’’ہر بات کی حد ہوتی ہے۔ ۔ ۔ جب تم یوں ہی بے دھیانی کو اوڑھنا بچھونا بنا لو گے تو جینا مشکل ہو جائے گا‘‘
اماّں بی نے اوندھے منہ پڑے علی احسن سے کہا تو وہ تکیہ ایک طرف اُچھالتے ہوئے ایک دم سے اُٹھا اور انھیں اپنی بانہوں کے حصار میں لے لیا۔ ۔ ۔
’’چل ہٹ! ۔ ۔ ۔ اب خوشامدیں نہ کر ‘‘
’’تو کیا اپنی پیاری سی امّاں بی سے محبت کرنا خوشامد ہے ؟ ‘‘
’’اچھا اچھا۔ ۔ ۔ چھوڑ مجھے اور جلدی سے تیار ہو کر نیچے آ جا۔ ۔ ۔ سب تمھارا انتظار کر رہے ہیں ‘‘
’’جی آپ چلیے۔ ۔ ۔ میں آیا‘‘
سلطانہ ڈھیلے قدموں واپس لوٹ آئیں۔ ۔ ۔ ماربل کی چکنی سیڑھیوں سے اُترنا ان کے لیے پل صراط طے کر نے سے کسی بھی طرح کم نہیں تھا۔ ۔ ۔ سیڑھیوں کے ساتھ لگے ہوئے آہنی پائپ کو اگر پکڑ نہ رکھیں تو ایک سیڑھی نہ اُتر سکیں۔ ۔ ۔ ہال میں لگے فانوس کی سارے بلب روشن تھے۔ ۔ ۔ ٹی وی بھی چل رہا تھا۔ ۔ ۔ باہر لان میں فوارہ بھی اپنے جوبن پرتھا۔ ۔ ۔ لان کے چاروں اور گنبد نما بلبوں نے رات کو دن میں بدل رکھا تھا۔ ۔ ۔ مین گیٹ کے اُوپر دونوں جانب تیز روشنی والے بلب ضیا تابی کا عنواں بنے ہوئے تھے۔ جب وہ حمنہ کے کمرے کے قریب سے گزر رہی تھیں تو وہ اپنے کمپیوٹر پر کسی سے وائس چیٹنگ میں مصروف تھی۔ ۔ ۔ ایئر کنڈیشن آن تھا مگر۔ ۔ ۔ اس کے کمرے کا دروازہ کھلا تھا۔
’’کس قدر لا پروا اور بے دھیان ہے یہ مخلوق؟ ‘‘
سلطانہ نے خود کلامی کی۔ ۔ ۔ ٹہلتے ٹہلتے وہ صحن تک آ گئی جہاں ریٹائرڈ پروفیسر عبد الصمد اپنے چاروں بیٹوں اور بہو کے ساتھ پہلے سے بیٹھے تھے۔
’’میاں صاحب زادے نہیں آئے آپ کے ساتھ؟ ‘‘
پروفیسر صاحب نے سلطانہ سے پوچھا۔ ۔ ۔ مگر وہ خاموش رہیں
’’اَجی ہم سے کیا بھول ہو گئی جو جناب کا مزاج نا آشنا ہو گیا ہے ؟ ‘‘
عبدالصمد نے اپنی بیگم کو کچھ مضطرب دیکھ کر کہا
’’پروفیسر صاحب! یہ سب کیا دھرا آپ کا ہے۔ ۔ ۔ اچھی گزر رہی تھی گاؤں میں ، مگر آپ کی ضد ہمیں یہاں لے آئی۔ ۔ ۔ نہ کوئی ادب آداب ہی سیکھ پایا ہے اور نہ ہی نفع نقصان کی پروا ہے کسی کو۔ ۔ ۔ میں پوچھتی ہوں ہزاروں یونٹ بجلی ضائع کر نے کی کیا ضرورت ہے ؟ بہو رانی آپ کے پہلو میں بیٹھی ہیں ، مگر ان کے کمرے کا ایئر کنڈیشن اور بلب بے کار چل رہے ہیں۔ ۔ ۔ حمنہ اور علی احسن کے کمروں کا بھی یہی عالم ہے۔ کوریڈور اور ہال سمیت صحن کی حالت بھی مختلف نہیں ہے۔ ۔ ۔ ‘‘
’’بجا ارشاد فرمایا آپ نے۔ ۔ ۔ ہم نے اس بٹا لین کا انچارج آپ کو بنا دیا تھا، تو یہ آپ کی ذمہ داری تھی کہ سپاہیوں سے مناسب کام لیتیں۔ ‘‘
شرارت کے سے انداز میں پروفیسر صاحب گویا ہوئے تو سلطانہ بیگم کو جیسے موقع مل گیا ہو۔ ۔ ۔ وار کر نے کے لیے
’’خوب سمجھتی ہوں آپ کو۔ ۔ ۔ آپ کی بٹا لین کو۔ ۔ ۔ کہے دیتی ہوں اب مجھ سے مزید یہ چونچلے برداشت نہیں ہوں گے۔ ۔ ۔ سیدھی طرح سے اپنی عادتیں بدل ڈالیے ، ورنہ میں بھائی صاحب کے ہاں گاؤں لوٹ جاؤں گی۔ ‘‘
فیصلہ کن انداز سے جب انھوں نے کہا تو سب نے حیرت سے ان کی طرف دیکھا۔ بہو نے گھبراتے ہوئے کہا
’’امّاں بی! بس آخری موقع دے دیں۔ ۔ ۔ ان شاء اللہ کل سے ویسا ہی ہو گا جیسا آپ چاہتی ہیں۔ ‘‘
تب تک سلطانہ اپنے کمرے کی جانب بڑھ چکی تھیں۔
’’ٹھیک کہتی ہیں سلطانہ بیگم۔ ۔ ۔ بجلی کم خرچ ہو گی تو بل بھی کم آئے گا اور بچنے والی رقم کہیں اور کام آئے گی‘‘
پروفیسر صاحب نے سمجھانے کے انداز میں کہا
’’مگر اباّ جی صرف ہمارے گھر میں یوں نہیں ہوتا۔ ۔ ۔ پورے بلاک پر نظر ڈالیے ہر بنگلے کی یہی کیفیت ہے۔ ۔ ۔ آپ بھی امّاں بھی کا ساتھ دے رہے ہیں ‘‘
علی محسن نے قدرے ترشی سے کہا تو عبد الصمد نے فکر مند نظروں سے اُسے گھورا
’’اباّجی بل ہم دیتے ہیں۔ ۔ ۔ کماتے ہم ہیں ، پھر آپ لوگوں کو فکر مند ہونے کی کیا ضرورت ہے ؟ ‘‘
پروفیسر صاحب بیٹے کی با تو ں سے دُکھی ہو گئے تھے۔ ۔ ۔ مگر انھوں نے خود پر ضبط کر تے ہوئے کہا
’’بیٹا! ہم دونوں تو تمھارے ہی بھلے کا سوچتے ہیں۔ ۔ ۔ ایک بات یاد رکھو! بھرا کنواں بھی سوکھ جایا کرتا ہے ‘‘
’’ہوتا ہو گا اس طرح بھی۔ ۔ ۔ مگر یہ سب اس دور کی ضرورتیں ہیں ‘‘
پروفیسر عبدالصمد کے دماغ میں ایک حقیقی کر دار روشن ہو رہا تھا۔ ۔ ۔ وہ اپنے بیٹوں کو بھی چونتیس سال اُدھر لے گئے۔
’’جھریوں بھرے چہرے پر دو آنکھیں یوں وا ہوتی تھیں۔ ۔ ۔ جیسے تاریک غاروں کے دہانے سے بھاری سلوں کو سرکایا جا رہا ہو۔ زبان میں لکنت بھی آخری حد کو چھو چکی تھی۔ بل کہ یوں تھا کہ منہ میں دانت نہ ہونے کے باعث بات ہی ٹھیک طرح سے نہیں ہو سکتی تھی۔ اپنی طرف سے پوری قوت کے ساتھ بات کہی جاتی۔ ۔ ۔ مگر سننے والے کو ہمہ تن گوش سے بھی کچھ زیادہ ہونا پڑتا۔ اُدھر بھی یہی عالم تھا، اِدھر سے بات ہوتی تو ایک کان کے ساتھ ہتھیلی کی دیوار بنا کر دوسرے کان پر ہاتھ رکھا جاتا۔ اچھا خاصا چیخنے کی مشق کر نے کے بعد وہاں بات پہنچتی۔ اُوپر سے کمر کا خم بھی اپنی جگہ موجود تھا۔
یہ تھیں مائی فضیلت! شادی کے بعد ایک بیٹے کی ماں بنیں اور جوانی میں بیوگی کی چادر اوڑھ کر بیٹھ رہیں ، اللہ جانے کیوں۔ ۔ ۔ ؟ اسّی کی دہائی میں ہم ان کے پڑوسی بنے۔ بیٹا ان کا کسی عرب ملک میں بڑھئی کا کام کرتا تھا اور اِدھر بہو اور دو پوتیوں کی موجودگی کے باوجود بھی اپنا کھاتی پکاتیں۔ اسّی کے سن سے بہ ہر حال متجاوز تھیں۔ ہماری طرف آ جایا کرتیں اور پھر اپنی عمر بھر کے تجربات سے آگاہ کرتیں۔ ان کی باتیں اب جو یاد آتی ہیں تو احساس ہوتا ہے کس قدر حقیقت پسند خاتون تھیں۔ خواجہ رحمت اللہ جری کا یہ شعر
جب بڑھاپے کا موڑ ملتا ہے
تجربوں کا نچوڑ ملتا ہے
ان پر صادق آتا تھا۔ نصف کنال کے قریب صحن میں مائی فضیلت موسموں کی سبزیاں اُگایا کرتی تھیں۔ بازاری آٹے سے انھیں سخت اذیت ہوتی تھی۔ اپنے ہاتھوں سے گھر میں پڑی چکی میں گندم کے دانے ڈالتی جاتیں اور جتنے وظائف یاد ہوتے ، ساتھ ساتھ پڑھتی رہتیں۔ مائی کا کہنا تھا جو عورتیں رزق کو بے وضو ہاتھ لگاتی ہیں یا پھر پکاتے وقت اللہ کو یاد نہیں رکھتیں ان کے ہاتھوں میں لذت نہیں آتی۔ قدرت ان کے ہاتھوں سے ذائقہ چھین لیتی ہے۔ وہ ہر لقمہ منہ میں ڈالنے سے پہلے ’’بسم اللہ‘‘ اور جب حلق سے اُتر جاتا تو ’’الحمد للہ‘‘ کہتیں۔ وہ بازاری کھانوں اور سبزیوں پر اُٹھنے والے خرچ کو اسراف کا عنوان دیتیں۔ مائی کا خیال تھا جو لوگ صبح، دوپہر، شام کپڑے بدلتے ہیں اور خوامخواہ کی تیاریوں میں جُتے رہتے ہیں وہ حق داروں کا حق مارتے ہیں ، ضرورت مندوں پر ظلم کر تے ہیں۔ مائی کی کل ماہانہ آمدن ڈیڑھ سو روپے تھی، جو انھیں مکان کے کر ایہ کی مد میں آتی تھی۔ اسی رقم سے وہ اپنا چولھا گرم رکھتیں اور کچھ پس انداز بھی کر لیتیں۔ پائی پائی جوڑ کر مائی نے مکہ اور مدینہ بھی دیکھے۔ ۔ ۔ حج کی سعادت بھی حاصل کی۔
کمرے میں انھوں نے چا لیس واٹ کا بلب اس انداز سے لگوایا تھا کہ وہ بہ یک وقت کمرے اور صحن کو روشن رکھتا۔ مغرب سے عشا اور پھر صبح کی نماز کے لیے بلب روشن ہوتا۔ ۔ ۔ باقی وقت میں بجھا رہتا۔ گرمیوں میں مائی کے کمرے کا پنکھا صرف دوپہر کو چلتا اور اگر رات میں گرمی بہت زیادہ ہوتی تو چلا دی اور نہ چارپائی صحن میں ڈال کر اس پر ’’مچھر دانی‘‘ تان لی جاتی اور چادر کو پانی سے بھگو کر اپنے پاس رکھ لیا جاتا۔ جب جب گرمی محسوس ہوتی ، چادر سے ٹھنڈ حاصل کی جاتی۔ وہ پانی کے زیادہ استعمال پربھی ناراض ہوتی تھیں۔ ایک بار ہمارے گھرکی ٹینکی سے پانی چھلکتا دیکھا تو کہا
’’نعمتیں جب اس طرح ضائع کی جائیں تو اللہ ناراض ہو کر ان میں کمی کر دیتا ہے۔ یاد کر و ان لوگوں کو جو اُن جوہڑوں سے پانی پیتے ہیں جہاں سے جانور بھی پیتے ہیں۔ ‘‘
مائی کا خیال تھا جن عورتوں کے تین سے زائد جوڑی کپڑے ہیں ان سے قیامت کے دن پوچھ ہو گی کہ، انھوں نے فضول خرچی کیوں کی۔ سُرخی پاؤڈر کی لیپا پوتی کر نے والیاں تو انھیں ایک آنکھ نہیں بھاتی تھیں۔ مائی کہتیں
’’یہ اشیا ان عورتوں کے لیے جہنم کی آگ ثابت ہوں گی۔ ‘‘
ایک بارہمارے گھر میں ان سے کسی نے پوچھ لیامائی دوسری شادی کیوں نہیں کی؟ تو ان کاجواب تھا۔
’’کم زورتھی، سوچتی تھی اگر کسی دوسرے شخص سے بول پڑھا لیے تو کہیں یتیم کی حق تلفی نہ ہو جائے۔ ۔ ۔ یتیم کامال دوسرا استعمال کر لیتا تو روزمحشرمیری گردن پرگرفت ہوتی۔ ‘‘
کبھی کوئی اپنی تنگ دستی کاتذکر ہ کرتا تو وہ کہتیں۔
’’انسان پر اللہ نے بہت سی نعمتیں اتاری ہیں ، اگر وہ ان کا استعمال دیانت داری اور سلیقہ سے کر ے تو کبھی تنگ دستی کا شکار نہیں ہو گا۔ جب اعتدال کی حدوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے ، لالچ اور بے ضمیری کو فروغ دیا جاتا ہے ، حق تلفی کو عادت بنا لیا جاتا ہے تو پھر انسان کی بھوک کبھی نہیں مٹتی۔ وہ پیسوں سے نکل کر روپوں ، سیکڑوں اور ہزاروں کے پیچھے لگ جاتا ہے۔ اس کی زندگی ختم ہو جاتی ہے ، مگر ہوس کی آندھیاں نہیں رُکتیں۔ جوں جوں وقت گزرتا ہے یہ تیز جھکڑوں میں اُڑتا رہتا ہے۔ ‘‘
ایک بار کسی نے کہہ دیا مائی مہنگائی بہت ہو گئی ہے ، خاوند پورے نو سو روپے مہینے کے کماتا ہے ، مگر مہینے کے اخیر میں ادھار اُٹھانا پڑتا ہے۔ مائی کا جواب تھا
’’مہنگائی نہیں ہوئی ہم نے اپنی ضروریات بڑھا لی ہیں۔ اپنی چادر سے پاؤں نکال لیے ہیں۔ میں اپنے بچپن میں ایک انڈے کے بدلے پاؤ دودھ لاتی تھی۔ اب بھی انڈا فروخت کر کے اسی رقم سے پاؤ دودھ منگوا لیتی ہوں۔ ‘‘
کیا وضع دار اور حقیقت پسند خاتون تھیں وہ۔ ۔ ۔ پودینہ کی چٹنی سے کھا کر اللہ کا شکر ادا کرتیں ، پنج گانہ نماز کے علاوہ نفلی عبادت میں بھی مصروف رہتیں۔ میں نے انھیں کبھی ناشکری کر تے ہوئے یا مایوس بیٹھے نہیں دیکھا۔ اس قدر مطمئن، اس قدر شاکر و صابر شاید کوئی اور ہو۔ پھر ایک صبح بہو نے دیکھا مائی جائے نماز پر بے سدھ پڑی ہیں۔
وقت گزر گیا، بیٹا اور بہو بھی دنیا چھوڑ گئے۔ ۔ ۔ اور اب پوتیاں ولایت میں اپنے خاوندوں کے ساتھ رہ رہی ہیں۔ ۔ ۔ ان سب با تو ں کو بھول کر جوان کی دادی کہا کرتی تھیں۔ مجھے ایک جاننے والے نے بتایا تھا کہ وہ وہاں کسی فیکٹری میں کام کرتی ہیں۔ گھر کا خرچ مشکل سے چلتا ہے ، اس لیے انھیں اپنی ضروریات کے لیے کام کرنا پڑتا ہے۔ بچوں کے اخراجات کے لیے انھیں خاوند کا ہاتھ بٹانا پڑتا ہے۔ ‘‘
پروفیسر صاحب مائی فضیلت کی کہانی سنا کر خاموش ہوئے ہی تھے کہ علی محسن کہنے لگا
’’تو امّاں بی مائی فضیلت سے کون سی کم ہیں۔ ۔ ۔ ہر معاملہ میں کنجوسی اور دقیانوسیت دکھاتی ہیں۔ ۔ ۔ اور ابّاجی اسّی کے سن کو گزرے ہوئے چھبیس برس ہو گئے ہیں ، اب بھی اگر ہم اسی طرح سوچنے لگے تو ہم دنیا کے پاؤں کی دھُول بن جائیں گے۔ ۔ ۔ ہر زمانے کی اپنی ضروریات اور تقاضے ہوتے ہیں۔ ۔ ۔ مائی فضیلت بغیر پنکھے کے سو سکتی ہوں گی، مگر اب ایئر کنڈیشنر کے بنا سونا ممکن نہیں رہا ہے۔ ۔ ۔ اب چا لیس واٹ کے بلبوں سے گھر نہیں روشن ہوتے بل کہ روشنی کے لیے کئی ہزار واٹ کے بلب درکار ہوتے ہیں۔ ‘‘
علی محسن نے اپنی تقریر ختم کی تو پروفیسر صاحب بغیر کچھ کہے اُٹھ کھڑے ہوئے۔
حمنہ ہاتھ میں کاغذ لیے دوڑتی ا رہی تھی۔ ۔ ۔ عبد الصمد جانے لگے تو پوتی نے کہا
’’داداجی! یہ نئی رپورٹ بی بی سی پر شائع ہوئی ہے۔ میں پرنٹ آؤٹ کر کے لے آئی ہوں۔ ۔ ۔ دیکھیے تو‘‘
’’بٹیا اپنے باپ کو دو۔ ۔ ۔ میں صبح دیکھ لوں گا، اب تھک گیا ہوں ‘‘
’’مگر آپ بیٹھیے تو۔ ۔ ۔ بہت دل چسپ رپورٹ ہے ‘‘
کاغذ اپنے باپ کے ہاتھ میں تھماتے ہوئے حمنہ نے کہا
علی محسن نے کاغذ پر لکھی ہوئی رپورٹ پڑھنا شروع کی
’’آسٹریلیاکے سب سے بڑے شہر سڈنی میں ہفتہ کی شام سات بج کر تیس منٹ پر مشہور اوپیرا ہاؤس پر بنے ٹاور بلاکس کی بتیاں بجھا دی گئیں۔ اس کے اطراف میں بنے گھروں میں بھی کم و بیش یہی صورت حال تھی۔ اس کے علاوہ ہاربر برج اور شہر کے تجارتی مرکز میں آسمان کو چھوتی ہوئی عمارتوں کی روشنیاں بھی گل کر دی گئیں۔ ۔ ۔ ’’ارتھ اور ‘‘نامی اس مہم کا مقصد عالمی حدت میں کمی کی کوشش کرنا ہے ، جس وقت سڈنی میں ’’بلیک آؤٹ ‘‘ کیا گیا اس وقت شہر کے بڑے ریستورانوں اور تجارتی مراکز میں موم بتیوں کی روشنی سے کام لیا گیا۔ ‘‘
علی محسن نے کاغذ واپس حمنہ کو دیا۔ ۔ ۔ پروفیسر صاحب بیٹے کے چہرے پر نظریں جمائے ہوئے تھے۔ ۔ ۔ بیٹا خاموش تھا۔ ۔ ۔ مسلسل خاموش۔ ۔ ۔
٭٭٭