(Last Updated On: )
بزم علم وادب حیدرآباد کا ایک حرکیاتی ادارہ ،ماہرین اردو کو ایوارڈوتوصیف ناموں کی پیشکشی
بزم علم وادب کا قیام2004ء میں عمل میں آیا اوراس وقت سے بزم علم وادب مذہبی،تعلیمی ،ادبی وشعری درخشاں ستارے کی حیثیت سے اپنی روشنی بکھیر رہی ہے۔ ہر ماہ پابندی سے بزم کے صدر دفتر مسدوسی ہائوز پر مختلف مذہبی،ادبی اورسماجی عنوانات کے تحت ادبی اجلاس اور ساتھ میں مشاعرے منعقدہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض خصوصی پروگرامس جیسے کتاب کی رسم اجراء تقریب ،کسی نامور شخصیت کے اعزاز میں تہنیتی جلسے ،کسی ساتھی ادیب یا شاعر کے سانحہ ارتحال پر تعزیتی جلسے منعقدکیے جاتے ہیں ۔بزم علم وادب کی جانب سے 70ممتاز اردو کی ادبی شخصیتوں کو ایوارڈس پیش کیے جاچکے ہیں۔
؎ بزم علم وادب ایک خاص کام گزشتہ 17برسوں سے انجام دیتی آرہی ہے جوریاست کے دیگر اردوانجمنوں واداروں سے منفرد اور اس بناء پر اسے ممتاز مقام حاصل ہوا ہے ،وہ یہ کہ متحدہ آندھراپردیش کے شعراء ،ادباء ،صحافی حضرات کی دیرینہ علمی اورادبی ، صحافتی، شعری وسماجی خدمات کے اعتراف میں بہت ہی تزک واحتشام کے ساتھ بزم کی جانب سے انہیں ایوارڈس وتوصیف ناموں کی پیشکشی ہے۔ ان ایوارڈس وتوصیف ناموں کی پیشکشی کا آغاز2006ء سے ہوا۔ ابتداء میں یہ صرف اضلا ع کے نمائندہ ادبی شخصیتوں وشعراء ہی کودیاجاتاتھا ۔اس طرح پہلی بار ایوارڈ ضلع محبوب نگر کے دو نامور شعراء جناب حلیم بابر اورڈاکٹرسلیم عابدی کوپیش کیے گئے۔ دوسرا ایوارڈجناب گو ہرکریم نگری اور جمیل نظام آباد کودیئے گئے۔ تیسرا ایوارڈچار شعراء کو محبوب نگر سے دو عمدۃالشعراء ڈاکٹرنورآفاقی اور استاد سخن جناب ظہیرناصری کے علاوہ ورنگل سے دو اساتذہ سخن جناب نادراسلوبی اور جناب اقبال شیدائی کودیئے گئے۔ چوتھا ایوارڈپانچ شخصیتوں پر وفیسر فہیم احمدصدیقی (اورنگ آباد)، محب کوثر(بیدر)،جناب تنویر واحدی (نظام آباد) ،جناب تاج مضطر(ورنگل) اور جناب سید مسکین احمد(سدی پیٹ) کو پیش کیے گئے۔
پانچویں ایوارڈ کی پیشکشی کے موقع پر بزم کے ذمہ داروں وسرپرستوں نے فیصلہ کیا کہ اب ان ایوارڈس کوصرف اضلاع تک ہی محدود نہیں رکھنا چاہئے کیوں کہ اس سے شہرحیدرآباد کے نامور اساتذہ سخن وسینئرشعراء کے علاوہ ادیبوں اورصحافیوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی لہذا اس مرتبہ پانچ ایوارڈس کے لیے حیدرآباد کے سینئرشعراء کوبھی شامل کیاجانا طئے پایا۔ اس طرح جناب راشدآزاد،جناب صلاح الدین نیئر اورجناب اثر غوری حیدرآباد کے شعراء کے ساتھ ساتھ جناب ناصرکرنولی کا انتخاب عمل میں آیا اوراِنہیں ایوارڈس اور توصیف نامے پیش کیے گئے۔
اس طرح چھٹواں ایوارڈحیدرآباد کے نامور وممتاز اساتذہ سخن ،ماہراقبالیات ، شاعرجنا ب مضطرمجاز ،جدید لب ولہجہ کے شاعر جناب رئوف خلش ، ادیب وشاعر جناب عقیل ہاشمی اور نامور شاعر ڈاکٹرراہی کے علاوہ محبوب نگر کے اسلامک اسکالروادیب جناب سید نصیرالدین احمد کوعظیم الشان پیمانے پرمنعقد جلسے میں ایوارڈس وتوصیف نامے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ایک اوربہترکام یہ ہوا کہ بزم کی جانب سے مذکورہ ایوارڈس یافتگان کے سلسلے میں ان کی شخصیت اور خدمات پر مضامین بھی لکھے گئے جوکہ پروفیسر مجید بیدار ،ڈاکٹرمحسن جلگانوی،ڈاکٹرفاروق شکیل،جناب سردار سلیم اور جناب ظہیرناصری نے بالترتیب مرصع مضامین تحریر کیے جسے ایوارڈ یافتگان کو پیشکشی ایوارڈسے قبل سناکر مضمون نگاراصحاب نے بھی دادوتحسین حاصل کی۔ ا س طرح ایوارڈ یافتگان کی شعری وادبی خدمات کوخراج تحسین کابھی اظہارہوا۔
بزم کے ساتویں ایوارڈس وتوصیف نامے کے لیے پروفیسر محمدعلی اثر،شاعروصحافی ڈاکٹرمحسن جلگانوی ،محب اردو ،سماجی وسیاسی قائد ،سابق چیئرمین اردواکیڈیمی آندھراپردیش جناب رحیم اللہ خان نیازی اور جناب حمیدالظفر(سابق پی آر او اردواکیڈیمی)کا انتخاب حیدرآباد سے عمل میں آیا۔ ان اصحاب کے علاوہ اضلاع سے ماہراقبالیات پروفیسر مسعود علی فاروقی (ایڈوکیٹ،محبوب نگر)، ماہرتعلیم وپرنسپل ڈاکٹرناظم علی(نظام آباد) اور جناب حفیظ انجم (کریم نگر) کویہ ایوارڈس کثیرتعداد میں موجود محبان اردو کی موجودگی میں پیش کیے گئے۔
بزم علم وادب کے آٹھویں ایوارڈ کے لیے حیدرآباد سے پروفیسر مجیدبیدار(سابق صدر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ)،حضرت صوفی سلطان شطاری ، جناب سید یوسف روش ،ڈاکٹرم۔ق سلیم(صدر شعبہ اردوشاداں کالج)،ڈاکٹرسیدفاضل حسین پرویز(ایڈیٹرہفت وار گواہ) ، جناب عظیم الرحمن (ایڈیٹرماہنامہ وقارہند)،جناب انیس الرحمن (ای ٹی وی اردو) کے علاوہ اضلاع سے ڈاکٹرشیخ سیادت علی(محبوب نگر)، ڈاکٹرضامن علی حسرت (نظام آباد)، جناب وحید گلشن(ورنگل)کودیئے گئے۔ اس طرح دس ایوارڈس وتوصیف نامے پیش کیے گئے۔
بزم کے ذمہ داروں نے نویں ایوارڈس کے لیے بزم کی جانب سے پیش کیے جانے والے ایوارڈس کو نام دینا طئے کیا۔ اس طرح اِس ریاستی باوقار ایوارڈکو’’علمبرار اردو ایوارڈ‘‘کانام دیاگیا۔ اس نویں ریاستی باوقار علمبردار اردوایوارڈ کی پیشکشی کے لیے ریاست تلنگانہ کے نائب وزیراعلیٰ عزت مآب جناب محمود علی سے خواہش کی گئی۔ انہوں نے اپنی بے پناہ مصروفیت کے باوجود اردو کی محبت میں قیمتی وقت نکالا اور اردو زبان وشعر وادب کی دیرینہ خدمات انجام دینے والے حیدرآباد اوراضلا ع کے نامور شعراء ،ادباء اور محبان اردو کو اپنے ہاتھوں سے یہ ایوارڈس پیش کیے۔ حیدرآباد سے جناب شوکت علی درد، ڈاکٹرفاروق شکیل، جناب ایس۔کے افضل الدین،جناب مسعود جاوید قادری، مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد اورجناب ڈاکٹرخواجہ فرید الدین صادق کے علاوہ اضلاع سے پروفیسر اسلم فاروقی (نظام آباد)،جناب اجمل محسن ایڈوکیٹ (ورنگل)، جنا ب افسر عثمانی (کریم نگر) اور جناب حافظ ابوعاکف انور (محبوب نگر) نے بہت ہی خوش دلی اور مسرت سے یہ ایوارڈس حاصل کیے اور بزم کے ذمہ داروں سے اظہارتشکرکیا۔
بزم علم وادب کی جانب سے 14جنوری 2018بروز اتوار اردو گھرمغل پورہ حیدرآبادمیں شاندار دسواں جلسہ تقسیم ایوارڈ وریاستی مشاعرہ کاانعقاد کرتے ہوئے انہیں اعزاز بخشا گیا۔بزم علم وادب حیدرآبادکے اس جلسہ تقسیم ایورڈ و ریاستی مشاعرہ میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جسٹس ای اسماعیل(سابق ممبر ہیومن رائٹس کمیشن آندھراپردیش)‘ پروفیسر ایس اے شکور ( ڈائرکٹر سکریٹری اردواکیڈیمی ریاست تلنگانہ) پروفیسر مجید بیدار (سابق صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی) اوراکٹرم ۔ق سلیم (صدر شعبہ ارد شاداں کالج) نے شرکت کی۔
یہ جلسہ صدر بزم علم وادب مولاناڈاکٹر نادر المسدوسی کی نگرانی میں منعقد ہوا جبکہ صدارت مولانا رحیم الدین انصاری(چیرمین تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی) نے فرمائی ۔ بزم علم وادب کا دسواں باوقار ریاستی علمبردار اردوایوارڈ2017وتوصیف نامہ حیدرآباد سے ڈاکٹرعابدمعز‘ جناب رحمت سکندرآبادی ‘ جناب اسلم فرشوری‘ جناب سردار سلیم‘جناب شاہد عدیلی اورجناب ہادی رحیل کودیاگیا اوراضلاع سے ڈاکٹربہادر علی ‘ جناب فضل جاوید(ورنگل)‘ ڈاکٹرمحمد عبدالعزیز سہیل (محبوب نگر)‘ جناب رحیم انور(کاماریڈی) اور محمدمصطفی علی انصاری (کریم نگر) کوپیش کیاگیا۔ بزم کی جانب سے خصوصی ایوارڈ حضرت پیرومرشد سیدشاہ زین العابدین (بنگلور) کودیاگیا۔محفل کا آغاز قاری انیس احمد انیس کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ ممتاز غزل گلوکار مرحوم خان اطہر نے حمدپڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ ڈاکٹرحلیم بابر کو نعت شریف پڑھنے کا شرف حاصل ہوا۔
گیارہواں باوقار ریاستی علمبردار اردوایوارڈ تقریب22؍فروری2019 بروز جمعہ کو منعقدہوئی جس میں حیدرآباد اوراضلاع کے نامور ادیبوں ، شاعروں، صحافیوں کو ایوارڈس وتوصیف نامے پیش کئے گئے۔ حیدرآبادسے جناب سیدمسرور عابدی(شاعر) ، ڈاکٹرجاوید کمال(ایڈیٹرریختہ نامہ)،جناب فرید سحر(شاعر) ،جناب صاحبزادہ مجتبیٰ فہیم(ایڈیٹررنگ وبو)،جناب عارف الدین احمد(صدرتنظیم تحفظ اردو)، جناب ایم اے حمید(ماہرتعلیم) کے علاوہ اضلا ع سے جناب محمدعبدالقدیرطاہر (کریم نگر)، جناب ڈاکٹرعزیز احمدعرسی(ورنگل)، جناب رحیم قمر(نظام آباد)،جناب ایم اے قدیر(عادل آباد) ، جناب بشیراحمد(محبوب نگر )کو بہت ہی تزک احتشام کے ساتھ منعقدہ تقریب میں پیش کیے گئے۔
26؍اگست2021ء بروز جمعرات کوبارہواں ریاستی باوقار علمبردار اردوایوارڈ وتوصیف ناموں کی پیشکشی اردوگھرمغلپورہ ،حیدرآباد میں عمل میں آئے گی۔ جس میں حیدرآباد اوراضلاع کے نامور ادیبوں ،شاعروں اور صحافیوں کے علاوہ اردوزبان وشعر وادب کو پروان چڑھانے کیلئے جواپنی دیرینہ خدمات انجام دیتے آرہے ہیں پیش کیے جائیں گے جن میں حیدرآباد سے محمدرئوف الدین ایڈوکیٹ(ادیب ،تعلیمی وسماجی جہدکار)،جناب نعیم اللہ شریف(سماجی جہدکار) ، ڈاکٹررئوف خیر(ممتازادیب وشاعر)،جناب شفیع اقبال (ایڈیٹرماہنامہ پروانہ دکن) ، ڈاکٹرسیداسلام الدین مجاہد(سابق لکچرر اسوسی ایٹ پروفیسر سیاسیات)، جناب محمدقیصر (صدر تنظیم ہم ہندوستانی) ،ڈاکٹرمحمدشفاعت علی (سابق پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج نرساپور،میدک) ، جناب محمدعبدالغفار(استاد خطاط) ،جناب علی بابادرپن( شاعروموسیقار)، جناب افتخارعابد(شاعروادیب)،جناب طاہررومانی(ایڈیٹر ماہنامہ ترکش ہند)، جناب محمداحمدصدیقی( ایڈیٹرآئینہ چشم ہفت روزہ)،جناب محمدنصراللہ خان(سینئرصحافی) کے علاوہ اضلاع سے جناب مسعود مرزا محشر(شاعروافسانہ نگار،ورنگل)، ڈاکٹرنیازالدین صابری (ادیب ولیکچرر،محبوب نگر)، جناب رحیم راہی( شاعر ۔عادل آباد)شامل ہیں۔ان کے علاوہ ریاست مہاراشٹرا (لاتور) شاعر،ادیب وصحافی ڈاکٹرخلیل الدین صدیقی(ایڈیٹررہنمائے تعلیم وریسرچ گائیڈ جے ۔جے۔ٹی یونیورسٹی،راجستھان) اور نامورادیب ، شاعروافسانہ نگار ڈاکٹرطیب خرادی (صدر شعبہ اردونیوکالج چینائی) کوخصوصی ایوارڈس پیش کیے جائیں گے۔ ان کے علاوہ ڈاکٹرم۔ق۔سلیم (صدربزم فروغ اردوتلنگانہ)کو’’ قطب ادب وصحافت‘‘ اور جناب سید یوسف روش کو’’شہریارسخن‘‘ کے خطاب سے نوازاجائے گا۔ ذمہ داران بزم علم وادب پروفیسر محمد انورالدین(سرپرست اعلیٰ)، جناب عثمان شہید ایڈوکیٹ(قانونی مشیر)، پروفیسر مجید بیدار( سرپرست)، ڈاکٹرنادرالمسدوسی( بانی وصدر)، حلیم بابر(جنرل سکریٹری)، محمدنور الدین امیر( شریک معتمد)، سید یوسف روش(خازن)، سہیل عظیم(معتمدنشرواشاعت)، فرید سحر(رکن عاملہ)، ڈاکٹرناظم علی(رکن عاملہ) نے محبا ن اردو سے26اگست2021 بروزجمعرات کوبعدنماز مغرب اردوگھرمغلپورہ ۔حیدرآباد تلنگانہ میں منعقدہونے والی اس ایوارڈتقریب میں شرکت کی خواہش کی ہے۔
٭٭٭