(Last Updated On: )
۱
بچوں کو چھوڑ چھاڑ کے میکے چلی گئی
رشتوں کو توڑ تاڑ کے میکے چلی گئی
میں نے کہا کہ دیکھنا ٹی وی کا ہے برا
ٹی وی کو پھوڑ پھاڑ کے میکے چلی گئی
۲
تعلیم پا کے منزلِ مقصود پائے گا
سوچا تھا، پر یہ چھوکرا رستہ بھٹک گیا
کالج میں چھوڑ چھاڑ کر اپنی پڑھائی کو
اک چھوکری کی زلف میں جا کر اٹک گیا
۳
ملّا مزے میں ہے نہ پجاری مزے میں ہے
مالِ حرام کھا کے جُواری مزے میں ہے
گھر بار کی ہے فکر نہ بچوں کا ٹینشن
ہے موج میں کنوارا، کنواری مزے میں ہے
۴
باتیں تو کر رہے ہیں بڑی آن بان کی
کرتے رہیں صفائی بھی اپنے مکان کی
کیا کہئے اس ادا کو مگر آنجناب کی
پچکاریاں ہیں چار طرف ہے ان کے پان کی