رفیق شاکر، کھامگانوی
بڑے خالو
محلے بھر کے لوگوں کو جگاتے ہیں بڑے خالو
بڑی خالہ سے لڑنے پر جو آتے ہیں بڑے خالو
کوئی بیگن میں تلی بھر رہا ہے ایسا لگتا ہے
جو اپنی نک پڑی میں نس لگاتے ہیں بڑے خالو
سری دیوی کی کوئی فلم آ جائے جو گاؤں میں
جیتندر کی طرح ہلّڑ مچاتے ہیں بڑے خالو
سلو بیٹنگ ہی چلتی ہے اگر ہو دال دستر پر
مٹن مل جائے تو سکسر لگاتے ہیں بڑے خالو
بڑے خالو سے بچوں کو ڈراتی ہے بڑی خالہ
بڑی خالہ سے بڈھوں کو ڈراتے ہیں بڑے خالو
وہ ہنستے ہیں تو سولہ دانت کا چوکا چمکتا ہے
بنا کا گیت مالا بن کے آتے ہیں بڑے خالو
جہاں پر دال کس کی بھی نہیں گلتی کبھی شاکر
وہیں اکثر سری پائے گلاتے ہیں بڑے خالو
پھپّا
چاندنی سے چٹک گئے پھپّا
بس کے پیچھے لٹک گئے پھپّا
لوگ لائے ہیں ان کو مسجد میں
یا کہ خود ہی بھٹک گئے پھپّا
پھوپی بی اے بھی ہو گئی لیکن
پانچویں میں لٹک گئے پھپّا
سارے پر چوں میں پاس تھے لیکن
ہسٹری میں اٹک گئے پھپّا
دام دینے کے وقت اے شاکرؔ
خالی بٹوا جھٹک گئے پھپّا