یہ14اگست1995ء کی سہ پہر تھی۔ مزار قائد کے چاروں اور بچوں ، عورتوں اور بوڑھوں کا ہجوم تھا۔ لوگ اپنے قائد سے عقیدت کے اظہار کے لیے یہاں جمع تھے۔ بچے خصوصیت کے ساتھ مزار کی جا لیوں تک پہنچنے کی کوشش کر تے اور جو کام یاب ہو جاتے وہ اندر جھانک کر منظر کو آنکھوں میں بھر لینے کی کوشش کر تے۔
مجھے دفتر سے چھٹی تھی اور صبح ہی سے میں اپنے دوست خالد محمود کے ساتھ شہرِ قائد کی گلیوں میں مٹر گشت کر رہا تھا۔ صدر سے مزار قائد تک کا سفر ہم نے پیدل ہی طے کیا تھا۔ اب جو یہاں بیٹھے تھے تو قوم کی تین نسلوں کو قائد سے محبت کا اظہار کر تے ہوئے دیکھ رہے تھے۔ جب میں نے مزار پر فاتحہ خوانی کی تو کم و بیش میرے بھی وہی جذبات تھے جو ایک پاکستانی کے ہو سکتے ہیں۔ ۔ ۔ تب بھی میں نے سوچا تھا اور اب بھی سوچ رہا ہوں کہ14اگست تو اس خطہ کی آزادی کا دن ہے پھر میری آنکھوں میں اشکوں کا سیلاب کیوں اُترا تھا۔ ۔ ۔ کیوں میری ہچکیاں تھمنے کا نام نہیں لی رہی تھیں۔ ۔ ۔ کیوں میرے پاؤں بھاری ہو گئے تھے ؟ ہوش کی دنیا میں تو تب لوٹا تھا جب میرے ساتھی نے ٹھنڈا مشروب میرے ہاتھ میں تھماتے ہوئے کہا
’’تمھیں یوں اچانک کیا ہو جاتا ہے ؟ 23مارچ کو ہونے والی تقریب کے موقع پربھی تم یوں ہی روتے رہے ہو‘‘
میں اسے کیا جواب دیتا، مجھے تو خود معلوم نہیں تھا کہ میرے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے۔ خوشی کے ان موقعوں پر میری آنکھوں سے چشموں کا جاری ہونا خود میرے لیے بھی عجیب ہی نہیں بہت عجیب ہے۔ آج بارہ سال بعد بھی میری کیفیت وہی ہے۔ اگرچہ میں مزار قائد سے سیکڑوں میل دور ہوں۔ ۔ ۔ مگر میرے دل و دماغ کی کیفیت بالکل ویسی ہی ہے جیسی کہ تھی۔ لیکن اب مجھے یہ معلوم ہو گیا ہے کہ اس خوشی کے موقع پر میری آنکھوں میں نمی کیوں اُتر آتی ہے۔ خیر۔ ۔ ۔ !
میں 14اگست1995ء کی بات کر رہا تھا۔ جس لمحے میں ٹھنڈا مشروب اپنے حلق میں انڈیل رہا تھا عین اسی وقت ایک باریش نحیف و نزار بزرگ میرے سامنے آلتی پالتی مار کر بیٹھ گئے۔ ان کے ہاتھ میں بچوں کے لیے ٹافیاں پکڑی ہوئی تھیں۔ میرے دوست خالد محمود نے بزرگ کو مخاطب کر کے کہا
’’بابا! کچھ نہیں چاہیے ‘‘۔ ۔ ۔
مگر وہ اپنی جگہ سے نہ سرکے اور برابر میرے چہرے پر نظریں جمائے رہے۔ میں آنسوؤں کو پونچھتا ہوا۔ ۔ ۔ اپنی ہچکیوں پر قابو پانے کی کوشش کرتا اور وقفہ وقفہ سے شربت کا گھونٹ بھی حلق سے اُتار دیتا۔ یوں ہی کچھ دیر گزری تو بزرگ گویا ہوئے
’’کیوں روئے تھے میاں۔ ۔ ۔ ؟ ‘‘
میں کیا بتاتا، میں تو خود نہیں جانتا تھا۔ ۔ ۔ بس اتنا کہا
’’معلوم نہیں ‘‘
تو بزرگ نے سرگوشی کے سے انداز میں کہا
’’مگر مجھے معلوم ہے ‘‘
اور پھر خلاؤں میں گھورنے لگے۔ ۔ ۔ تب آنسوؤں کی ایک ایک لڑی ان کی دونوں آنکھوں سے جدا ہو کر ان کے جھریوں بھرے چہرے پر پھیل گئی۔ ان کے چہرے کا رنگ لمحہ لمحہ بدلتا گیا۔ ۔ ۔ اور پھر ان کی ہچکیاں بند ھ گئیں۔ پھر میں نے وہی سوال دہرایا جو انھوں نے مجھ سے کیا تھا۔ میں نے دیکھا کہ، ان کی آنکھوں میں ایک غیر مانوس سی چمک نے سر اُٹھایا اور پھر یکایک غائب ہو گئی۔ انھوں نے اپنی میلی آستین کو آنکھوں پر یوں ملا جیسے ان کے سامنے سے اندھیارے کی دیوار ہٹا رہے ہوں۔
’’میں گیارہ برس کا تھا جب پاکستان بنا۔ اباّ جالندھر کے نواح میں اسکول میں استاد تھے۔ اماں گھر کا کام کاج ہی کرتی تھیں۔ تین بڑی بہنیں تھیں مجھ سے ، جو گھر میں ہی پڑھی تھیں اور اماں کا ہاتھ بٹاتی تھیں۔ بجیا شائستہ میرے پھوپھی زاد منیر احمد سے منسوب تھیں ، اپیا آمنہ ان کے چھوٹے بھائی نذیر احمد سے اور میرا رشتہ ان کی بہن عذرا سے طے تھا۔ ہمارے خاندان میں مذہبی تعلیم عام تھی، اسی سبب سے اڑوس پڑوس کے لوگ احترام کی نگاہ سے دیکھتے۔ ہمارے اباّجی تو کبھی کبھار محلہ کی مسجد میں نماز بھی پڑھا دیا کر تے تھے۔
یہ پاکستان بننے کے کچھ دن اِدھر کی بات ہے۔ ہمارا قافلہ ہماری پھوپھو اور ان کے بچوں اور دیگر رشتہ داروں کو ملا کر ستائیس افراد پر مشتمل تھا۔ اماں نے دو گٹھڑیوں میں ضروری سامان باندھا۔ ایک گٹھڑی اپنے پہلو میں دبا لی اور دوسری اباّ کو دے دی۔ دوسرے رشتہ داروں کے پاس بھی رختِ سفر اس سے زیادہ ہر گز بھی نہیں تھا۔ ہر ایک کو ایک ہی لگن تھی کہ، بس کسی طرح سے اپنے دیس کی خوابوں ایسی سرزمین کو چوم لے۔ اپنے دیس تک پہنچنے کی خوشی میں قدم تیزی سے اُٹھتے جا رہے تھے۔
ابھی صبح کے آثار نہیں جاگے تھے ، جب ہم روانہ ہوئے۔ خوشی سے قدم خود بہ خود اُٹھ رہے تھے۔ قیامت تو تب ٹوٹی جب تاک میں بیٹھے ہوئے ہندوؤں کے جتھے نے ہمیں آ لیا۔ گننے میں نہیں آتے تھے۔ خاندان کے مردوں نے اپنی جانیں کٹوا دیں۔ ۔ ۔ مگر اپنی عورتوں کی عصمتوں پر آنچ نہ آنے دی۔ ۔ ۔ مگر کب تک جوں ہی ان کے لاشے گرے ظالم ہندو ، بھیڑیوں کی طرح خواتین پر ٹوٹ پڑے۔ ‘‘
تب ایک چیخ سی ان کے حلق میں دم توڑ گئی۔ یوں معلوم ہوتا تھا جیسے ساون کی جھڑی برس کر ہی دم لے گی۔ زبان ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔ ایسا لگتا تھا جیسے ان کی آواز کو قتل کیا جا چکا ہے۔ میلی آستین کو بار بار اپنی آنکھوں پر ملتے اور پھر خلاؤں میں گھورنے لگتے۔ کچھ سنبھلے تو دوبارہ کہنے لگے
’’مجھے اماں نے پکڑ کر سرکنڈوں کی اوٹ میں چھپا لیا تھا۔ وحشت سے میرے اوسان خطا ہو چکے تھے۔ اس کے بعد کیا ہوا، مجھے معلوم نہیں۔ جب مہاجر کیمپ میں ہزاروں افراد میں خود کو موجود پایا تو ستائیس میں سے صرف دو باقی تھے۔ اور لوگ کیا ہوئے ان کا کچھ سراغ نہ ملا۔ ہمیں بتایا گیا کہ ، ہم لوگ خوابوں کی سرزمین تک پہنچ آئے ہیں۔ ۔ ۔ مگر اب خوابوں کی تعبیر لانے والے جو نہیں رہے تھے۔ ۔ ۔ بجیا، اپیا، شازیہ اور عذرا۔ ۔ ۔ اباّ، کوئی ایک بھی تو نہیں رہا تھا۔ اماں کو تو جیسے چپ ہی لگ گئی تھی۔ ۔ ۔ اور جب بولتیں تو کسی ایک کا نام پکار کر بے سدھ ہو جاتیں۔ ۔ ۔ انہیں غشی کے دورے پڑنے لگے تھے۔ کیمپ میں موجود ڈاکٹروں نے کوشش کی انھیں بچانے کی۔ ۔ ۔ مگر وہ پچیس جانوں کا صدمہ نہ برداشت کر پائیں اور مجھے بار بار مرنے کے لیے زندہ چھوڑ گئیں۔ ‘‘
رونے کا سلسلہ تھما کہاں تھا۔ ۔ ۔ روتے گئے ، روتے گئے۔ ادھر میری اور خالد کی آنکھیں بھی جل تھل تھیں۔
’’ کیمپ سے نکلا تو خوابوں کی زمین کاٹنے کو دوڑتی تھی۔ ۔ ۔ کہیں جائے پناہ نہ ملی۔ کسی نے رحم کھا کر سیٹھ چونے والے تک پہنچا دیا۔ انھی کے پاس جوان ہوا۔ تنخواہ تو نہیں تھی ، البتہ ان کے گھر اور دکان پر کام کے عوض کھانا اور رہائش میسر آ گئے تھے۔ سیٹھ کاہے کو تھے بس نام ہی نام تھا۔ جب وہ دنیا سے رخصت ہوئے تو میں بھی دنیا کے رنگ دیکھنے نکل کھڑا ہوا۔ ریلوے اسٹیشن پر قلی گیری شروع کر دی۔ ایک مزدور ساتھی نے بتایا کہ صبح کے وقت میں اخبار بیچنے سے آمدن بڑھتی ہے ؛ تو یہ بھی کیا۔ کب گھر بسا، بچے ہوئے اور انھیں پالا پوسا۔ ۔ ۔ اور پھر وہ جوان ہوئے ، سب رام کتھا ہے۔ بس اتنا یاد ہے جب بڑے بیٹے نے ماسٹر کیا تو ایک لمحہ کے لیے مجھے یوں محسوس ہوا، جیسے خوابوں کی سرزمین تعبیر آشنا ہونے کو ہے۔ ۔ ۔ مگر بدقسمتی ایسی نہ تھی جو جان چھوڑتی۔ ایک نو دولتیے نے اپنی گاڑی کے نیچے اسے کچل کر ہمیشہ کے لیے معذور کر دیا۔ یہاں تو اچھے بھلے شخص کو نوکری آسانی سے نہیں ملتی پھر میرا معذور بیٹا کیوں کر میرا سہارا بن سکتا تھا۔ تین بیٹیاں ہیں۔ وہ اپنے گھروں کی ہو گئی ہیں۔ ۔ ۔ اور میں اپنے ناکارہ ڈگری ہولڈر کے ساتھ زندگی کے دن گن رہا ہوں۔ ‘‘
ایک لمحہ کے لیے وہ خاموش ہوئے اور پھر گویا ہوئے
’’ویسے سچی بات یہ ہے کہ یہ وہ پاکستان نہیں ہے جس کے خواب اباّ نے مجھے دکھائے تھے۔ ‘‘
میں جس شہر میں رہ رہا ہوں ، وہاں سے ہندوؤں کی بڑی تعداد نکلنے پر مجبور ہوئی تھی۔ ۔ ۔ وہی دکھ بے چارگی، لوٹ مار اور تشدد کی کہانیاں۔ ۔ ۔ خدا جانے ان ہندوؤں کے ساتھ وہاں ہندوستان میں کیا پیش آیا ہو گا۔ کیا وہ بھی دو وقت کی روٹی کے لیے اپنے بانی کی سمادھی پر ٹافیاں بیچتے پھر رہے ہوں گے یا پھر۔ ۔ ۔ ؟
***