مفکرین عالم نے ادب کو فنون لطیفہ میں سب سے اعلیٰ درجہ کا حامل قرار دیا ہے۔ فن لطیف احساسات کے مستحسن اظہار کا نام ہے۔ چنانچہ ادب کے لئے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کہیں وہ راہ سے ہٹ تو نہیں رہا۔ لیکن ادب کے ساتھ یہ دشواری رہی ہے کہ اسے ہمیشہ مختلف عینکوں سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ ادب کی افادیت کی پیش نظر جب یہ محسوس کیا گیا کہ ادب، انسانی فکر پر انداز ہو سکتا ہے تو مختلف تحریکوں نے اسے اپنا آلۂ کار بنا لیا اور اپنے مقاصد کی تکمیل کے لئے ادب کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے لگے۔ ’’کبھی فن برائے فن‘‘ کے نظریے نے اتنی سخت گیری اختیار کی کہ سماج بے معنی ہو کر رہ گیا۔ زندگی اور اس کے تجربات پش پشت ڈال دیئے گئے۔ دوسری طرف ’’فن برائے زندگی‘‘ کا نظریہ بھی افراط و تفریط کا شکار ہو گیا۔ مقصد کی تکمیل کے لئے ادب کا استحصال کرنے والوں نے تخلیق کو پروپگنڈے کی سرحدوں میں داخل کر دیا۔ سماج کی معنویت سے صرف نظر کر کے اپنے نظریات کی تبلیغ کے لئے اقدار حیات کو بھلا دیا گیا۔ جب جہت اور سمت جاتی رہی تو بے سمتی کے احساس نے اپنے وجود کا ادراک کرانا چاہا۔ اور وجودی فلسفہ کی گھن گرج نے ادب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اور پھر ترقی پسندی اور جدیدیت کے درمیان جو مناظرے ہوئے ان میں ایک ہی بات کو کئی طریقوں سے کہہ کر صفحات سیاہ کئے گئے۔
جب ہم سماج کی بات کرتے ہیں تو یہ محسوس ہوتا ہے کہ سماج تو انسان کے لئے ناگزیر ہے ….. لیکن یہ بھی صحیح ہے کہ اس کی کچھ اپنی قدریں ہوتی ہیں …. اس کے پیچھے روایات کا ایک تسلسل ہوتا ہے اور بقول ڈاکٹر احمد سجاد۔
’’ادب کو سماج میں رہ کر اپنی راہ بنانی پڑتی ہے۔ وہ کارواں کے ساتھ بھی ہوتا ہے اور کارواں کی رہبری بھی کرتا ہے۔‘‘
جہاں ہر سماج کی اپنی قدریں ہوتی ہیں وہیں کچھ قدریں ایسی ہیں جو ہر جگہ مساوی طور پر اہمیت کی حامل ہیں ….. جیسے آزادی، ہمدردی، حسن، صداقت خیز ……یعنی ہر سماج کا ایک متعین رخ ہے اور چونکہ ادب انسانی زندگی کا آفریدہ ہے اس لئے ادب میں بھی سمت اور جہت کا ہونا ازبس ہے۔ بے سمتی اور لادینیت کی فضاء میں ادب تخلیق نہیں ہو سکتا۔ ہاں لفظوں کا گورکھ دھندہ ضرور بن سکتا ہے۔ جدیدیت کا لبادہ اوڑھ کر ہمارے دانشوروں نے جو ادب تخلیق کیا اس میں ابہام اس حد تک در آیا کہ تفہیم کا سراہی نہ مل سکا۔ جب ادب میں ہپی ازم داخل ہو تو اس کا نتیجہ بھی ظاہر تھا……. نہ رشتے باقی رہے نہ محبت کا معیار …..درون خانہ گفتگو اور بستر کی ہر شکن بازار تک پہنچ گئی …..سورج کو مرغ کی چونچ میں لٹکا کر دن اور رات کا تعین صرف اس بات پر ہونے لگا کہ کھڑکی کے پردے کھینچ دیئے جائیں …….!لیکن ہر دور میں ایسا ادب بھی ملتا ہے جو صالح ہے …..جسے آپ بلا تکلف چھوٹوں اور بڑوں کی محفل میں پیش کرتے ہوئے حجاب محسوس نہیں کرتے ……یہ وہ ادب ہے جسے کبھی زوال نہیں وجہی و غواصی، انشاء و مصحفی، میرو سودا، غالب و مومن پھر ترقی پسند شعراء اور پھر جدیدیت کے علمبرداروں کے کلام کو چھان پھٹک کر دیکھا جائے تو محسوس ہوتا ہے کہ ہر وہ شعر جس میں زندگی کی آنچ ہے …….جس میں تجربے کی کسک ہے ……. جس میں احساس کی فراوانی ہے …….وہ زبان زد خاص و عام ہے۔ باقی تمام چیزیں صرف دواوین کی زینت ہیں یا تذکروں کے صفحات میں گم …… ! ابھی جن اساتذہ کا ذکر کیا گیا وہ متفقہ طور پر بڑے شاعر تسلیم کئے گئے ہیں لیکن ان کی ساری کی ساری شاعری قابل اعتبار نہیں سمجھی گئی۔ صرف وہی اشعار قبول عام کی سند حاصل کر سکے جن میں انسانی جذبات کی بھرپور عکاسی تھی……وہی تخلیقات پسند کی گئیں جن میں ایک آفاقی فکری عنصر موجود تھا۔
اس ساری گفتگو کا ماحصل یہ ہے کہ ہر دور میں ایک خاص نہج سے جو ادب تخلیق ہوا، اس میں وہ بات موجود تھی جو انسانی فکر کو مہمیز کرتی ہے۔ یہ ادب صرف اسی دور کے لئے محدود نہیں تھا۔ یہ ادب ہر دور کے لئے تھا اور ہے۔ یہی فکر کو مہمیز کرنے والا ادب اپنے اندر آفاقیت لئے ہوئے ہے اور یہ آفاقیت ہی اسے لازوال اور زندہ جاوید بناتی ہے۔ جس ادب میں آفاقیت نہیں وہ وقت کی پیداوار ہے اور وقت کے ساتھ ہی دھند لا جاتا ہے۔ لیکن صرف مقصد اور فکر ہی سب کچھ نہیں ……. اور نہ ہی صرف فن ادب انتہا ہے جب تک ان دونوں میں توازن نہیں ہو گا، آفاقیت پید نہیں ہو گی۔ آفاقی ادب کے لئے افراط و تفریط نہیں بلکہ توازن کی راہ چاہئے اور یہی وہ راہ ہے جس پر گامزن ہو کر ادب لافانی ہو سکتا ہے…. !!!