دکن شاعری اور خصوصاً مزاحیہ دکنی شاعری کا جب بھی ذکر آئے گا، سلیمان خطیب کا تذکرہ ضرور ہو گا۔ اور نہ صرف تذکرہ ہو گا بلکہ یہ بھی ضرور کہا جائے گا کہ سلیمان خطیب کا لب و لہجہ تو خیر منفرد ہے ہی، ان کا انداز بھی نرالا ہے۔ دکنی شاعری کو ہندوستان بھر میں بلکہ دنیا بھر میں آج کل صرف مزاح کی چیز سمجھ لیا گیا ہے۔ وہ لو گ جو اس زبان کے لوچ سے واقف نہیں ، اس کی نزاکتوں سے آگاہ نہیں جب دکنی سنتے ہیں تو فصیح اور غیر فصیح، متروک اور غیر متروک کے چکر میں پڑ کر شاعری کی روح تک پہنچنے سے قاصر رہتے ہیں۔
سلیمان خطیب کو کمال یہ ہے کہ انہوں نے الفاظ اور محاورے ایسے استعمال کئے جو بالکل مقامی رنگ لئے ہوئے ہوتے تھے۔ لیکن موضوعات اتنے گمبھیر ہوتے تھے کہ وہ لوگ جو دکنی مزاج نہیں رکھتے وہ بھی ان کی تخلیقات کی سحرآفرینی سے بے پناہ متاثر ہوتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کے شمال سے لے کر جنوب تک جہاں جہاں سلیمان خطیب کا کلام پہنچا لوگوں نے واہ بھی کی اور ان کی نشتریت سے متاثر ہو کر آہ بھی کی۔ دکنی زبان میں مٹھاس ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ اس میں تصنع نام کی کوئی چیز نہیں جو دہلی اور لکھنؤ کی زبان کا طرۂ امتیاز ہے۔ دہلی اور لکھنؤ کی زبان میں بلاشبہ شستگی ہے۔ لیکن یہ شستگی اختیار کردہAdoptedہے۔ جب کہ دکنی سیدھے سادے لوگوں کی سیدھی سادی زبان ہے۔ آج ہم جس زبان میں لکھتے اور پڑھتے ہیں بلکہ یوں کہنا چاہئے کہ جس اردو دنیا بھر میں لکھا اور پڑھا جاتا ہے وہ صرف علمی زبان ہے۔ یا پھر دہلی اور لکھنؤ کے صرف چند گھرانوں میں بولی جاتی ہے۔ چند گھرانے اس لئے کہنا پڑتا ہے کہ وہاں کے عام لوگوں کی زبان میں کھری بولی اور پوربی کا اثر ہے۔ اسی طرح ہندوستان بھر میں ہر علاقے کی زبان یا بولی علیٰحدہ ہے۔ دکنی کا صحیح لطف اس کے لہجے میں اور اس کی لٹک میں ہے۔ وہ لوگ جو دکنی سے اس کے مزاج اور اس کی نزاکتوں سے واقف نہیں ہوتے ان کے نامۂ اعمال میں بڑی بڑی اور موٹی موٹی کتابیں صرف اس لئے درج ہو جاتی ہیں کہ کسی اور نے یہ کام نہیں کیا۔ تدوین متن ایک بہت اہم اور عرق ریزی کا کام ہے۔ لیکن ’’دکنی کے ماہرین‘‘ دوسروں کی محنت کو خرید کر یا ہڑپ کر اور صرف مقدمے کی بنیاد پر اپنے سرمایہ تحقیق میں اضافے کرتے چلے جاتے ہیں۔ ایسے ’’ماہرین دکنیات‘‘ کی بجائے دکنی مزاج رکھنے والا محقق ہو تو کام کا معیار اور اس کی نوعیت دوسری ہوتی۔
دکنی کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں لفظوں کی آسان ترین ادائیگی کو ملحوظ رکھا جاتا ہے۔ اگر کوئی مشکل ہو تو دکن والے اس تلفظ بدل کر آسان کر لیتے ہیں گویا لفظ دکنیا لیا جاتا ہے۔ دکنی کے تلفظ میں پھسل کر ادا ہوتے ہیں۔ اور ایک نامحسوس طریقے سے ایک مصوتے سے دوسرے مصوتے تک ادائیگی منتقل ہوتی ہے۔ جیسے ’’بولا‘‘ کے لئے دکنی میں ’’بولیا‘‘ کہا جاتا ہے۔ لیکن اگر ’’بولیا ‘‘ کہا جائے تو یہ دکنی کا قتل ہے۔ اکثر ’’ماہرین دکنی ‘‘ کے ساتھ یہی مسئلہ ہے کہ وہ لفظ صحیح دکنی تلفظ کے ساتھ ادا نہیں کر سکتے۔ یہ مسئلہ صرف ان محققین کے ساتھ ہی نہیں جو غیر دکنی ہیں بلکہ ان کے ساتھ بھی ہے جو دکن میں رہتے ہیں مگر دکن کا مزاج نہیں رکھتے۔ اپنے آپ کو ’’مہذب‘‘ ظاہر کرنے کے لئے یہ لو گ اس مزاج سے ہم آہنگ نہیں ہو پاتے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ان میں شستگی ہوتی ہے اور نہ ہی دکن کا لہجہ پوری طرح دکھائی دیتا ہے۔ اور جب یہ لوگ دکنی الفاظ کا غلط تلفظ ادا کرتے ہیں تو شمالی ہند کے عالم اور محققین جو حقیقت سے آگاہ نہیں ہوتے ایسے لوگوں کے علمی رعب سے متاثر ہو کر اسی تلفظ کو درست مانتے ہیں اور نہ صرف درست مانتے ہیں بلکہ اگر کوئی شخص ان کے سامنے دکنی لفظ کہے تو اس کی بزعم خود تصحیح بھی فرماتے ہیں۔
یہ کچھ باتیں برسبیل تذکرہ اس لئے لکھ دی گئیں کہ دکنی کے بارے میں غلط فہمیوں کا ازالہ ہو سکے سچ بات تو یہ ہے کہ دکنی میں مراٹھی کی لچک، تلگو کی چھنک اور کنٹری کی لٹک موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دکنی ہندوستان کی تمام زبان اور بولیوں سے مختلف ہے۔ سلیمان خطیب کا خمیر دکنی ہے ، ان کا مزاج دکنی ہے ان کا لہجہ اور ان کا اسلوب دکنی کی نزاکتوں سے سجا ہوا ہے۔
ڈاکٹر عابد علی خان مرحوم نے خطیب کے مجموعہ کلام ’’کیوڑے کا بن‘‘ کے پیش لفظ میں لکھا تھا کہ
’’خطیب کی مقبولیت کی بڑی اور بنیادی وجہ دکھنی زبان کا استعمال اور اس میں عوامی مسائل کا اظہار ہے۔ وہ عوام کے مسائل کے ترجمان شاعر ہیں اور روزمرہ زبان میں عوام سے مخاطبت عوام پر گہرا اثر چھوڑتی ہے……….‘
مندرجہ بالا اقتباس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ سلیمان خطیب کا رشتہ راست عوام سے تھا۔ ان کی شاعری عوام کے لئے تھی۔ میر نے کہا تھا کہ….
گو مرے شعر ہیں خواص پسند
پر مجھے گفتگو عوام سے ہے
لیکن سلیمان خطیب عوام ہی کے لئے ہیں۔ انھیں خواص سے کوئی مطلب نہیں۔ یہ اور بات ہے کہ خواص بھی اس عوامی شاعری کے رس سے اسی طرح لطف اندوز ہوتے ہیں جس طرح عوام…… سلیمان خطیب کی شاعری کا بنیادی وصف لوک گیتوں کا انداز ہے۔ دیہات کی عورتیں جس بولی میں گفتگو کرتی ہیں ، اور دیہات کے بھولے بھالے ، سیدھے سادے کسان جس بولی میں بات کرتے ہیں وہی بولی، وہی تلفظ اور وہی انداز سلیمان خطیب کا ہے۔ انھوں نے کھیت کی مینڈوں کا دیکھا ہے۔ انھیں الانگا ہے۔ کیچڑ میں لت پت پیر لئے گاؤں کی سخت اور کنکریلی زمین پر انہوں نے اپنی زندگی کا سفر جاری رکھا۔ یہاں تک کہ سلیما خطیب ہر اردو والے کا عمومی طور پر اور دکن والوں کا خصوصی طور پر محبوب شاعر بن گیا۔ سلیمان خطیب کی ہر نظم معرکۃ الآرا ہے۔ ان کی ہر تخلیق میں یہ وصف ہے کہ اس پر گھنٹوں بحث کی جا سکتی ہے۔ ہر ملازم کے لئے پہلی تاریخ بڑی اہم ہوتی ہے۔ اس دن پچھلے مہینے کی ساری کمائی یکمشت ملتی ہے۔ اور اسی پر آنے والے مہینے کا دارومدار ہوتا ہے۔ ایک کم معاش ملازم کے لئے تو اور بھی مشکل ہوتی ہے کہ اس نے مہینہ بھر قرض لے لے کر دن گزارے تھے۔ اور ہر ایک سے پہلی کا وعدہ کیا تھا۔ ایک ایسے ہی ملازم کی خوشیاں دیکھئے جو اپنی بیوی سے مخاطب ہو کر کہتا ہے
تجھے معلوم ہے ،کی اِتا خوشی سے آیوں
منجے آتے سوبی، نیں آتے سو گانے گایوں
آدی بریانی بی ہوٹل میں دبا کو کھایوں
دیکھ جیبق میں ترے واسطے کیا کیا لایوں
آج تنخواہ ہے مری، آج ہے چاندی سونا
بول گلے میں ترے واسطے کیا کیا ہونا
مگر بیوی کے ذہن میں سیٹھ کا خیال مسلط ہے۔ کہتی ہے
کی شرم نئیں سو کتئیں، بات کو تنخواہ آریئے
آنے کی دیر بی نئیں سیٹھ کے گھر یو جاریئے
شوہر بار بار خوشی کا اظہار کرتا ہے۔ اور بیوی اس کو ہر بار سچائی کا آئینہ دکھاتی ہے شوہر کو غصہ آ جاتا ہے۔
گھر کو آتیچ لگی آکو مصیفت ماروں
دیچ رونے کی پلانے کی ہے عادت ماروں
تجے کتابی کرو سب ہے اکارت ماروں
اچھی لپٹی یہ مجے کاں کی نحوست ماروں
بیوی سہم کر کہتی ہے………
تمے سونچو تو ذرا کیا میں کما کو لونگی
کیابھکاریاں کے سری کامیں گھرے گھر جونگی
شوہر کا پارہ چڑھا ہوا ہے۔ بار بار اپنی مصیبتوں کا ذکر کرتا ہے اور بیوی جھگڑا کرتا ہے ادھر بیوی بھی اپنی پریشانیوں کا اظہار کرتی ہے۔ دونوں کا درد ایک ہے۔ دونوں جانتے ہیں کہ کم آمدنی سے کیا مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ شوہر جب یہ جملے کہتا ہے تو کون ہے جس کے سینے پر نشتر نہیں چلتے……
اری ناداں میں جو کچھ بی کما کو لاتوں
کتا مر کھپ کو میں جیو جان کھپا کو لاتوں
ایک عزت کی یہ روٹی کے لئے کیا بولوں
کتے جوتے میں کمینوں کے اٹھا کو لاتوں
اور یہی سلیماخطیب کا کمال ہے کہ وہ ایسی چٹکی لیتے ہیں کہ اس سے ایک دائمی کسک پیدا ہو جاتی ہے۔ سلیمان خطیب کی شاعری پر ہر زاویہ سے اظہار خیال کرنے کے لئے تو پورا دفتر چاہئے۔ صرف اتنا ضرور عرض کرنا ہے کہ سلیمان خطیب نے نہ صرف دکنی شاعری کو ایک نئی روح دی بلکہ مزاح کو طنز کی طرف موڑ کر وہی کام انجام دیا جو ایک عمدہ قسم کا سرجن یا جراح کرتا ہے۔ انہوں نے ماحول میں بکھرے ہوئے تمام زہر کو بوند بوند میں بند کیا لیکن اس زہر پر مزاح کی شکر لپیٹ دی۔ آہستہ آہستہ شکر گھل جاتی ہے اور زہر کی تلخی روح کے اندر ایک کرب پیدا کر دیتی ہے۔ سلیمان خطیب کے ہاں مزاح میں پھکڑپن نہیں۔ ایک نرم آہنگ ہے جو دلوں میں انبساط بھر دیتا ہے۔ اور پھر طنز کی تلخیاں اس انبساط کو درد میں بدل دیتی ہیں۔ سلیمان خطیب کی شاعری کا یہ وصف انہیں ہمیشہ زندہ رکھے گا۔ جب تک دکنی کی مخصوص لچک اور لٹک باقی رہے گی۔ سلیمان خطیب کی شاعری رنگ و نور بکھیرتی رہے گی………..
————————-٭٭————————-