بھڑ کی اندرونی ساخت anatomy
ــــــــــــــــــــــــــــــــــ
حصّہ اوّل (اندرونی ساخت کا عمومی خاکہ)
ـــــــــــ
حشرات کی اندرونی ساخت anatomy کتنی پیچیدہ ہے؟ اِس بات کا اندازہ یہاں سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک بالغ گھاس کے ٹڈے (عام زبان میں "ٹوکا" اور سائنسی زبان میںOmocestus viridulus*) میں انسان سے زیادہ پٹھے muscles ہوتے ہیں ـ چوں کہ بھڑ بھی ایک حشرہinsect ہے لہٰذا بھڑ کی اندرونی ساخت ایک ہی مضمون میں بیان نہیں کی جاسکتی ـ اِس کی ترتیب یہ رہے گی کہ پہلے بھڑ کی اندرونی ساخت کا ایک عمومی خاکہ بنایا جائے بعدازاں اس کُل کے مختلف اجزا پر ایک ایک کر کے بحث ہوتی رہے جس سے قاری کو سمجھنے میں کس حد تک سہولت رہے گی ـ
کسی بھی حشرہ کی طرح بھڑ کا وجود تین حصوں پر یعنی سر، دھڑ اور پیٹ پر مشتمل ہوتا ہےـ تمام حشرات کی طرح بھڑ میں بھی اندرونی ہڈیوں کا ڈھانچہ نہیں ہوتا بل کہ ایک بیرونی خول ہوتا ہے جسے بیرونی ڈھانچہ exoskeleton کہتے ہیں ـ اِس ڈھانچے کے اندر ایک بڑا خانہ ہے جسے اصطلاح میں ہیمو سول haemocoel کہتے ہیں جو بھڑ کے خون، haemolymph سے بھرا رہتا ہے اِسی کے اندر بھڑ کے مختلف اعضاء اور اعضاء کے نظام تیرتے رہتے ہیں ـ اِن اعضاء کے نظاموں میں عصبی نظام، نظام دوران خون، نظام انہضام، نظام تنفس اور تولیدی نظام قابل ذکر ہیں ـ جن پر آئندہ مضامین کے ایک طویل سلسلے میں روشنی ڈالی جائے گی ـ
* سائنسی نام ترچھی طباعت italic میں لکھا جاتا ہے لیکن فیس بک پر ایسا ممکن نہ ہےـ
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔
"