(Last Updated On: )
مکانوں کی چھتوں سے
برف رخصت ہوتی جاتی ہے
مگر جاتی کہاں ہے؟
کہاں سے آئی تھی؟
لائی گئی تھی—! آپ آئی تھی—؟
آسمانوں سے اتر کر
صورتِ برسات برسی تھی
کہ برسائی گئی تھی—؟
ابھی کچھ وقت پہلے تک
مکانوں کی چھتوں پر، چوٹیوں
اونچائیوں، نیچائیوں پر
مکانوں
پیش لانوں
پائیںباغوں، پارکوں
سائیڈ واکوں
راستوں اور شاہراہوں میں
ابھی کچھ وقت پہلے تک
وہ تھی موجود—
حقیقت میں وہ تھی
اور مادّے کی ٹھوس صورت میں
اپنے ہونے کی گواہی تھی
گواہی دیتی تھی وہ اپنے ہونے کی مگر اب خود
خلائوں میں، نہ ہونے کے، کہیں
گم ہوتی جاتی ہے
حقیقت میں اگر وہ تھی، کہاں تھی—؟
حقیقت میں اگر وہ ہے، کہاں ہے—؟