یہ خط مکہ سے عبداللہ ابی کے نام پر آیا
اور اس نے دیکھتے ہی ساتھیوں کو اپنے دکھلایا
مدینے کا یہ بدقسمت مسلمانوں سے جلتا تھا
رسول اللہ کے آنے سے کفِ افسوس ملتا تھا
مسلمانوں کی آمد سے مٹا تھا اقتدار اس کا
کہ جب مشرک تھے لوگ ان پر تھا پورا اختیار اس کا
یہ اس بستی کے دارالامن بن جانے سے جلتا تھا
چھنی تھی ہاتھ سے شاہی ، کف افسوس ملتا تھا۔
رسول اللہ کی تعلیم سے سب ہو گئے یکساں
اخوت آگئی اور بھائی بھائی بن گئے انساں
خیال اس کا یہ تھا میں بادشہ ہوں اس مدینے کا
مگر اب کوئی بھی پرساں نہیں تھا اس کمینے کا
مسلمانوں سے جب لڑنے کے منصوبے لگا کرنے
یہ سن کر، آپ سمجھایا اسے آ کر پیمبر نے
کہا اے بیوقوفو کیا اجڑنا چاہتے ہو تم
کہ اپنے بھائی بندوں ہی سے لڑنا چاہتے ہو تم
تمہارے بھائی بیٹے سب کے سب پکے مسلماں ہیں
اگر ان سے لڑو گے خود تمہارے ہی یہ نقصاں ہیں
یہ سن کر چل دیے سب ساتھ والے اس منافق کے
خدا نے دست و بازو کاٹ ڈالے اس منافق کے
منافق چپ ہوا، اور چپ ہی رہنے کی ضرورت تھی
بظاہر چپ تھا لیکن دل میں کینہ تھا کدورت تھی
یہودی ہر طرح چھٹلا چکے تھے اس پیمبر کو
صلیب مرگ تک پہنچا چکے تھے اس پیمبر کو
بھلا وہ شخص جو اس ظلم کو مذموم ٹھہرائے
جو پیغمبر کو پیغمبر کہے معصوم ٹھہرائے
یہودی اس کو پیغمبر اگر جانیں تو کیوں جانیں
اسے سمجھیں تو کیا سمجھیں، اسے مانیں تو کیا مانیں
غرض یہ لوگ بھی اندر ہی اندر سخت دشمن تھے
دغا باز اور محسن کش تھے مکار اور پرفن تھے
رسول اللہ کی عظمت کے گرچہ دل سے قائل تھے
مگر یہ ان کی فطرت تھی عداوت ہی پہ مائل تھے
بباطن سازشیں تھیں اور بظاہر کچھ نہ کرتے تھے
معاہد ہو چکے تھے اوس و خزرج سے بھی ڈرتے تھے
مسلماں ہونےو الے اوس و خزرج کے قبائل تھے
اگرچہ زر میں کم تھے زور میں مد مقابل تھے
یہ انصار رسول اللہ خوش تھے فقر و فاقے میں
زراعت پر لگے رہتے تھے یثرت کے علاقے میں
ہدایت پا کے اپنی خوبی قسمت پہ نازاں تھے
خدا کے فضل یعنی آیہ رحمت پہ نازاں تھے