(Last Updated On: )
اردو ادب کی شان تھے مشتاق یوسفی
اردو کے ترجمان تھے مشتاق یوسفی
طنز و مزاح میں نہ تھا ان کا کوئی جواب
اردو میں جس کی جان تھے مشتاق یوسفی
خوانِ ادب پہ سب کی ضیافت تھا جن کا طرز
اک ایسے میزبان تھے مشتاق یوسفی
تھے جس کی زد میں عہدِرواں کے ستم ظریف
اُس طنز کی کمان تھے مشتاق یوسفی
خود کو سمجھ رہا ہے ادب میں یتیم جو
اک ایسا خاندان تھے مشتاق یوسفی
ان کی نگارشات ہیں عالم میں انتخاب
خوش فکر و خوش بیان تھے مشتاق یوسفی
جس کے بغیر ادھورا ہے عصری ادب کا ذکر
اک ایسی داستان تھے مشتاق یوسفی
جانے کے بعد دُھنتے ہیں اُن کے وہ اپنا سر
وہ جن کے سائبان تھے مشتاق یوسفی
چہرہ تھے اک عظیم وہ برِ صغیر کا
برقی کے ہم زبان تھے مشتاق یوسفی