بیوی کے بری طرح جھنجھوڑنے پر آنکھ کھلی۔ وہی ہوا جو عام طور پر اس طرح اچانک بیدار کئے جانے پر ہوتا ہے۔ دل کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں۔ سانسیں اپنی پوری رفتار سے چلنے لگیں اور زبان پر ریت کا صحرا اور حلق میں کانٹوں کا جنگل ابھر آیا۔
“کیا ہے ؟ ” بڑی مشکل سے ہونٹوں سے آواز نکلی اور اپنے ہونٹوں پر زبان پھیر کر زبان کو تر کرنے کی کوشش کرنے لگا۔
“باہر پولس آئی ہے۔ ” بیوی کلیجہ پکڑ کر بولی۔
“پولس ؟ ” اس کی پیشانی پر بل پڑ گئے۔ ” اتنی رات گئے اس علاقے میں پولس کا کیا کام ؟“
“سائرن کی آواز سن کر آنکھ کھل گئی۔ پھر سناٹے میں ایسا محسوس ہوا جیسے کئی گاڑیاں آ کر رکیں۔ اور پھر بھاری بھرکم بوٹوں کی آواز گلی میں گونجنے لگی۔ ” بیوی بتانے لگی۔ ” پھر ماحول میں وہی پولس کے روایتی سوالات گرجنے لگے۔
“دروازہ کھولو ،کون ہو تم ،کہاں سے آئے ہو اور کتنے دنوں سے یہاں رہ رہے ہو۔ ” ابھی بیوی کی بات پوری بھی نہیں ہو پائی تھی کہ دوبارہ گلی میں بھاری بھرکم قدموں کی آواز گونجی اور دروازہ کھٹکھٹایا جانے لگا۔ اس کا دل دھڑک اٹھا۔ وہ خوف زدہ نظروں سے دروازے کی طرف دیکھنے لگا۔ لیکن جب دوبارہ دروازہ کھٹکھٹایا گیا تو اندازہ ہوا ان کا نہیں پڑوسی کا دروازہ کھٹکھٹایا جا رہا ہے۔
“دروازہ کھولو ورنہ ہم دروازہ توڑ دیں گے۔ ” ایک تیز آواز گونجی اور اس کے بعد دروازہ کھلنے اور پھر پڑوسی کی گھبرائی ہوئی آواز۔
“کیا بات ہے ،کون ہے ؟“
“دکھائی نہیں دیتا ،ہم پولس والے ہیں۔ “
“پولس ؟ ” صدیقی صاحب گھبرائے ہوئے تھے۔ ” کیا بات ہے انسپکٹر صاحب ! اتنی رات گئے آپ نے میرے گھر آنے کی زحمت کیوں کی ؟”
“ہمیں تمہارے گھر کی تلاشی لینی ہے۔ “
“تلاشی اور میرے گھر کی ،مگر کیوں ؟“
“ہمیں تمہارے گھر کی تلاشی لینی ہے۔ “
“لیکن میرے گھر کی تلاشی کیوں لی جا رہی ہے ؟“
“صرف تمہاری ہی نہیں پورے علاقے کے ہر گھر کی تلاشی کی جا رہی ہے اور ہمارے اس مشن کا نام ہے کومبنگ آپریشن۔ “
“لیکن ہمارے اس علاقے میں آپ کو کومبنگ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی ہے ؟”
“اس لئے کہ ہمیں پتہ چلا ہے کہ اس علاقے میں غیر قانونی کام ہوتے ہیں۔ اور یہ علاقہ جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ ہے۔ اس پورے علاقے میں بنگلہ دیشی اور آئی۔ ایس۔ آئی کے ایجنٹ پھیلے اور چھپے ہوئے ہیں۔ “
“لیکن ہمارا ان تمام باتوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ہم نوکری پیشہ شریف لوگ ہیں ؟“
“شریف لوگ ہیں ،نوکری پیشہ لوگ ہیں اور جھونپڑپٹی میں رہتے ہو ؟“
“شریف اور نوکری پیشہ لوگوں کا جھونپڑپٹی میں رہنا کوئی جرم تو نہیں ہے۔ “
“اے ! زیادہ بک بک مت کر ہم کو اپنا کام کرنے دے۔ ہم کو قانون مت سکھا ،کیا؟ زیادہ ہوشیاری کی تو اٹھا کر پٹخ دوں گا سالا خود کو شریف آدمی بتاتا ہے۔ اے ! اس کے گھر کی اچھی طرح سے تلاشی لو۔ اگر کوئی بھی چیز ملے تو اسے بتانا کہ شرافت کیا ہے؟ پولس کے کاموں میں ٹانگ اڑاتا ہے۔ اس کے بعد صدیقی صاحب کی آواز نہیں سنائی دی لیکن گھر کے ایک ایک سامان کو الٹ پلٹ کرنے ،گرانے اور پھینکے کی آوازیں ضرور ابھرنے لگیں۔
“صاحب ! دیکھئے کتنا بڑا چھرا ہے۔ “
“یہ گوشت کاٹنے کا چھرا ہے۔ ” صدیقی صاحب کی آواز ابھری۔
“یہ گوشت کاٹنے کا چھرا ہے یا مرڈر کرنے کا ابھی معلوم ہو جائے گا۔ حولدار اسے ہتھکڑی ڈال کر لے چلو۔ ” انسپکٹر کی آواز ابھری۔ ” نہیں نہیں ! ” صدیقی صاحب کی بیوی کی آواز ابھری۔ ” میرے شوہر کو کہاں لے جا رہے ہو ،نہیں میں اپنے شوہر کو بنا کسی وجہ تمہیں اپنے گھر سے لے جانے نہیں دوں گی۔ “
“اے بائی ! بازو سرک ،ہمارے کام میں دخل دینے کی کوشش مت کر ورنہ بہت بھاری پڑے گا۔ ” ایک گرجدار آواز ابھری۔
“انسپکٹر صاحب ! میں سچ کہتا ہوں آپ کو غلط فہمی ہو رہی ہے۔ میں ایک شریف نوکری پیشہ آدمی ہوں۔ ” صدیقی صاحب کی آواز ابھری۔
“صاب بنگالی کتابیں۔ ” ایک آواز ابھری۔
“یہ دیکھئے ! کئی بنگالی کتابیں ہیں۔ “
“تو یہ آدمی ضرور بنگلہ دیشی ہو گا۔ “
“بنگلہ دیشی میں ہندوستانی ہوں۔ “
“اگر ہندوستانی ہو تو پھر یہ بنگلہ زبان کی کتابیں تمہارے پاس کہاں سے آئیں؟”
“مجھے بنگلہ ادب سے دلچسپی ہے۔ اس لئے بنگلہ زبان کی کتابیں پڑھتا ہوں۔ “
“وہ سب پولس اسٹیشن میں ثابت کرنا کہ تم بنگلہ دیشی ہو یا ہندوستانی۔ ” اس کے بعد صدیقی صاحب کو شاید دھکے دیکر کمرے سے باہر لے جایا گیا تھا۔ ان کی بیوی کی داد فریاد کی آوازیں ،ڈانٹوں اور گالیوں کے شور میں دب کر رہ گئی تھیں۔ اس کے بعد ان کی باری تھی دروازہ زور سے پیٹا جانے لگا۔
“کون ؟ ” دھڑکتے دل کو تھام کر بڑی مشکل سے وہ کہہ سکا۔
“پولس ! دروازہ کھولو۔ ہم تمہارے گھر کی تلاشی لینا چاہتے ہیں۔ ” باہر سے ایک گرجدار آواز ابھری۔ اس نے بنا کوئی پس و پیش کے دروازہ کھول دیا۔ سات آٹھ پولس کے سپاہی اور ایک انسپکٹر دھڑدھڑاتے ہوئے کمرے میں گھس آئے اور تیز نظروں سے کمرے کی ایک ایک چیز کا جائزہ لینے لگے۔ اس کے بعد وہ بڑی تیزی سے کمرے کے ایک ایک گوشے کی طرف لپکے اور وہاں کی چیزیں اور سامان بڑی بے دردی سے نیچے اوپر کرنے اور پٹخنے لگے۔ بیوی خوف سے تھر تھر کانپتی اس کے سینے سے آ لگی۔
“کیا نام ہے تمہارا ؟ ” انسپکٹر نے کڑک کر پوچھا۔
“اسرار احمد۔ “
“معلوم ہے۔ ایسی جگہ اسرار احمد نہیں تو کیا سچن کھیڈیکر رہے گا۔ کیا کام کرتے ہو ؟“
“ایک سرکاری دفتر میں نوکری کرتا ہوں۔ “
“سرکاری دفتر میں نوکری کرتے ہو۔ ” انسپکٹر حیرت سے اسے دیکھنے لگا۔
“اور یہاں رہتے ہو ؟ ” ” صاب ضرور اس کا تعلق آئی ایس آئی سے ہو گا۔ یہ لوگ سرکاری دفتروں میں کام کرتے ہیں اور دیش سے غداری کرتے ہوئے جاسوسی کرتے ہیں دیش کے راز بیچتے ہیں۔ ” ایسا محسوس ہوا جیسے جسم کی ساری طاقت دائیں ہاتھ میں جمع ہو گئی ہے۔ اور وہ ہاتھ مکّہ کی شکل میں اس حولدار کے منہ پر پڑنے کے لئے بے تاب ہے۔ اس نے بڑی مشکل سے خود پر قابو پایا اور آگے بڑھ کر اپنی پتلون کی جیب سے اپنے دفتر کا کارڈ نکالا اور انسپکٹر کی طرف بڑھا دیا۔
“اوہ ! تو منترالیہ میں ہو ؟ ” انسپکٹر نے کارڈ دیکھتے ہوئے کہا۔ ” ٹھیک ہے ہم نے اپنا کام کر لیا ہے۔ اے ! چلو باہر نکلو۔ ” اس نے دوسرے سپاہیوں کو حکم دیا اور سب کمرے سے باہر نکل گئے۔ سارا گھر کباڑ خانہ بن گیا تھا۔ وہ اور بیوی بے بسی سے اپنے گھر کے بے ترتیب سامان کو دیکھنے لگے پھر بیوی ایک ایک سامان کو اٹھا کر اپنی جگہ رکھنے لگی۔ اس کے بعد ان کے پڑوس کے کمرے پر حملہ ہوا تھا۔ اصغر نشے میں دھت تھا۔ بیدار کرنے پر وہ پولس سے الجھ گیا۔ ” سالا ! تم پولس والے اپنے آپ کو کیا خدا سمجھتے ہو۔ کبھی بھی شریف لوگوں کے گھروں میں بے دھڑک گھس آتے ہو۔ ان کی میٹھی نیند خراب کرتے ہو۔ چلے جاؤ نہیں تو ایک ایک کو دیکھ لوں گا۔ “
“سالے زیادہ چربی چڑھ گئی ہے شاید ،ٹھہر جا ! ابھی تیری چربی اتارتے ہیں۔ ” اور اس کے بعد ڈنڈوں کے برسنے کی آوازیں اور اصغر کی چیخیں فضا میں گونجنے لگیں۔ ” بچاؤ ! بچاؤ ! نہیں ! نہیں ! مجھے مت مارو۔ ” اس کی چیخوں میں اس کے گھر والوں ، بیوی اور بچوں کی چیخیں بھی شامل تھیں۔ اس کے بعد اصغر کو کھینچتے ہوئے باہر لے جایا گیا تھا۔ اس عذاب کا سلسلہ چال کے دوسرے کمروں پر بھی طاری رہا۔
“یا خدا ! ہم لوگوں کا یہ حال ہے تو بستی کے دوسرے لوگوں کا کیا حال ہو گا۔ ” بڑبڑاتے ہوئے اس نے سوچا۔ وہ بستی جھونپڑ پٹی ضرور تھی لیکن اتنی بدنام نہیں تھی۔ جتنی عام طور پر دوسری جھونپڑ پٹیاں ہوتی ہیں۔ وہاں اکا دکا جرائم ہوتے تھے اور وہاں جرائم پیشہ افراد کی تعداد بہت کم تھی۔ اس بستی کے درمیان میں وہ ایک چھوٹی سی چال تھی۔ آٹھ دس کمروں پہ مشتمل۔ پہلے وہ بستی نہیں تھی صرف وہی چال تھی۔ جہاں اس کے جیسے نوکری پیشہ آ کر بس گئے تھے۔ جو اپنی ساکھ کے مطابق شہر کے پاش علاقے میں گھر ، مکان لینے سے قاصر تھے۔ اپنے پاس جمع معمولی سی رقم کو ڈپازٹ کے طور پر دینے کے بعد انہیں اسی چال میں کمرہ ملا تھا۔ اس کے بعد زندگی بھر کی کمائی پیٹ کی آگ ،زندگی کے مسائل ،اولاد کی پرورش اور تعلیم کی نذر ہو گئی تھی۔ اس چال سے باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔ اور چال کے ارد گرد مشروم کی طرح جھونپڑپٹی بڑھتی اور بستی گئی۔ جھونپڑپٹی میں ان کی طرح اچھے شریف اور مصیبت کے مارے لوگ بھی تھے۔ جو سر چھپانے کے لئے وہاں آباد ہوئے تھے تو سر پھرے ، جاہل ، اجڈ اور گنوار بھی تھے۔ ایسے لوگوں کو اس طرح کے عذاب بھی سہنے پڑتے ہیں۔
“اسرار بھائی ! اسرار بھائی ! کچھ کیجئے ،پولس انہیں زبردستی پکڑ کر لے گئی ہے۔ “صدیقی صاحب کی بیوی روتی ہوئی اس کے پاس آئی۔
“آپ حوصلہ رکھئے بھابی ! کچھ نہیں ہو گا میں دیکھتا ہوں۔ ” اس نے صدیقی صاحب کی بیوی کو تسلی دی اور پھر بیوی سے بولا۔ ” شکیلہ ! تم اپنا خیال رکھنا میں ابھی آیا۔
“آپ کہاں جا رہے ہیں ؟ مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے۔ ” بیوی بولی۔
“ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ تم صدیقی صاحب کے گھر چلی جاؤ۔ ” یہ کہہ کر باہر آیا تو شاید عذاب ختم ہو چکا تھا۔ پولس کی گاڑیاں جاچکی تھیں۔ چال اور آس پاس کے علاقے کے دس بارہ لوگوں کو گرفتار کر کے پولس اسٹیشن لے جایا جا چکا تھا۔ جو بچ گئے تھے آپس میں صلاح و مشورہ کر رہے تھے کہ جن کو پولس پکڑ کر لے گئی ہے انہیں کس طرح واپس لایا جائے۔ اصغر تو شراب کے نشے میں دھت تھا اور بلاوجہ پولس سے الجھ گیا تھا اسے تو پولس چھوڑنے سے رہی۔ ان کے لئے اس کا نشہ میں ہونا ہی کافی تھا۔ لیکن صدیقی صاحب کو خواہ مخواہ پولس اسٹیشن لے جایا گیا۔ ان کی بیوی کی حالت غیر ہے۔ وہ میرے پیروں پر گر کر التجا کر رہی تھی کہ صدیقی صاحب کو واپس لایا جائے۔ پڑوسی ایک جگہ جمع ہو کر باتیں کر رہے تھے۔ ” ٹھیک ہے ! چلو پولس اسٹیشن چل کر دیکھتے ہیں اور انسپکٹر کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ صدیقی صاحب شریف آدمی ہیں۔ ان کا تعلق ایسے کسی آدمی سے نہیں ہے۔ جس کی تلاش میں انہوں نے یہ عذاب اس بستی پر ڈھایا تھا۔ وہ بولا تو سب اس کے ساتھ پولس اسٹیشن جانے کے لئے راضی ہو گئے۔
پولس اسٹیشن میں لوگوں کی بھیڑ تھی۔ کچھ تو وہ لوگ تھے جو اس آپریشن کے تحت پکڑ کر لائے گئے تھے۔ کچھ ان کو چھڑانے کے لئے آئے تھے۔ پولس بڑی سختی سے پیش آ رہی تھی۔ کسی کو پولس اسٹیشن میں قدم رکھنے کی اجازت نہیں تھی۔ ” جاؤ سویرے آنا۔ سویرے تک یہ لوگ یہاں رہیں گے۔ سویرے ان کے بارے میں سوچیں گے کہ ان کا کیا کیا جائے۔ ” اس نے اپنا کارڈ بتایا تو اسے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ اس نے انسپکٹر سے صدیقی صاحب کے بارے میں بات کی۔
“انسپکٹر صاحب ! صدیقی صاحب کو میں گذشتہ دس سالوں سے جانتا ہوں۔ ان کا تعلق جرائم پیشہ ، دہشت گرد یا ملک دشمن لوگوں سے نہیں ہے۔ وہ ایک شریف نوکری پیشہ آدمی ہیں اور ایک پرائیویٹ فرم میں اکاؤنٹنٹ ہیں۔ “
“کیا بات کرتے ہو اسرار صاحب ! ان کے گھر سے ہمیں چھرا اور بنگلہ کتابیں ملی ہیں۔ مکمل تحقیقات کے بعد ہی انہیں چھوڑ سکتے ہیں۔ ” انسپکٹر نے صاف کہہ دیا۔
“اسرار بھائی ! مجھے یہاں سے کسی طرح لے چلو اگر میں سویرے تک یہاں رہ گیا تو یہاں میری جان نکل جائے گی ،وہاں میری بیوی کی۔ میں اپنے مالک کا فون نمبر دیتا ہوں ان سے اس سلسلے میں بات کر لیجئے۔ ” کہتے ہوئے انہوں نے ایک فون نمبر دیا تو وہ اس کو لے کر باہر آیا اور ایک پبلک ٹیلی فون بوتھ سے اس نمبر پر فون لگانے کی کوشش کرنے لگا۔
“ہیلو ! ” تین چار بار کوشش کرنے پر ایک نیند میں ڈوبی آواز ابھری۔
“ملہوترہ صاحب ! صدیقی صاحب جو آپ کی آفس میں کام کرتے ہیں۔ میں ان کا پڑوسی بول رہا ہوں۔ ان کو آپریشن کومبنگ کے دوران پولس پکڑ کر لے گئی ہے اور ان پر بنگلہ دیشی ، جرائم پیشہ اور وطن دشمن ہونے کا شک کر رہی ہے۔ آپ پولس اسٹیشن فون کر کے صدیقی صاحب کے بارے میں کچھ کہہ دیں تو ہمیں صدیقی صاحب کو چھڑانے میں مدد ملے گی۔ “
“صدیقی صاحب اور بنگلہ دیشی ، جرائم پیشہ اور ملک دشمن ؟ نا ن سنس۔ ان لوگوں نے تو شریف لوگوں کا جینا مشکل کر رکھا ہے۔ بھئی میرے فون سے کچھ نہیں ہو گا۔ میرا ایک دوست وزارتِ داخلہ میں کام کرتا ہے۔ اس سے فون کرواتا ہوں تب ہی کچھ کام بنے گا۔ “
“آپ فون ضرور کروائیے۔ ورنہ صدیقی صاحب کو رات بھر……… ! “
“تم فکر مت کرو صدیقی مجھے بہت عزیز ہے۔ ” ملہوترہ صاحب نے اس کی بات کاٹ کر کہا اور فون بند کر دیا۔ وہ پولس اسٹیشن آیا اور صدیقی صاحب کو تسلی دینے لگا۔ کہ ملہوترہ صاحب وزارتِ داخلہ کے کسی آدمی سے فون کروانے والے ہیں اور پولس انہیں چھوڑ دے گی۔ پولس اسٹیشن میں ہاتھوں ، گالیوں اور لاتوں سے ایک ایک آدمی کی باز پرس جاری تھی۔ وقت چیونٹی کی رفتار سے رینگ رہا تھا۔ اچانک ٹیلی فون کی گھنٹی بجی تو انسپکٹر نے فون اٹھایا۔
“کولی واڑہ پولس اسٹیشن میں انسپکٹر سانے۔ اچھا صاحب ! اچھا صاحب۔ وہ بس یوں ہی شک کی بنا پر پوچھ تاچھ کے لئے یہاں لائے ہیں۔ چھوڑ رہے ہیں۔ ” فون رکھ کر وہ قہر آلود نظروں سے سامنے بیٹھے لوگوں کو گھورنے لگا۔ ” صدیقی کون ہے ؟“
“میں ہوں۔ ” صدیقی صاحب نے ڈرتے ڈرتے کہا۔ ” تو پہلے صاف صاف کیوں نہیں بتایا کہ وائی کر صاحب کو پہچانتے ہو ؟جاؤ اپنے گھر جاؤ۔ “
سب جب صدیقی صاحب کے ساتھ پولس اسٹیشن سے باہر آئے تو پو پھٹ رہی تھی اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے عذاب کی ایک رات ختم ہو گئی ہے۔