جرمنی سے ’’ہماری امی مبارکہ حیدر‘‘ کے عنوان سے کتاب موصول ہوئی۔ اس کے مرتب شعیب حیدر ہیں، جو مبارکہ حیدر قریشی کے صاحبزادے ہیں۔ اگر فہرست پر نگاہ ڈالیں تو انتساب اور خطوط کو ملا کر 17 مضامین شامل کتاب ہیں۔حیدر قریشی کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں، ان کا خاص حوالہ علم و ادب ہے، ادب کی تمام تقریبات پر انھوں نے قلم اٹھایا اور کامیاب ہوئے۔ ان کی تحریروں کے قارئین و نقاد انھیں سکہ بند ادیب تسلیم کرنے میں قطعی طور پر عار محسوس نہیں کرتے ہیں۔ اپنی زندگی کے گزرے برسوں میں وہ تخلیقی سفر پر برہنہ پا نکلے اور تجربات و مشاہدات کے گوہر نایاب سے اپنا دامن بھرلیا۔ مذکورہ کتاب ایک تخلیق کار کی اپنی ہم سفر سے محبت کے نتیجے میں اشاعت کے مرحلے سے گزری ہے۔ کتاب پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں میاں بیوی محبت کے بے مثال و بے لوث رشتے سے ازل سے ہی منسلک ہیں۔ حیدر قریشی جن آزمائشوں سے گزرے ہیں ان کی بیگم مبارکہ حیدر ان کے شانہ بہ شانہ چلی ہیں۔ حیدر قریشی نے ان کا تذکرہ اپنی تحریروں میں بے حد چاہت اور قدردانی کے ساتھ کیا ہے۔ انھوں نے خاکے بھی لکھے ہیں اور افسانے اور نظمیں بھی۔ حیدرقریشی کی تحریروں میں ماضی کے دھندلکے اور حال کی روشن باتیں بھی شامل ہیں، بچپن کے دنوں اور سوئے حجاز اور سفر حجاز کے مواقعوں پر بھی وہ اپنی بیگم سے بچھڑنے کا ذکر اس قدر دردمندی سے کرتے ہیں کہ قاری ان کی آنکھوں کی نمی بھی محسوس کرسکتا ہے اور فراق کی کیفیت بھی۔
اس کتاب کی اشاعت سے قبل میں نے بھی مبارکہ حیدر کے حوالے سے پاکیزہ ڈائجسٹ کو تلاش کرنے کی کوشش کی اور جب لیاقت لائبریری اور صفیہ ملک صاحبہ رابطہ کیا اور ان سے تعاون کی درخواست کی تو انھوں نے دونوں میاں بیوی کی والہانہ محبت کے قصے سے سرشار ہوکر مکمل طور پر مدد کرنے کی کوشش کی۔ میں صفیہ ملک کی بے حد شکرگزار ہوں، یقیناً وہ بے حد مخلص اور نیک اطوار کی مالک ہیں۔ لیاقت لائبریری کی خواتین جن کا اتفاق سے مجھے نام یاد نہیں رہا، وہ خود بھی پاکیزہ 1991 شمارہ مئی یا جون کو تلاش کرانے میں ساتھ ساتھ رہیں۔ لیکن تلاش بسیار کے بعد بھی مطلوبہ پرچہ نہ مل سکا۔ بہرحال ’’ہماری امی مبارکہ حیدر‘‘ یقیناً پڑھی جانے والی کتاب ایک محبت کرنیوالے شوہر کا اپنی چہیتی بیوی کو خراج تحسین بھی ہے اور نئے لیلیٰ و مجنوں کا قصہ بھی۔ بے شک مبارکہ صاحبہ ان گنت ایسی خوبیوں کی مالک ہیں کہ انھیں چاہا جائے اور قدر کی جائے۔
ڈیلی ایکسپریس کراچی۔اتوار۔ 16 اگست2015