آخراس جانب اہلِ بستی کا دھیان کیوں نہیں جاتا_____؟
رفتہ رفتہ مگروہ بھی اسی زندگی کا عادی ہوتاگیا______اب کبھی اُسے دَرودیوار میںرُوزن کرنے کاخیال آتا توکانپ اُٹھتا______ اپنے آپ میں سوچتا،اُس کا دھیان اس طرف گیا ہی کیوں______؟ اُسے لگتا کہ وہ کسی غیر معقولیت کا شکار ہونے جارہا ہے۔بھلا یہ بھی کوئی سوچنے کا ڈھب ہے؟ ساری بستی ایک جانب بڑھ رہی ہے؛اُسے البتہ عجب خیالات نے آلیا ہے ______ اور یہ خیالات آتے ہی کیوں ہیں؟کارِتخریب میں یہ انہماک بڑھتاکیوں ہے______؟
اصل میں ایک باراُس کی سوچیں اُس کی ماں پر منکشف ہو گئیں______بس یہی وہ مقام تھا، جہاں اُسے اپنے احساسات و جذبات کی گٹھری دفنانے کاحکم ملا؛اُس پر واضح کردیاگیا:
’’یہ عامیوں کا کام نہیں__________ تمھیں کس نے اختیار دیاہے کہ تم اتنی بڑی بڑی باتیں سوچو؟‘‘
ہوا یوں کہ اُس کی ماں پروحشت سے لرزہ طاری ہوگیا۔ وہ سوچنے لگی کہ:
اہلِ بستی اس کے بیٹے کو باغی تصور کریں گے اورعین ممکن ہے کہ اسے قتل کردیں۔اس لیے وہ خودحاکمِ بستی کے پاس فریادگزراننے پہنچ گئی۔ساراماجرا کہ سنایا______ حاکم رحم دل تھا______ اُس نے سزا کی بجائے تنبیہ کر کے لوٹ جانے کا حکم دے دیا______ لیکن حاکم کے کارندوں نے اُس کادایاں ہاتھ اوربا ہنی ٹانگ کاٹ دی______ زخم مندمل ہونے کے بعدوہ البتہ یہ سوچتاتھا :
’’جب حاکم نے اس سب کاحکم نہیں دیاتھاتوکارندوں نے یہ ظلم کیوں کیا______؟ اوراگر یہ ظلم ہو ہی گیاتھا توحاکم نے خاموشی کیوں اختیار کی؟‘‘
ایک دن یہ خیال بھی اُس کی ماں کے کانوں تک پہنچ گیا______ وہ پھردوڑا دوڑی فریادگزاری کے لیے حاضر ہوگئی۔
’’سرکار!______سرکار!______ وہ باغی نہیں ہے ______نہیں معلوم ایسے خیالات اُس کے ذہن میں کیوں کرآجاتے ہیں؟ اُسے معاف کردیں______معاف کردیں سرکار______!‘‘
حاکم رحم دل تھا______ اُس نے سزا کی بجائے محتاط رہنے کی ہدایت کرکے روانہ کردیا______ لیکن اُس کے کارندوں نے اَب کی بار اُس کے دونوں کان،زبان اورناک کاٹ دیے______ اُنھیں کسی نے کہہ دیاتھاکہ:
’’اس کے سننے ،بولنے اورسونگھنے کی حس چھین لی جائے تو سوچنے اورسمجھنے کا سلسلہ خود بہ خود ختم ہوجائے گا۔‘‘
O
زندگی کی ناؤ کا کھویا منجدھار سے نکالنے کے جتن کرتا رہامگرکھینے کے اس عمل میں کہیں کوئی جھول رہ جاتا؛کوئی کجی ٹھہر جاتی جو گرداب میں دھکیلنے کاسبب بن رہتی؛سوچتاوہ اَب بھی تھا______سوالات اَب بھی اُس کے سر کی دیواروں سے ٹکراتے اور شور بلند کرتے تھے مگروہ اَب اپنی ماں سے محتاط ہوچکاتھا۔وہ جانتا تھا،جب کبھی اُس کی ماں خوف زدہ ہوئی؛اُسے مزید اعضا سے محروم ہونا پڑے گا۔ بادی النظر میں وہ اپنی ماں سے زیادہ اپنی زندگی اوراپنے جسم کے بقا کی فکر میں تھا______اسی کش مکش میں ایک رات اُس کااکلوتا ہاتھ سوئی ہوئی ماں کی گردن سے لپٹ گیااوربڑھیا کی نرخرے میں اَٹکی ہوئی جان نے بستی کے اُوپر سے اُٹھ کراُس کے اندرپناہ لے لی۔ اب وہ ہر خطرے سے آزاد تھا______مطمئن تھا کہ اس کے خیالات حاکم تک نہیں پہنچ سکیں گے______ اَب وہ پھر انھی مقفل فولادی دروازوں اورپتھریلی دیواروں میںدریچے بنانے کا تمنائی رہنے لگاتھا۔ہروقت اس کے دھیان میں قفل ٹوٹنے اور دیواروں میں رُوزن بنانے کا خیال رہتا______ تب ایک رات جب وہ اپنے بستر پر محوِ استراحت تھا؛اچانک کیادیکھتا ہے کہ اُس کے سامنے والی دیوار پرمنظر اُبھرنے لگے۔ پہلے منظر میں ایک سیاہ آ ہنی دروازہ تھا؛جس کی دونوں جانب دیوقامت دربان ایستادہ تھے ۔اُن کے ہاتھوں میں برچھیاں پکڑی ہوئی تھیں اور گردنوں میںمختلف رنگ کے پتھروں کی کنٹھا اورمالائیں تھیں؛جواتنی طویل تھیں کہ دربان جب چلتے تو وہ زمین پر گھسٹتی رہتیں۔دروازے کے بالکل سامنے ایک اوردروازہ تھا______ اوردونوںجانب پتھریلی چٹانیں کھڑی تھیں ______ وہ متجسس تھا،سوچتاتھااور وحشت زدہ تھا______یہ دروازہ رنگت کے اعتبارسے سلوری تھا؛البتہ یہ بھی فولادی ساخت کاتھا۔اس دروازے کے باہر بھی دو تنومند، پست قامت اورپختہ سیاہ رنگت کے حامل دربان کھڑے تھے؛ جوآتشیںاسلحے سے لیس تھے۔ ان کی گردنوں میں بھی مالائیں جھولتی تھیں اوراس قدر چمک دار تھیں کہ دیکھنے والے کی آنکھیں چندھیاجائیں۔جھولتی ہوئی کنٹھوں کی جلترنگ اور ان کی وحشت ناک صدائیں ناظر و سامع کوآنکھیں چرانے کے ساتھ کانوں میں اُنگلیاں ٹھونسنے پر مجبور کردیتیں______اُس کی اُنگلیاں بھی بے دھیانی میںکان کی طرف بڑھیں مگروہاں تو کان ہی نہیں تھے____تیسرادروازہ یوں معلوم ہوتا تھا، جیسے دیودار کے فلک بوس درختوں کو جوڑ کربنایاگیا ہو۔ اُسی طرح کی دراز قامتی اوراُسی طرح کی خاص رنگت۔دروازے کی دونوں جانب دیودار کے درختوں سے بھی کہیں زیادہ بلندچوب دار موجود تھے؛جن کے ہاتھوں میں آسمان کو چھوتے ہوئی لٹھیں تھیں۔ان کے جسم کے مخصوص حصوں پر دھجیوں کے سوا کچھ نہ تھا۔یہ اس قدر ہیبت ناک تھے کہ اندر کا خوب صورت منظرخود ہی آنکھوں سے دُور ہوتاچلاجاتاتھا______حالاں کہ دونوں روشیں سفید گلاب سے اَٹی ہوئی تھیں؛گلاب ،جن کی ٹہنیاں صنوبر سے بلند اورسرو سے زیادہ مخروطی تھیں۔قطار اندرقطار یہ سفیدگلاب بھی چوب داروں کی بدصورتی ختم نہیں کرپائے تھے۔
چوتھے دروازے پر پانیوںکاگمان ہوتا تھا؛ایسا لگتا تھا جیسے جھرنوں کو مجسم کردیاگیا ہو۔اس کا چوکھٹا چمپئی تھا ؛جس پر گہرے زمردیں پتھروں کو ایک خاص وضع سے ٹانکاگیاتھا۔دروازے کے باہرصندلی خوشبوؤں میں لپٹی ہوئی سروقامت دوشیزائیںتھیں؛ جن کے ہاتھوں میں اژدھے جیسی چوبی لاٹھیاں پکڑی ہوئی تھیں۔اُن اَپسراؤںکے ہونٹوں پرمدہوش کردینا والا گیت ،رقص کی دُھن کو اشارہ کرتا ہوا دکھائی دیتا تھا______ دروازہ کھلتے ہی اندر کی جانب دو کریہہ صورت اور بدہیئت محافظ موجود تھے۔ دونوں جانب منقش دیواریں اور ہر دیوارپرساحلوں کی دیوی کے قدآدم مجسمے تھے؛جنھیں سرمئی، بنفشی، چمپئی، اودی اور سفید پتھریلی چٹانوںکے وجودمیں سے گھڑ کر نکالا گیاتھا ______ ان مجسموںکے پاؤں تلے انسانی کھوپڑیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ تھا۔
پانچواں دروازہ چاندی کو ڈھال کربنایاگیا تھا۔ اس کے چوکھٹے میں ڈھلا ہوا یاقوت کسی اَپسرا کے ترشے ہوئے ہونٹوں سے زیادہ پُر لطف دکھائی دیتاتھا______ یہاں کوئی دربان نہیںتھا______ بس ایک تارِ عنکبوت کی نگہبانی تھی۔دروازہ کھلا تواندر کا منظر نہایت بھیانک تھا______ بیضوی، گول، چوکور، مستطیل اور چھے کوناجھکے ہوئے چبوتروں پرننگ دھڑنگ جسموں کے انبار تھے؛ایسے معلوم ہوتاتھا، جیسے کباڑخانوں، کچراگھروں اور گلیوں سے اُٹھا کر لائے گئے ہوں اوراب ’’ری سائیکلنگ‘‘ کے عمل کے منتظر ہوں______یہ دیکھ کر اُسے جھرجھری سی آئی اور پھر یکبارگی اُس کے دانت بجنے لگے______اتنے بجے کے سامنے کے چار دانت ٹوٹ کر زمین پر بکھر گئے۔منظر اُبھر رہے تھے اور وہ سارے منظر دیکھنے کا تمنائی بھی تھا؛جانتاتھا کہ اَب ٹوٹے ہوئے دانتوں کی جگہ نئے دانت نہیں نکلیں گے؛پھر بھی نیامنظردیکھنے لگا۔
چھٹا دروازہ شیشے کاتھا اور یہ بھی دربانوں کے بوجھ سے آزاد تھا۔ دوسری جانب کا منظرواضح تھا۔گلہریاں اِدھراُدھر بھاگتی ہوئی صاف دکھائی دیتی تھیں ۔ اُس نے ذرا غور کیا تو زمین پر چوہے، سانپ، نیولے، چیونٹیاں اورکچھوے بھی رینگتے ہوئے نظرآنے لگے۔ آسمان کی جانب نگاہ اُٹھائی توچمگادڑ، گدھ، اُلو اورکوے بھی ہزاروں کروڑوں کی تعداد میں اُڑتے ہوئے دکھائی دیے۔شاید فضا بہت زیادہ متعفن تھی؛مردارخور جانوروں کے غول بھی ایک جانب سے بھاگتے ہوئے دوسری طرف نکل گئے ______
ساتواں دروازہ کسی غار کے دہانے کی مانندتھا۔جس کی ہر طرف سبز کائی کی وحشت ناکیوں کا رقص جاری تھا۔غار کے اُوپر بندروں کی لڑائی جاری تھی اوراندر کی جانب ثقیل مگرسیاہ مادہ بہتا ہوا دکھائی دیتاتھا۔ اُس نے غور سے دیکھا تواس گاڑھے سیال مادے میں کئی ایک مگرمچھ، مچھلیاں، کچھوے، بط اوردوسری آبی مخلوق پھنسی ہوئی بہہ رہی ہے۔یہ مخلوق اس پانی سے نکلنے کی کوشش کرتی ہے مگرمزیدبے بس ہوتی چلی جاتی ہے______ یہ منظردیکھ کراُس کاحلق آنسوؤں سے بھرجاتا ہے______
آٹھواں دروازہ بہت ہی عجیب تھا۔یوں معلوم ہوتا تھا، جیسے کسی نے آتش فشاں کی کوئی چٹان لا کریہاں رکھ دی ہو۔دیوقامت مگر بدہیئت مجسموں کا ایک ہجوم اس دروازے کو دھکیل کر ایک جانب ہٹاتا ہے______سامنے کا منظردیکھ کر وہ اپنے اکلوتے ہاتھ کی انگلیاں چبا ڈالتا ہے______ اس کی آنکھوں کے سامنے وہی بستی تھی ،جس کا ہر دروازہ مقفل تھا______ ایک سرے سے دوسرے سرے تک فولادی دیواریں ______یہ بستی اُس کی دیکھی بھالی تھی مگر تجسس سے انسان کی جان کہاں چھوٹتی ہے______؟ وہ دیکھتا گیا، یہاں تک کہ اُس کی نگاہوں نے دیکھا : اُس کے کاٹے گئے کانوں،زبان اورناک کو چیونٹیاں گھسیٹ کر لے جارہی تھیں______اُس کی کٹی ہوئی ٹانگ اوربازو کتوں کی تھوتھنیوں میں دبے ہوئے تھے______ گدھ اور بھیڑیے اُس کی ماں کے بے جان جسم کونوچ رہے تھے ______ یہ منظر جان لیوا تھالیکن اس کے لیے نہیں؛کیوں کہ ابھی منظرآرائی باقی تھی______ اُس نے دیکھا :اُس کی بستی کے آفتا ب و ماہتاب، جھرنے اورباغات ، ندیاں اورموسم ، خوشبوئیں اورذائقے ایک تعفن زدہ بوریے میں لپٹے پڑے ہیں؛جن پرایک دیوقامت، بدہیئت اورتارکولی رنگت کا حامل پہرے دارمتعین ہے۔وہ گھبرا کر آنکھیں بند کرتا ہے تواُس کی سوچوں کا دروازہ کھل جاتا ہے۔
O
[ادب دوست،لاہور،مارچ ۲۰۱۸ء]