بگ بینگ سے پہلے کیا تھا؟ جانیے اسٹیفن ہاکنگ کی زبانی
سائنسدانوں کا خیال ہے کہ لگ بھگ تیرہ ارب سال پہلے کائنات ایک بہت ہی کثیف نکتے میں مرکوز تھی۔ پھر یہ ایک دھماکے کے ساتھ پھٹی اور اس میں مرکوز مادہ اور توانائی ستاروں اور کہکشاوں کی شکل میں پھیلتے گئے۔ پھیلاؤ کا یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ کائنات کی ابتداء کے متعلق اس نظریے کو “بگ بینگ تھیوری” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اور دنیا بھر کے اکثر سائنسدان اس نظریے پر متفق ہیں۔ لیکن یہ بات ابھی تک زیر بحث ہے کہ بگ بینگ سے پہلے کیا تھا؟. مشہور طبیعات دان ڈاکٹر اسٹیفن ہاکنگ نے اس بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ بگ بینگ سے پہلے کیا تھا۔
مشہور ٹی وی پروگرام “سٹار ٹاک” میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے بیسویں اور موجودہ صدی کے شہرہ آفاق طبیعات دان ڈاکٹر اسٹیفن ہاکنگ نے اس سوال کا بظاہر انتہائی سادہ لیکن اصل میں پیچیدہ جواب دیا ہے اور وہ یہ کہ بگ بینگ سے پہلے “کچھ بھی” نہیں تھا۔
شو کے میزبان اور نامور فلکیات دان نیل ٹائی سن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے پروفیسر ہاکنگ کا کہنا تھا کہ
” آئن سٹائن کے نظریہ اضافیت کے مطابق خلاء اور وقت مل کر زمان و مکاں کی ایک ایسی چادر بناتے ہیں جس کی سطح ہموار نہیں بلکہ اس میں موجود مادے اور توانائی کے باعث خمیدہ اور مُڑی ہوئی ہے. دراصل آئن سٹائن کی دی گئی مساواتیں بگ بینگ کی وضاحت تو کرتی ہیں لیکن ان سے بگ بینگ سے پہلے اور بعد کا حسابی تعلق ظاہر نہیں ہوتا”
پروفیسر ہاکنگ نے اقلدیسی نظریہ برائے مقادیرِثقل (کوانٹم گریوٹی) کو اپناتے ہوئے مزید بتایا کہ
” اگر ہم عمومی وقت کو تصوراتی وقت سے تبدیل کریں۔ تو اس میں وقت زمان و مکاں کی چوتھی جہت کے طور پر ظاہر ہوتا ہے۔ یوں اس سے زمان و مکاں کی چادر کی ایک ایسی ہموار سطح بنتی ہے جس کی کوئی انتہا نہیں۔ جیسا کہ زمین کی سطح ہے۔ آپ زمین کے جنوبی قطب کو خیالی اور اصلی وقت کی ابتداء کے طور پر لے سکتے ہیں۔ جس طرح جنوبی قطب کے جنوب میں کچھ نہیں اسی طرح بگ بینگ سے پہلے بھی کچھ نہیں”
یہاں ہم قارئین کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ اس معاملہ کئی طبیعت دانوں کی متضاد آراء ہیں۔ مثلاً کچھ کا خیال ہے کہ وقت کی ابتداء بگ بینگ کے ساتھ نہیں ہوئی بلکہ یہ کسی اور کائنات میں کسی اور شکل میں بھی وجود رکھتا تھا جہاں سے ہماری کائنات نے جنم لیا ہے۔ بعض کا خیال ہے کہ بہ یک وقت کئی متوازی کائناتیں بھی موجود ہو سکتی ہیں۔
تاہم متضاد آراء سے قطع نظر پروفیسر ڈاکٹر اسٹیفن ہاکنگ اپنے نظریے کے حوالے سے مکمل طور پر پر اعتماد ہیں۔سٹار ٹاک شو میں پروفیسر ہاکنگ کی گفتگو آپ اس ویڈیو کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔