بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار ششی کپور چل بسے
ششی کپور کو کپور خاندان میں ہینڈسم کپور کہا جاتا تھا،ششی کپور 1938 میں کلکتہ میں پیدا ہوئے ،ششی جی عظیم اداکار پرتھوی راج کپور کے بیٹے ہیں ،پرتھوی راج کپور تھیٹر کے ساتھ ساتھ فلمیں بھی کرتے تھے ،وہ ایک تھیٹر کمپنی بھی چلاتے تھے۔ششی کپور کے بڑے بھائی راج کپورنے فلموں میں کام کرنا شروع کیا تھا ششی کپور نے بطور چائلڈ ایکٹر کام کرنا شروع کردیا ۔بچپن میں ششی کپور صرف اپنے بڑے بھائی راج کپور کی فلموں میں کام کیا کرتے تھے ۔1951 میں ایک فلم بنی تھی جس کا نام تھا آوارہ ،اس فلم میں ششی کپور نے بڑے بھائی راج کپور کے بچپن کا کردار نبھایا تھا ۔اس کے بعد جوان ہوئے تو اپنے والد کی تھیٹر کمپنی سے جڑ گئے ۔تھیٹر میں ایکٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ راج کپور کے ساتھ مل کربطور اسسٹنٹ کام کرنا شروع کردیا ۔ان کی پہلی فلم کا نام ہے دھرم پتر ،اس فلم کے ہدائیتکار تھے یش چوپڑا ۔اس فلم کا ایک گانا تو سب کو یاد ہوگا کہ طوطا مینا کی کہانی تو پرانی پرانی ہو گئی ۔شروع میں شائقین کی طرف سے ان کی ایکٹنگ کو پسند کیا گیا ،لیکن بدقسمتی سے ان کی فلمیں چل نہیں رہی تھی ،مسلسل ناکام ہو رہی تھی ۔اس وقت میڈیا میں یہاں تک کہا گیا کہ ششی کپور ایک کامیاب فلاپ اداکار ہیں ۔بات یہاں تک پہنچ گئیں تھی کہ کوئی ہیروئن ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کو راضی نہ تھی ۔اس مشکل وقت میں بالی وڈ کی ایک ہیروئن تھی جن کا نام نندنا تھا ،انہوں نے فلاپ اداکار ششی کپور کا ہاتھ تھاما،کہا وہ اس فلاپ اداکار کے ساتھ کام کریں گی اور دنیا کے سامنے ثابت کریں گی کہ ششی کپور کتنا بڑا اداکار ہے ۔نندنا اور ششی کپور کی پہلی فلم کا نام ہے جب جب پھول کھلے ،یہ فلم اس قدر سپر ہٹ ہوئی کہ راتوں رات دنیا کے سامنے ششی کپورکا امیج بدل گیا ،انہیں ایک فلاپ اداکار سے کامیاب اداکار کہا جانے لگا ،اس کے بعد تو ششی کپور نے پیچھے مڑکر نہ دیکھا ۔ششی کپور نے کل 116 فلموں میں کام کیا ،61 فلموں میں سولو ہیرو کے طور پر کام کیا ۔بالی وڈ فلم انڈسٹری میں بطور سولو ہیرو اتنی زیادہ فلموں میں صرف انہوںنے کام کیا ،ان میں زیادہ تر فلمیں کامیاب ثابت ہوئیں ۔شرمیلا ٹیگور ،زینت امان ،ہما مالنی اور پروین بوبی کے ساتھ بطور ہیرو کام کیا ۔ان حسیناوں کے ساتھ ان کی جوڑی خوب جمی ۔دیوار،سہاگ ،دو اور دو پانچ میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا ،ان دونوں کی جوڑی کو بھی شائقین فلم نے بہت پسند کیا ،دیوار میں بچن صاحب اور ششی جی کے ایک ڈائیلاگ کو بھرپور پزیارئی ملی ،بچن صاحب جب کہتے ہیں کہ میرے پاس گاڑی ہے ،بنگلہ ہے اور پیسہ ہے ،تمہارے پاس کیا ہے تو اس کے جواب میں ششی کپور پرااسرار لہجے میں کہتے ہیں میرے پاس ماں ہے ۔ششی کپور امیتابھ بچن سے عمر میں بڑے تھے پھر بھی دیوار میں انہوں نے بچن صاحب کے چھوٹے بھائی کا کردار ادا کیا ۔ششی کپور نے اپنا خود کا ایک پروڈکشن ہاوس بھی بنایا تھا جس کا نام تھا فلم والاز۔۔اس پروڈکشن ہاوس نے ایک سے بڑھ کر ایک فلم دی ۔جنون ،کلیو ،چورنگی لین وہ کامیاب فلمیں ہیں جو فلم والاز سے نکلی ۔ششی کپور نے اپنے آپ کو ایک کامیاب پروڈیوسر کے طور پر ثابت کیا ۔ان کے بارے میں کہا گیا کہ وہ ایک ایسا پروڈیوسر ہے جسے اچھا سینما بنانا آتا ہے ۔اسی کی دہائی کے اختتام پر ششی کپور نے کریکٹر رول ادا کرنا شروع کردیئے تھے ۔ششی کپور کو ایک ودیشی لڑکی سے محبت ہو گئی جن کا نام جنیفر تھا ۔ان کے والد بھی ایک تھیٹر کمپنی چلاتے تھے اور جنیفر بطور تھیٹر ایکٹریس کام کرتی تھی ،ششی جنیفر سے اس قدر متاثر تھے کہ جلد از جلد ان سے شادی کرنے کی ٹھان لی ۔جنیفر کے انتقال کرنے کے بعد وہ اکیلے ہو گئے تھے اور ہر وقت اداس اور غمگین رہتے تھے۔جنیفر سے ان کے تین بچے ہیں کنال کپور ،جو خود ایک کامیاب اداکار رہے ہیں ،اس کے علاوہ کرن کپور جو ایک کامیاب ماڈل رہے ہیں ،اس کے علاوہ ان کی ایک بیٹی ہیں جن کا نام ہے سنجنا کپور جو ششی کپور کی تھیٹر کمپنی پرتھوی تھیٹر سنبھالتی ہیں ۔فلم کے ساتھ ساتھ اسٹیج کی دنیا میں بھی ششی کپور کا نام فخر اور محبت سے لیا جاتا ہے ۔تھیٹر سے شہرت کی بلندیوں کا سفر طے کرنے والے ششی کپور گزشتہ روز انتقال کر گئے ۔آخر میں اس قدر بیمار تھے کہ ایک گلاس پانی کا نہیں پی سکتے تھے ،چل نہیں سکتے تھے ،آخری زندگی کے بہت سارے سال انہوں نے وہیل چئیر پر گزار دیئے ۔انہیں پدما بھوشن ایوارد کے علاوہ دادا جی پھالکے ایورڈز سے بھی نواز گیا ،اس کے علاوہ کئی بار نیشنل ایوارڈز سے ان کی عزت افزائی کی گئی ۔ستر اور اسی کی دہائی میں سب سے زیادہ فلمیں ششی کپور کی ریلیز ہوتی تھی ،وہ ستر اور اسی کی دہائی کے کامیاب ترین ہیرو تھے ،جو ایک ہی وقت میں کئی کئی شفٹوں میں کام کرتے تھے ۔انہیں چاکلیٹی ہیرو بھی کہا جاتا ہے ،اس کے علاوہ وہ شانتی سے کردار نبھاتے تھے ،فلموں میں چیختے چلاتے نہیں تھے ،شترو گھن سنہا ،دھر مندر اور ششی کپور ایک ہی دور کے اداکار رہے ہیں ،لیکن ان سب میں ششی کپور کی شناخت منفرد اور مختلف تھی ۔ان کی ڈائیلاگ ڈیلوری کا طریقہ الگ تھا ،آسان انداز میں سلجھے ہوئے طریقے سے ڈائیلاگ ادا کرتے تھے ۔ششی کپور تو دنیا سے چلا گیا لیکن ان کے فن کے نقوش ہمیشہ اس دنیا میں زندہ و سلامت رہیں گے ۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔