آج – یکم / جنوری 1900
معروف نغمہ نگار، ان کی مشہور غزل ’ اے جذبۂ دل گر میں چاہوں ‘ کو بہت سے گلوکاروں نے آواز دی اور مشہور شاعر” بہزادؔ لکھنوی صاحب “ کا یومِ ولادت…
بہزادؔ لکھنوی، یکم جنوری 1900ء کو لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ سردار احمد خاں نام تھا بہزادؔ تخلص اختیار کیا۔ گھر کا ماحول علمی اور ادبی تھا ۔ ان کے والد بھی اپنے وقت میں خاصے مقبول شاعر تھے۔ گھر اور لکھنؤ کے ادبی ماحول کے اثر سے بہزاد بھی بہت چھوٹی سی عمر میں شعر کہنے لگے تھے۔
بہزاد ایک لمبے عرصے تک محکمۂ ریل سے وابستہ رہے اس کے بعد آل انڈیا ریڈیو میں ملازمت اختیار کی۔ اس دوران کئی فلمی کمپنیوں سے وابستہ ہوکر نغمے بھی لکھے۔ تقسیم کے بعد پاکستان چلے گئے اور ریڈیو پاکستان کراچی میں ملازمت کی۔ بہزادؔ لکھنوی کا انتقال 10 اکتوبر1974ء کو کراچی میں ہوا۔ شعری مجموعے :
نغمۂ نور ، کیف و سرور ، موجِ طہور ، چراغِ طور ، وجد وحال ۔
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✦•───┈┈┈┄┄╌╌╌┄┄┈┈┈───•✦
مشہور شاعر بہزادؔ لکھنوی کے یوم ولادت پر منتخب اشعار بطور خراجِ عقیدت…
آتا ہے جو طوفاں آنے دے کشتی کا خدا خود حافظ ہے
ممکن ہے کہ اٹھتی لہروں میں بہتا ہوا ساحل آ جائے
—
اے جذبۂ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے
منزل کے لیے دو گام چلوں اور سامنے منزل آ جائے
—
مجھے تو ہوش نہ تھا ان کی بزم میں لیکن
خموشیوں نے میری ان سے کچھ کلام کیا
—
زندہ ہوں اس طرح کہ غمِ زندگی نہیں
جلتا ہوا دیا ہوں مگر روشنی نہیں
—
میں ڈھونڈھ رہا ہوں مری وہ شمع کہاں ہے
جو بزم کی ہر چیز کو پروانہ بنا دے
—
اے دل کی خلش چل یوں ہی سہی چلتا تو ہوں ان کی محفل میں
اس وقت مجھے چونکا دینا جب رنگ پہ محفل آ جائے
—
عشق کا اعجاز سجدوں میں نہاں رکھتا ہوں میں
نقشِ پا ہوتی ہے پیشانی جہاں رکھتا ہوں میں
—
دیوانہ بنانا ہے تو دیوانہ بنا دے
ورنہ کہیں تقدیر تماشہ نہ بنا دے
—
ترے جلووں سے ٹکرا کر نہیں معلوم ہوتی ہے
نظر بھی ایک موج تہ نشیں معلوم ہوتی ہے
—
یوں تو جو چاہے یہاں صاحبِ محفل ہو جائے
بزم اس شخص کی ہے تو جسے حاصل ہو جائے
—
کیا یہ بھی میں بتلا دوں تو کون ہے میں کیا ہوں
تو جانِ تماشا ہے میں محو تماشا ہوں
—
چشمِ حسیں میں ہے نہ رُخِ فتنہ گر میں ہے
دنیا کا ہر فریب فریبِ نظر میں ہے
—
اس کا ہمیں ملال ہے ہم کیوں بدل گئے
اس کا نہیں ملال کہ وہ بد گماں ہیں کیوں
—
کسی کے پائے نازک پر جھکی ہے اور نہیں اٹھتی
مجھے بہزادؔ یہ اپنی جبیں معلوم ہوتی ہے
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
بہزادؔ لکھنوی
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ