(Last Updated On: )
گہرے نیلے قالین کے بالکل وسط میں کہکشاں کا عکس اُتاراگیاتھا۔ دیواروں پربنفشی رنگوں کی دھاریں سُرخ زمین کے بیچوں بیچ یوں اُبھری تھیں، جیسے دھنک میں سے کئی رنگ ایک ساتھ نمایاں ہوتے ہیں۔ آتش دان میں سلگتی لکڑیوں سے اَب دھواں اُٹھنے لگاتھا ۔ابھی کچھ دیر پہلے جب الاؤ پوری طرح روشن تھا، اُس نے جورجینا کے چہرے کو بہت کرب و الم سہتے ہوئے دیکھاتھا۔ پنجوں سے چھدے ہوئے رُخساریوں نظرآئے جس طرح دیوار پر بنفشی رنگ ،سُرخ رنگ کے بیچ سے نکلتا ہواآنکھوں میں اُتراتھا۔اُس نے یاد کے آتش دان میں ایک ایک کرکے سارے خیالات جلا نے کی کوشش کی مگر ہربار سلگتے خیالوں سے بدبوکا ایک بھبکااُٹھتا، جو اُس کے نتھنوں کو چیرتا ہوااُس کی سانس میں پھانس کی طرح اٹک جاتا۔ اس عمل سے وہ کئی بار گزرا اور ہرباراُس نے زخمی آنکھوں کو جورجیناکی دل شکن صورت میں کاشت کردیناچاہا لیکن وہ تاب بھی تو نہیں رکھتاتھا۔ تب نہیں معلوم کب اُس نے شکست تسلیم کرتے ہوئے اپنے ہی سینے میں آنکھیں اُتار لیں۔
یہ جسموں کو چیرتی ہوئی سخت برفانی ہواؤں کا موسم تھا۔ پولینڈ کے شہر ژیلونا گورا میں جب پہلی باراُس نے گیونتھ کے ساتھ لوشیا کو ایک جھلک دیکھا تھاتوصدیوں کا فیصلہ ایک آن میں کرلیا۔ اُس نے اپنی بہن گیونتھ سے کہاتھا:
’’ پیاری!تُو جانتی ہے نامجھے برفیلی پہاڑیوں پر ایستادہ دودھیائی خیمو ں میں رات گزارنا کتنا اچھا لگتا ہے۔ پانچ سال اُدھرکے دسمبر میں جب میں اور بریڈپٹ زاکو پانا میں ایک کیمپنگ کے دوران برفانی خیموں میں بیٹھے رات کی سرگوشیاں سن رہے تھے تو آتش دان میں صندلی لکڑیوں کی لپٹ نے ہمیں ایک خاص سحر میں مبتلا کردیاتھا ۔ میں نہیں جانتا کیاایسا خاص طلسم تھا لیکن ہم دونوں کسی جادوئی احساس میں گھرے ہوئے تھے______ یا شاید میں تنہا ______ بریڈ پٹ تو بہت ہی زیادہ مسرورتھا______اور شاید اس کے انبساط کو لوئزے کی بے پناہ محبت اور گرم جوش ساتھ نے مزید بڑھاوا دیاتھا_ _ _ _ _ _ میں تمھیں بتاؤں وہ رات مجھ پر بہت بھاری ہو گئی تھی ______ہاں گیونتھ! اُن برفیلے فلک بوس پہاڑوں سے بھی زیادہ بھاری۔میرا احساس بُری طرح کچل چکا تھا۔ یوں معلوم ہوتاتھا جیسے اس وسیع وبسیط کائنات میں میری ہستی ایک چیونٹی سے زیادہ نہیں اوربریڈپٹ ساری کائنات پر چھایا ہوا ہے۔ جب وہ اور لوئزے اُٹھ کر اپنے خیمے میں شب بسر ی کے لیے چلے گئے توباہر کی تمام برفیلی رُت نے میرے اعصاب جکڑ لیے تھے۔الاؤپوری طرح روشن تھا مگر میرا وجود برف اوڑھ چکا تھا اوردماغ میں کوئلے سلگناشروع ہوگئے تھے۔گیونتھ! تمھیں کیسے بتاؤں میری پیاری______کیسے بتاؤں؟ ______آہ! میرا داغ دار سینہ!‘‘
گیونتھ نے محسوس کیا جیسے اُس کا بھائی کوئی نفسیاتی گتھی سلجھانے کی کوشش میں ہے یا پھر کسی ناآسودگی کا جان لیوا احساس اُس کے اعصاب پر طاری ہورہاہے۔ اُس نے بات کاٹتے ہوئے کہا:
’’اسٹالر!ٹھیک تو ہونا میرے پیارے بھائی!_____میں متجسس ہوں اورسچ کہوں توحیرت آمیز دُکھ محسوس کرتی ہوں۔تم جلدی سے کہوجو بھی کہنا ہے۔‘‘
’’ گیونتھ! یہ دیکھ______ ہاں دیکھ یہ خنجر کا نشان______ یہ اُسی رات کا تحفہ ہے______ میںنے وہ پہاڑ ایسی ٹھنڈی رات اپنے خون سے گرم کی تھی۔ میری چیخیں سُن کر بریڈ پٹ اورلوئزے دیوانہ وار بھاگتے چلے آئے تھے______ تب میں بے ہوش ہوچکاتھااورجب ہوش آیاتو زاکوپانا کی یخ بستہ پہاڑیوں سے پانچ میل دُورایک چھوٹے سے طبی مرکز میں تھا۔‘‘
’’ میرے بھائی! تم نے تو ماں کو بتایاتھا کہ کیمپنگ کے دوران خیمہ تانتے ہوئے تمھیں زخم آیا۔‘‘
’’ہاں______! یہی بتایاتھا______ پیاری گیونتھ! ہماری ماں کتنی حساس تھیں، کیا تم نہیں سمجھتی ہو میں اُنھیں سچ بتا دیتا تووہ میرے دُکھ میںبہت تیزی سے گُھل جاتیں۔ کیا بھول گئی ہواَبا نے جب کسی اور میں دلچسپی لینا شروع کی تھی ،تب ماں نے بغیر انتظار کیے اُن سے علاحدگی اختیار کرلی تھی اورپھر اپنی ساری جوانی ہماری خواہشوں پر قربان کردی______ میں کیسے اُنھیں مزیددُکھ دے سکتا تھا______ کیسے گیونتھ! تم کہو______‘‘
باہر تیز ہواؤں کا شور درختوں کی ٹہنیوں کو رونے اور کُرلانے پر اُکسا رہاتھا______ کہیں کہیں پرندوں کی پھڑپھڑاہٹ اور چیخ چاخ بھی سماعتوں میں اُترتی جاتی تھی۔ یہ اکتوبر کی شام تھی۔ ہلکی سردی مگر دونوں نے گرم کپڑے پہن رکھے تھے۔غالباً دونوںکو تنہائی کے یخ بستہ موسموں نے چاٹ لیاتھا______ یاپھر______ واقعی باہر کے منظر نے برفیلی صورت اختیار کرلی تھی۔ہلکے سبز رنگ کی دیواروں میں کھدی ہوئی کھڑکی پر گہری سبز رنگت کے پردوں کے ارتعاش نے دونوں کو باہرپھیلنے والے منظر کی جانب متوجہ کیا۔ دفعتاً گیونتھ نے لپک کر پردہ ہٹایا تواُن کے چھوٹے سے صحن میں زمانوں سے ایستادہ درخت زمین کا منھ چوم رہاتھا۔شایدبادِ صرصر نے اُس کے پتوںاورٹہنیوں کے ساتھ ساتھ اُس کی جڑیں بھی اکھاڑ دی تھیں_____ ایک لمحے کے لیے گیونتھ کو خیال آیا:
’’ شاید اس کی بے ثمری نے اسے ندامت سے ماردیاہے______‘‘ پھر دوسرا خیال آیا:’’ توکیابانجھ درختوں کو جینے کا کوئی حق نہیں؟‘‘
پھر خود کلامی کرتے ہوئے وہ بڑبڑائی تواسٹالر کو عجیب سااحساس ہوا______بالکل عجیب ______وہ نہیں سمجھ سکا کہ اُس کی بہن نے کیا کہا______اسٹالر نے سوچوں کا انبار جھٹک کر اپنے دماغ سے ہٹادیا______ اُس نے برادرانہ محبت سے اپنی بہن کے دونوں کندھوں پر ہاتھ رکھے______اُس کے ماتھے پر بوسہ ثبت کیا اور پھرکھڑکی سے ہٹا کر واپس کرسی پر لے آیا۔وہ جانتاتھا کہ اَب دوبارہ اس موضوع کو اُستوار کرنا مشکل ہے، کیوں کہ گیونتھ ایسے حالات میں ہیجان کا شکار ہوجایا کرتی تھی۔ خود اسٹالر کا بھی یہی حال تھا۔ شاید والدین کی جدائی اور پھر ماں کی اچانک موت نے دونوںکوخوف زدہ کردیاتھا______یاپھرضرورت سے زیادہ محتاط______ من کی من میں رہی______ اور _ _ _
اگلی صبح بڑی گرم جوشی سے گیونتھ نے ناشتے کی میز پر اپنے بھائی کو بتایا کہ ان کے پڑوس میں ایک ہندوستانی خاندان آکر آباد ہوا ہے۔ان لوگوں نے کدو کا حلوابھیجا ہے۔ یہ خاص سوغات ہے۔ ہمارے یہاںتوکدو کا ایسا استعمال کبھی نہیں ہوا______ لیکن اسٹالر بات وہیں سے شروع کرنا چاہتا تھا ،جہاں سے رات منقطع ہوئی۔اُس نے اپنی بھنوؤں کو ایک خاص انداز سے سکیڑتے ہوئے تجسس ظاہر کیا۔ بہن نے پلیٹ اُس کی جانب بڑھائی ۔ چمچ بھرحلوا اُس نے اپنی پلیٹ میں ڈالا اوردوبارہ بات شروع کی:
’’ تومیں تمھیں بتا رہا تھا مجھے برفیلے پہاڑوں پروقت گزارنا کتنا اچھا لگتا ہے______ اُس سانحے کے بعدہمت ہی نہیں ہوئی______اب جو لوشیاکودیکھا ہے تو______‘‘
اُس نے ملتجیانہ نظروں سے بہن کی جانب دیکھاتووہ ایک خفیف سی مسکراہٹ لبوں پر لاکرپھر کھڑکی کے پاس جاکھڑی ہوئی۔طوفانی ہواؤں نے ہرجانب اُداسیاں پھیلا دی تھیں۔ اُن کے صحن میں قدموں سے اُکھڑا ہوا درخت کسی بے موت مرنے والے کی مانند بے طرح پڑاتھا۔دفعتاً گیونتھ نے کہا:
’’اسٹالر! میں سوچتی ہوں ہمیں فوراً یہ درخت یہاں سے ہٹا دینا چاہیے۔زخموں اور داغوں کا جس قدر ممکن ہوعلاج ہوجاناچاہیے۔‘‘
’’ہاں!شاید______تم ٹھیک کہتی ہو______میںآرا اور کلھاڑی نکالتا ہوں______آج اندازہ ہوا اَماں نے یہ َاوزار کیوں گھر میں رکھے تھے______ وہ جانتی تھیں کہ زخموں اور داغوں کو خود ہی سنبھالناپڑتا ہے______گیونتھ میں کہ رہا تھا ______لوشیا______‘‘
’’اسٹالر!کل شام آندھی آنے سے پہلے یہاں پرندوں کی چہچہاہٹ کیا بھلی معلوم ہوتی تھی۔یہ بارآوری کا زمانہ نہیں ہے لیکن پھر بھی بعض پرندوں نے گھونسلے بنا رکھے ہیں۔ دیکھو ،یہ ٹوٹی شاخ ابھی تک آشیانے کالمس محسوس کرتی ہے______ بالکل اسی جگہ______ ہاںاسٹالراسی جگہ پرندوں کا گھونسلا تھا______ تم جانتے ہونا! پرندے مضبوط اورخم دار ٹہنی پر گھونسلا بناتے ہیں۔ ایسے مقام کا انتخاب کرتے ہیں، جہاں ہوا کا دباؤ کم ہوجائے______ جہاں______‘‘
’’ پیاری گیونتھ! تم کیا پہیلیاں بجھوا رہی ہو______؟ میں نہیں سمجھتا کہ میری اتنی اہم بات کو تم ایسی باتوں میں کیوں اُڑا رہی ہو۔میں کہ رہاتھا لوشیا بہت پیاری ہے______ تمھارا کیا خیال ہے ؟‘‘
’’شاید________ اسٹالر! گھونسلے ٹوٹنے کے لیے ہی بنتے ہیں______ہربارتباہ کن ہوائیں پرندوں کو بے گھر کرجاتی ہیں______ پرندے آشیانے بنانے سے نہیں رُکتے اور ہوائیں تباہی پھیلانے سے______یہ آفاقی سچ ہے لیکن اپنے بانجھ درخت پرٹوٹنے والے گھونسلے نے بہت دُکھی کردیا ہے۔ میں رات بھر نہیں سوئی میرے بھائی!بالکل ایک لمحے کے لیے بھی نہیں۔ میں سوچتی رہی کہ موسم کس طرح اپنا غصہ کم زوروں پر اُتارتے ہیں___________ کس طرح شاخیں ٹوٹتی اوردرخت جڑوں سے اُکھڑتے ہیں______ کس طرح زمین کا سینہ چھلنی ہوکرداغ بن جاتا ہے۔‘‘
’’ میری بہن !تو لوشیا کے بارے میں کیوں نہیں سوچ رہی؟تمھاری سہیلی ہے______ تم اُسے اچھی طرح جانتی ہو______ بتاؤنا کیسی ہے وہ؟‘‘
’’ یہ دیکھو! ظالم ہوا نے میری نئی پینٹنگ کابھی ناس ماردیا______کل ہی توآخری ٹچ دیاتھا اِسے۔ صورتیں بھی تو بگڑنے کے لیے ہی بنتی ہیں______اچھا چھوڑو______جینا ہے، تو مرنا ہے _ _ _ _ بننا ہے، تو بگڑنا ہے______ تم لوشیا کا پوچھ رہے ہو؟‘‘
’’ ہاں ہاں______ ہاں______ میری پیاری گیونتھ جلد بتاؤ نا کیسی ہے وہ______؟‘‘
’’اسٹالر!کیا تم نہیں چاہو گے کہ تمھیں ایک تازہ دم بلکہ تروتازہ پھول اپنے کالر میں سجانے کو ملے______؟‘‘
’’ مائی لَو! کیوں نہیں______ میں ہمیشہ سے یہی سوچتا آیا ہوں______ لوئزے کی طرح بے پناہ اورگرم جوش محبت کرنے والاساتھی۔‘‘
’’لیکن لوشیا غنچۂ نوبہار نہیں ۔ اُس کابوائے فرینڈاُسے چھوڑ چکا ہے۔ اُس کی گود میںننھی اساریہ بھی ہے۔‘‘
زاکوپانا پر پھیلی ہوئی برف کی تہیں اب براہِ راست اسٹالر کو اپنے سینے پر محسوس ہورہی تھیں۔اُس نے سوچاشایدگیونتھ اسی لیے اُس کی بات ٹالتی رہی _____مگر_____نہ سہی غنچۂ نوبہار______ابا نے بھی توچھے بچوں کی ماں کے لیے ہماری اماں کو چھوڑ دیاتھا______شاید لوشیا، لوئزے کی طرح گرم جوش ہو اوراُس کا ساتھی زاکوپانا کی یخ بستہ چٹانوں کی مانند______ لیکن میں ایسا نہیں ہوں______ میری ساتھ وہ خوش جیے گی۔اسٹالر نے نہایت تیزی سے اپنی سیاہ شرٹ کابٹن چھاتی کے پاس سے کھولا اورسینہ ننگا کرکے اپنی بہن کو دکھایا:
’’ پیاری گیونتھ! تم چاہتی ہو میرے سینے پر ایک اورداغ کا اضافہ ہوجائے______؟‘‘
’’ہرگز نہیں________ہر گزبھی نہیں______تم اپنے فیصلوں میں آزاد ہو______ ہر کوئی اپنے فیصلوں میں آزاد ہے______ پرندے گھونسلا بنانے میں اور ہوائیں تباہی مچانے میں آزاد ہیں۔‘‘
O
لوشیااوراسٹالر کا ساتھ چار سال سے کچھ دن زیادہ رہا۔اُس نے بہت چاہا کہ کسی طرح ایک رات کے لیے ہی سہی ، وہ اُس کے ساتھ زاکوپانا کی اُس چوٹی پرشب بسری کے لیے چلی چلے، جہاں اُس نے بریڈپٹ اور لوئزے کو گرمیِ محبت میں سرشاردیکھاتھا______ جہاں اُسے پہلی بار احساس ہوا تھا، کہ عورت کا وجود ایک مرد کے لیے کتنا ضروری ہے______جہاں اُسے لگاتھا کہ کائنات کے تمام رنگوںمیںپختہ رنگ عورت کا ہے۔ تمام ذائقوں میں سب سے رسیلاذائقہ عورت کا ہے۔تمام خوشبوؤں میں سب سے مسرورکن اورسحرآمیزخوشبوزلفوں کی ہے۔اب مگر وقت جوں جوں گزررہا تھا، اُس کے محسوسات میں اُداسی بڑھتی جاتی تھی۔اسٹالر کوبارہا یہ گمان گزرا کہ یا تووہ زاکوپانا کے برفیلے تودوں کی مانند ہوگیا ہے یا پھرلوشیا______ پھر اَساریہ کے چوکڑی بھرتے قدموں کو پکڑنے والا بھی توکوئی نہیں آسکاتھا۔اسٹالر نہیں سمجھ سکاتھاآخر چار سال میں ایک باربھی شاخوں پر بُور کیوںنہیں آیا؟ اُس کا تنومند، تروتازہ، گرم جوش اورجذبوں سے بھرا ہوا جسم بے نموہوگا______ وہ ایسا نہیں سوچتاتھا______ پھر لوشیا کی گود میں تو اساریہ _ _ _ _ __ یہ خیال اُس کی جان لینے کو بہت تھا۔ تب تیز طوفانی ہواؤں نے شاخوں سے گھونسلا جھٹک دیا۔
O
زمانوںتک وہ اپنے ریزہ ریزہ وجود کے تنکے چنتارہا______چنتاگیا______یہاں تک کہ اُس نے اپنی قوت مجتمع کرلی۔ یہ ایسٹر کی رات تھی۔ اُس نے سوچا:
’’ نئی رُتوں سے ہم کلامی نہ سہی، کسی کو ہم کلام ہوتے دیکھنے میں کیا حرج ہے؟______ میںضرور کلب جاؤںگا______ جی بھر کے رقص کروں گا______جام چھلکاؤںگا______نڈھال ہوجاؤں گا______تونہال ہوجاؤں گا۔‘‘
رات بہت گہری اور پُراسرار تھی اوراُس کے محلّے کی بے چراغ گلیوں میں زمانوں بعدقمقموں کی بہاریں اُتری تھیں۔ اُس نے دودھیائی رنگت کا ٹوپیس سوٹ زیبِ تن کیااوراُس پر نہایت سُرخ رنگ کی ٹائی یوں لگائی جیسے ابھی کسی بندھن میں بندھنے جارہا ہو۔کوٹ کی جیب میں سُرخ اَدھ کھلاگلاب ایک خاص وضع سے ٹکایا اور پھرایل بَو پرفیوم سے اپناسراپا معطر کرلیا۔یہ معمول کے خلاف تھا،اس لیے کہ اُس کا پسندیدہ پرفیوم توپلے بوائے تھا۔ اتنا پسندیدہ کہ کبھی کبھی تو اُسے لگتاتھا کہ پلے بوائے کمپنی نے یہ پرفیوم اسی کے لیے تخلیق کیا ہے۔اب مگر ایل بَو کی لپٹیں اُس کے آس پاس کے وسیع رقبے کو مہکا رہی تھیں۔ اُس نے قدِ آدم آئینے میں اپنا سراپا دیکھا۔ ٹائی کی گرہ دُرست کی۔ بھنویں ہموار کیں۔اُنگلیوں سے بال سنوارے اور پھر کندھے اُچکا کربہ غور اپنا جائزہ لیا۔ باہر نکلنے سے پہلے اُس نے کوٹ کے دونوں کندھے دُرست کیے ۔
ایک مخصوص میز پر اُس کا دوست اِیگرسن پہلے سے موجودتھا۔اسٹالر کی تروتازگی موجبِ حیرت تھی تو باعث خوشی بھی۔کچھ کچھ تو وہ دیکھتے ہی بھانپ گیا______ پھر بھی وہ چاہتاتھا کہ اسٹالر خود بتائے زمانوں بعداسے کلب آنے کاخیال کیوں کرآیا______ آخرکیوں______ ؟
’’اِیگرسن! تم نے مچلتے تاروں کو اندھیری شب میں کبھی دیکھا ہے؟‘‘
’’کچھ خاص نہیں______ تمھیں کیا لگا؟‘‘
’’ بس یوں سمجھ لو میں جینے کی آرزو میں ہوں اورشبِ تاب میں اپنا حصہ تلاش کرنے نکلا ہوں______ ہاں اپناحصہ______ ‘‘
’’توگویاچاند کو گرہ لگانے کی خواہش میں ہو۔‘‘
’’ کہ سکتے ہو______ تم سناؤ۔‘‘
مینوکارڈ پیش کرتے ہوئے ایک اَپسرا اُس کے سامنے یوں کھڑی تھی، جیسے دیودار کافلک بوس درخت کہساروں میںایستادہ۔کھنکتی ہوئی آواز میں لفظ کیاتھے، سُروں کا جلترنگ تھا، گویا بادِ نسیم کی مانندسانسوں میں گھل گئے ہوں۔اسٹالرعالمِ محویت میں یہ سوچ بھی نہ سکاکہ کہاں بیٹھا ہے۔ تب اِیگرسن نے سکوت کی دیوارکاٹتے ہوئے کہا:
’’ یہ جورجینا ہے۔کلب کی نئی منیجر ______ نئے آنے والے مہمانوں کا استقبال کرنے خودآتی ہے۔ یہ اس کا اندازہے اورمہمان نوازی کاخاص جذبہ بھی۔‘‘
’’ ہوںنہہ ہ ہ ہ ہ ہ______ اچھااچھا______ اچھا لگا انھیں دیکھ کر۔‘‘
وہ تومسکراہٹیں بکھیر،آڈر لے چلی گئی لیکن اسٹالر کی آنکھوں میں مجسم منظر چھوڑ گئی ۔اُسے یوں لگا جیسے وہ اسی لمحے کا منتظر تھا۔اُس نے ایگرسن کو مخاطب کر کے کہا:
’’پیاری ہے نا______ ؟‘‘
’’ بہت پیاری______ لیکن مچھلی ہے ______ تیرے ہاتھ نہیں آنے کی۔‘‘
’’آہا______ !!______ دیکھتے ہیں______ تم نے ورڈز ورتھ کوتوپڑھا ہوگا______ میں اس کا ایک سانیٹ سُناتا ہوں۔ ایسی ہی کسی کیفیت میں اُس نے کہاہوگا، جس کا میں شکار ہوا______ سُنوتو:
حسن میں ڈوبی ہوئی یہ شامِ آزاد و خموش
اور یہ درماندہ سورج ، یہ غروبِ بے صدا
یوں فضاؤں میں مقدّس وقت ہے ٹھٹکا ہوا
جیسے کوئی رہبر محوِ دعائے بے خروش
لے رہا ہے چرخ ، سطحِ آب پر انگڑائیاں
جاگتا ہے چرخ پر یزدانِ توانا و غنی
سرمدی حرکت میں ہے اس طرح محوِ سرخوشی
گونجتی ہو جس طرح پیہم کوئی برقِ تپاں
تْو مرے ہمراہ ہے اس وقت مری جانِ جاں
تجھ پہ گو فکرِ گراں کا یہ فسوں طاری نہیں
فطرتِ احساس الوہیت سے تو عاری نہیں
خْلد کی آغوش میں دیتی ہے تجھ کو لوریاں
بارگاہِ ایزدی میں سرنگوں تیری جبیں
تْو خدا سے ہم نوا ، ہم کو خبر کچھ بھی نہیں
لیکن خالی تومیں بھی نہیں ہوں______ایمانی جذبوں سے لبریز دل______ بھرپور جوان_ _ _ _ _ کئی دلوںکوشکار کرتا ہوا______ کیا ہواجوسکوت اوڑھ کے سوگیاتھا۔ اب آنکھ بھی نہیں جھپکوں گا۔‘‘
اسٹالرنے اپنی سوچ کو نیازاویہ دے کرایگرسن سے رخصت چاہی۔
یہ کرسمس تھی، جب جورجیناسفیدبراق جیسی پوشاک پہن ، فرشتوں جیسی اُجلی تازگی چہرے پر اُتار، اُس کے من آنگن کو مہکانے کے لیے موجود تھی۔ پھر یوں ہی مہینے گزر گئے۔ وقت کہاںرُکتا ہے______ آس پاس کے سبھی علاقوں کی سیاحت ہوچکی تھی اور زاکوپانا کی برفیلی فضاؤں میں شب بسری کی تمنا بھی بر آئی تھی______ جورجینا بالکل لوئزے کی طرح گرم جوش، محبت سے بھرپوراورلاجواب کردینے والی تھی______ اسٹالرکی توجیسے من کی مراد پوری ہوئی تھی۔گھومتے گھماتے وہ دونوں وسط ایشیائی ریاستوں تک آگئے تھے۔اُس نے جورجینا کو بتایا تھا کہ ہندوستان بہت خوبصورت ہے۔ان کے پڑوسیوں کے خوان پر کدو کا حلوا بھی ہوتا تھا۔اس سیاحت میں بھی ہندوستان کی یہ سوغات کھانا ان کے ارادوں میں شامل تھا۔ افغانستان کے علاقے واخان سے ہوکراُنھوں نے ترچ میر کے دامن تک پہنچناتھا______واخان میں کیمپنگ کے دوران اسٹالر کوایک شب یہ احساس البتہ ضرور ہوا کہ شاخِ مراد نہال ہو کر بھی ہری نہیں ہوئی______ اس کے لیے البتہ وہ زیادہ فکر مند نہیں تھا۔ وہ سوچ رہاتھا کہ ملک واپسی کے بعد ضرورڈاکٹر سے رجوع کرے گا______
اب مگراُن کی دُنیا بدل چکی تھی۔
جورجینا کا نچا ہواچہرہ اُس کا سینہ چیرتاتھا۔پانچ سال______ ہاں پانچ سال سے وہ دونوں نت نئے ہاتھوں تک پہنچتے رہے۔پہلی بار تو اُس نے جورجینا کی فلک شگاف چیخیں سنی تھیں۔ دس بارہ مسلح افراداُسے زبردستی اُٹھا کر لے گئے تھے۔ پھر یہ معمول ہوگیا۔ اُس کی چیخیں آسمان کوپھاڑتی رہیں______وہ اُس کے زخم سہلاتا، حوصلہ دیتا رہا______ اپنی گرم رُو محبت سے اُسے سرشار کرنے کے جتن کرتا رہا مگر وہ زاکوپانا کی برفیلی دبیزتہیں اوڑھ چکی تھی______ پھر کچھ ہی عرصہ بعد اُس کے وجود میںایک نئی زندگی نے سرسراہٹ لی۔آسمان خاموش تھا اور زمین پرننھی آواز دھاڑ رہی تھی۔ اس آواز کی خاک کو’’ کھیوین‘‘ کا نام دے دیا گیا______ ابھی کچھ ہی دن گزرے تھے کہ اُنھیں رات کے اندھیروں میں کسی اور منزل سے آشنا کردیا گیا______ یہاں بھی وہی نوچ کھسوٹ اور پھر وقت سے پہلے دنیا میںآنے والی ایک اور ننھی روح کو’’ ایونز ‘‘کانام دینا پڑا۔
نیلگوںقالین کے وسط میں اُترا ہوا کہکشاں ماند پڑرہا تھا۔ اسٹالر نے بوٹوں کی مخصوص آواز پہچان کر سرگوشی میں کہا:
’’ جورجینا! مجھے معاف کردینا______میں تمھاری گرم رو محبت کی تمنا میںتمھیں کانٹوں میں گھسیٹ آیا______ درندوں کے سامنے ڈال آیا۔‘‘
وہاں لفظ مگر مر چکے تھے_________ جذبے راکھ ہوچکے تھے______ خواہشیں مٹی اوڑھ چکی تھیں______ وہ کیا کہتی______!!
بوٹوں والے اُسے لینے آئے تھے مگراس کس مپرسی میں دیکھ کر شاید انھیں رحم آگیا______ یا شایداُن کاجی اس طرف مائل ہی نہیں تھا______ کچھ بھی تھا، لیکن اَنہونی تھی______اب ایک اورنادیدہ منزل اُن کے سامنے تھی______کھیوین اور ایونز خاک میں چوکڑیاں بھرتے تھے۔ انھوں نے ماں کو داغ دار ہوتے محسوس کیاتھا______دیکھاتھا، برتاتھا_____اب ایک طرف وہی داغ داروجود تھا______ تو دوسری جانب اسٹالر کابے بس جسم ___ایک گہری اورتصور کو قتل کردینے والی خاموشی کا راج تھا،ایسے میںاسٹالرکوایک بھیانک خیال نے آدبوچا______ ایسا خیال جو اُس کی روح کو زخمی کیے جارہاتھا _ _ _ _ اُس نے سوچا:
’’ جورجینا کے جسم و جان پر داغ کس کے ہیں__________؟ میرے______ مائیکل ڈی سوزا کے______پالی کمہارکے______رانا کل دیپ ______ یا پھر ابونصیرکے______اگر طے ہوجائے توبچوں کواُن کی دُرست نسبت کے ساتھ یاد کرنے کا انتظام ہوسکتا ہے۔‘‘
O
[ثبات، شعبہ اُردو،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی،اسلام آباد،جون تا دسمبر۲۰۱۷ء، جلد۱۔شمارہ۱]