آج – 17؍جولائی 1937
اصل نام بسم اللہ بیگم صابری تخلص بسملؔ صابری ہے وہ ١٧؍جولائی ١٩٣٧ء کو منٹگمری،ساہیوال ( پاکستان ) میں پیدا ہوئیں ۔انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے جبکہ اعلی تعلیم لاہور سے حاصل کی وہاں سے فراغت کے بعد گورنمنٹ گرلز کالج ساہیوال میں بطور لیکچرر مقرر ہوئیں ۔ وہاں سے پروفیسر کی حیثیت سے سبکدوش ہوئیں ۔ بسمل صابری نے متعدد بیرون ملک میں بین الاقوامی مشاعروں میں شرکت کی ۔ قیام پاکستان سے قبل ان کا شمار برصغیر کی صف اول کی خواتین شاعرات میں ہوتا تھا ۔ بسمل صابری کے اب تک 5 شعری مجموعے اور ایک نثری کتاب شائع ہو چکی ہے ۔ ان کے شعری مجموعوں میں، پانی کا گھر، یادوں کی بارشیں، روشنیوں کے رنگ، رس کی پھوہار اور ایک نعتیہ شعری مجموعہ ” بیاضِ نظر ” شامل ہیں۔
🌹✨ پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤
🌹🎊 معروف شاعرہ بسملؔ صابری کے یوم ولادت پر منتخب کلام بطور خراجِ عقیدت… 🎊🌹
وہ عکس بن کے مری چشم تر میں رہتا ہے
عجیب شخص ہے پانی کے گھر میں رہتا ہے
وہی ستارہ شبِ غم کا اک ستارہ ہے
وہ اک ستارہ جو چشمِ سحر میں رہتا ہے
کھلی فضا کا پیامی ہوا کا باسی ہے
کہاں وہ حلقۂ دیوار و در میں رہتا ہے
جو میرے ہونٹوں پہ آئے تو گنگناؤں اسے
وہ شعر بن کے بیاضِ نظر میں رہتا ہے
گزرتا وقت مرا غم گسار کیا ہوگا
یہ خود تعاقب شام و سحر میں رہتا ہے
مرا ہی روپ ہے تو غور سے اگر دیکھے
بگولہ سا جو تری رہ گزر میں رہتا ہے
نہ جانے کون ہے جس کی تلاش میں بسملؔ
ہر ایک سانس مرا اب سفر میں رہتا ہے
❀◐┉══════════┉◐❀
حیراں ہوں کہ اب لاؤں کہاں سے میں زباں اور
لب کہتے ہیں کچھ اور انہیں ہوتا ہے گماں اور
جائیں تو کہاں جائیں محبت کے خریدار
ارباب سیاست نے تو کھولی ہے دکاں اور
معلوم نہیں ہے مرے صیاد کو شاید
گھٹتی ہے اگر سانس تو کھلتی ہے زباں اور
اب وعدۂ فردا میں کشش کچھ نہیں باقی
دہرائی ہوئی بات گزرتی ہے گراں اور
دیکھے گی جو اک پل میں مری آنکھ سے تجھ کو
ہو جائے گی دنیا تری جانب نگراں اور
لگ جاتی ہیں مہریں سی لبوں پر انہیں مل کر
ہوتا ہے مگر دل کے دھڑکنے کا سماں اور
کھلتی ہیں نہیں حشر کے دن بھی مری آنکھیں
شاید کہ مقدر میں ہے اک خوابِ گراں اور
ہم راکھ ہوئے اس پہ مگر آنچ نہ آئی
جلنے کا سماں اور جلانے کا سماں اور
گو عرض و طلب ایک حسیں شغل ہے لیکن
اس کھیل میں بڑھ جاتا ہے اندیشۂ جاں اور
معراجِ تکلم ہے خموشی مری بسملؔ
آتی ہی نہیں کوئی مجھے طرزِ فغاں اور
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
🍁 بسملؔ صابری🍁
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ