ضُعف دماغ Cerebral Anemia (سیری برل انیمیا)
وجوہات و تشخیص: اس مرض میں دماغ کے کل یا بعض حصوں میں خون کا کم مقدار میں پہنچھنا ہے، جس کی وجہ سے دماغی پرورش میں کمی آ کر کمزور ہو جاتا ہے اور اپنے افعال کو اچھی طرح سر انجام نہیں دے سکتا۔
ضعف دماغ کی عام طور پر مندرجہ ذیل وجوہات ہوتی ہیں۔
کمی خون، ضعف قلب، کمی غذا، زیادہ دماغی محنت، کثرت جماع، جریان، احتلام، جلق، دائمی قبض، دائمی نزلہ زماک، دماغی شریانوں میں مڑھ پڑ جانا وغیرہ اسباب سے دماغ کمزور ہو جاتا ہے۔
سر میں اکثر ہلکا درد رہتا ہے۔ جو خصوصاً پچھلے حصہ میں ہوتا ہے۔ سستی، کاہلی، مدہوشی، معمولی دماغی محنت سے تھک جانا، معمولی مطالعہ، معمولی شور و غل و چیخ و پکار کو برداشت نہ کرنا، تھوڑا سا لکھنے پڑھنے، دھوپ میں چلنے پھرنے اور زور سے گفتگو کرنے سے درد سر ہونے لگتا ہے۔ کانوں میں مختلف آوازیں آنا، اُٹھتے بیٹھتے چکر آنا اور آنکھوں کے آگے اندھیرا آنا، دائمی نزلہ و زکام، چہرہ کی رنگت سفید، بے خوابی اور آنکھوں کی پتلیوں کا پھیل جانا وغیرہ علامات ہوتی ہیں۔
شدید حالات میں غشی بھی طاری ہو جاتی ہے اور ہاتھ پاؤں بھی تشنج ہونے لگتا ہے۔ میں نے اکثر ایسے مریض دیکھے ہیں جو اکثر لمبی بیماریوں مثلاً ملیریا، مزمن، تپ محرقہ، تپ دق، سنگراہنی، دائمی نزلہ زکام میں مبتلا ہوتے ہیں۔ کثرت جماع اور جلق کے عادی اور عورتوں میں کثرت حیض و نفاس کی مرض سے ضعف دماغ عام طور پر پایا گیا ہے۔
در حقیقت یہ کوئی مستقل مرض نہیں، بلکہ بعض امراض کی علامت ہے۔
علاج: مرض کے اصل اسباب کو معلوم کر کے دور کرنا ہی اس مرض کا کامیاب علاج ہے۔ اگر مرض شدید ہو اور مریض کو غش آتے ہوں تو مریض کو آرام سے بستر پر لیٹے رہنے کی ہدایت کریں اور ایسی دوائیں سونگھائیں جو دماغ کو تحریک میں لا کر مریض کو ہوش میں لائیں۔ قبض کی شکایت ہو تو حقنہ کے ذریعہ قبض کو رفع کریں اور مقوی ادویات استعمال کریں۔
عام حالات میں سبب کے مطابق علاج کرنا چاہیے۔
ضعف دماغ کے علاج میں کامیابی کا انحصار اصل سبب مرض کا رفع کرنا اور دماغ کو توادت اور قوت پہنچانے پر منحصر ہے۔
اکسیر حافظہ: مغز بادام، مغز کڈو، سونف، خشخاش سفید ہر ایک ۶ تولہ، الئچی خورد ۶ تولہ، کشتہ چاندی ۵ ماشہ، مصری کوزہ ۶ تولہ کوٹ چھان کر سفوف بنا دیں۔
خوراک ۱ تولہ ہمراہ شیر گاؤ دن میں دو بار۔
فوائد: قوت حافظہ، کمزوری دماغ، دائمی نزلہ و زکام کے دور کرنے کے لیے اکسیر ہے۔
سفوف مقوی دماغ: کشنیز، کندر، چاول سونف، مغز بادام مصری کوزہ سفوف برہمی بوٹی ہر ایک ۵ تولہ۔
الگ الگ کوٹ کر سفوف بنا دیں۔
خوراک رات کو سوتے وقت ۶ تولہ ہمراہ شیر گاؤ استعمال کریں۔ دماغی کمزوری نسیان (بھول جانا) کے لیے عمدہ نسخہ ہے۔
ضعف دماغ میں دواؤں کی نسبت غذاؤں سے تقویت کرنا زیادہ مفید ہے۔
دماغی کمزوری کو دور کرنے والا نادر و نایاب نسخہ
فاسفوبرین ٹانک: ایکسڑیکٹ برین ۱۰ تولہ، طباشیر کبود ۱ تولہ، ساذج مندی ۱ تولہ، زرادند مدحرج ۱ تولہ، کٹھ شیریں ۱ تولہ، دردنج عقربی ۱ تولہ، الائچی خورد ۱ تولہ۔
جملہ ادویہ کو باریک کریں، ورق نقرہ ۴ ماشہ، ورق طلا ۱ ماشہ، مسک آرٹی فیشل ۱ ڈرام پل فاسفورس دو ڈرام (یہ فاسفورس کا مرکب ہے بعض اوقات نہیں ملتی تو اس کی بجائے ایسڈ فاسفورک ڈائیلیوٹ مقدار خوراک کے لحاظ سے نسخہ میں شامل کی جاسکتی ہے۔ ایسڈ فاسفورک کی مقدار خوراک ۵ تا ۶۰ منم ہے) شامل کریں۔ اور ہموزن جملہ ادویہ شہد خالص ملا دیں۔
خوراک ۴ تا ۶ ماشہ صبح و شام ہمراہ چائے یا دودھ
یہ ایسا نسخہ ہے جو کمزوری دماغ کا سو فیصد علاج ہے۔ دماغی کام کرنے والوں کے لیے بہترین شے ہے۔
علاوہ ازیں دائمی نزلہ و زکام، آنکھوں کے آگے اندھیرا آنا، سر چکرانا، کمزوری قوت باہ، جریان، احتلام کے لیے بھی مفید ہے۔ اس کی ایک خوراک کھانے سے انسان گھنٹوں دماغی کام کر سکتا ہے۔ نادر روزگار ایجاد ہے۔
ترکیب ساخت ایکسٹریکٹ برین۔
بکرے کے سر کا مغز نکال لیں۔ ہموزن کوزہ مصری یا کھانڈ ملا کر خوب گھوٹیں۔ حتٰی کہ یک جان ہو جائیں۔ پھر پانی کی بھاپ پر خُشک کر لیں۔ بس تیار ہے، شامل نسخہ کریں۔
اکسیر مقوی دماغ: وٹامن بی ۱۲،۱۰۰۰ مائیکروگرام ہر چار دن بعد ایک عضلاتی انجکشن کریں۔
دماغ کو طاقت دینے کے لیے اکسیری علاج ہے۔ عام مقوی جسم بھی ہے۔
دوائے عجیب: خشخاش سفید ۳ ماشہ، مغز بادام ۲۰ عدد، چہار مغز ۳ ماشہ، دودھ گائے یا بکری ایک پاؤ، چینی سفید ۵ تولہ۔
جملہ چیزیں دودھ میں کھرل کر لیں۔ چھان کر صاف کریں۔ آگ پر گرم کر کے صبح و شام استعمال کریں۔
کمزوری دماغ، نزلہ زکام، کھانسی، سر درد، سر چکرانا، آنکھوں کے آگے اندھیرا آنا وغیرہ کے لیے مفید ہے۔ دماغی کام کرنے والوں کے لیے اول درجہ کی دوا ہے۔
اکسیر دماغ: طباشیر ۲ ماشہ، مردارید خالص ۱ ماشہ، کشتہ چاندی ۱ ماشہ، جملہ اشیا کو متواتر چھ گھنٹہ کھرل کریں۔
خوراک ۲ رتی ہمراہ مکھن یا ملائی وغیرہ۔
کمزوری دماغ، قلب کا اکسیری علاج ہے۔ خفقان (دل دھڑکنا) کے لیے مجرب ہے۔
اگر کمی خون کی وجہ سے ضعف دماغ ہو تو لورایکسٹریکٹ بمع وٹامن بی ۱۲ کا استعمال بے حد مفید ثابت ہوا ہے۔ یہ کئی کمپنیوں کا تیار شدہ مختلف ناموں سے مثلاً پلاگزائن (گلیکسو)، کمپولان (بائر) ملتا ہے۔
مقدار استعمال: ایک سی سی عضلاتی ٹیکہ کریں، ہفتہ میں دو بار اور خوردنی طور پر یہ نسخہ استعمال کریں۔
تریاق بدنی: کشتہ مرجان ۶ ماشہ، ورق طلا ۱ ماشہ، ورق چاندی ۳ ماشہ، کشتہ فولاد ۶ ماشہ، کشتہ سیماب ۶ ماشہ، کشتہ جست ۳ ماشہ، کشتہ قلعی ۶ ماشہ، کشتہ ابرک سیاہ ۷ ماشہ۔
جملہ ادویہ کو تقریباً ۳ گھنٹہ کھرل کریں تیار ہے۔
مقدار خوراک ۲ چاول مکھن یا بالائی میں ملا کر کھلائیں۔
فوائد: ضعف اعضائے رئیسہ دل، دماغ، جگر اعصاب، عضلات اور عام جسمانی کمزوری خاص کر دماغی کے لیے اکسیری دوا ہے، اس کے استعمال سے جسمانی کمزوری بہت جلد رفع ہو جاتی ہے۔
اکسیر دماغ: مغز بادام ۵ دانہ، رات کو پانی میں بھگو رکھیں، صبح چھلکا اتار کر کسی برتن میں کھرل کریں۔ اس کئ بعد اس میں مکھن ۵ تولہ، چینی سفید ۵ تولہ، ورق نقرہ ۵ عدد۔ ملا کر علے الصبح ناشتہ کریں۔ کیسا ہی دماغ کمزور کیوں نہ ہو، اس چار پانچ ہفتہ کے استعمال سے دماغ کمزوری رفع ہو جاتی ہے۔
نسخہ: مغز پستہ ۱ تولہ، مغز چلغوزہ ۱ تولہ، مغز قندق ۱ تولہ، مغز بادام ۱ تولہ، تخم شلجم ۶ ماشہ، تخم ترب ۶ ماشہ، تخم ہلیون ۶ ماشہ، جوزبویا ۳ ماشہ، خولنجان ۶ ماشہ، وچ ترکی ۱ تولہ، دار چینی ۶ ماشہ، قرنفل ۶ ماشہ، فلفل سیاہ ۶ ماشہ، وار فلفل ۶ ماشہ، عاقرقرحا ۶ ماشہ۔
سب کو کوٹ چھان کر شہد دو چند ملا کر معجون بنائیں۔
خوراک ۱ تولہ ہمراہ شربت برگ تنبول ۲ تولہ کے پلانا مفید ہے۔ دماغی تقویت اور نسیان کو رفع کرنے میں اکسیر ہے۔
اکسیر دماغ: اجزائے ترکیبی۔ کلکیریافاس، گنیشیافاس، فیرم فاس، نیٹرم فاس، ہموزن۔
علامات: حافظہ کمزور، بہت جلدی تھک جانا ےا سیڑھیاں چڑھنے کے بعد سانس کا پھول جانا۔ عام کمزوری، کمی خون، میعادی بخار کے بعد کی کمزوری و ناطاقتی کے لیے بہترین دوا ہے۔
اکسیر بدن: اجزائے ترکیبی۔ کلکیریا فاس، فیرم فاس، کالی فاس، مگنیشیا فاس، نیٹرم فاس، ہموزن۔
علامات: عام کمزوری و ناطاقتی کا احساس، خون کی کمی اور نقاہت، قبض، درد سر، مریض ذکی الحس، حافظہ کمزور، ہاتھ اور پاؤں کی ہتھیلیوں میں جلن، کم خوابی، ڈرپوک اور تیز طعبیت۔
خوراک دو ٹکیاں ہر تین گھنٹہ بعد۔
غذا: زود ہضم مقوی غذائیں مثلاً مونگ کی دال، سنوربا سبز ترکاریاں، حیوابات کے مغز، دودھ، مکھن، ملائی، انڈا استعمال کرنا چاہیے۔ سیب، امرود، انگور، سردہ، آم، میٹھا کھلائیں۔
پرہیز: قابض، بادی اور ترش چیزوں سے پرہیز رکھیں۔ کثرت جماع، دماغی محنت، گرم خشک غذاؤں سے پرہیز ضروری ہے۔
آلو گوبھی، بینگن، لہسن، پیاز، چائے، تمباکو نوشی اور کثرت مطالعہ سے بچنا چاہیے۔