دیس دیس کی سیر
انگلینڈ کا سب سے بڑا تفریحی مقام بلیک پول
بچوں اور بڑوں کا پسندیدہ شہر بلیک پول
نارتھ ویسٹ انگلینڈ میں فائلڈ کوسٹ کے علاقے کا خوبصورت شہر بلیک پول اپنی گوناگوں خوبیوں کی و جہ سے بچوں بڑوں سبھی میں بہت مقبول ہے۔ آئیرش سی کے کنارے اِس تفریحی شہر سے جڑے ہوئے شہروں فلیٹ وُڈ، سینٹ آن، اور لدھم کو ملا کر اس کا پندرہ میل لمبا انتہائی دلفریب ساحل اپنی مثال آپ ہے۔
برطانیہ کا سب سے بڑا تفریحی شہر جس کی بنیاد تقریباً دو سو سال قبل برطانیہ کی کوئین لوئس نے ساحلِ سمندر پر ایک خوبصورت سڑک بنا کر رکھی۔ بلیک پول میں جھولوں کا ایک بہت بڑا تھیم پارک ہے جو کہ نارتھ پیئر بیچ کے نام سے مشہور ہے اس تھیم پارک میں مختلف قسم کے جھولے یعنی Rides لگے ہوئے ہیں جو بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کی دلچسپی کا بھی سامان کرتے ہیں۔
اس تھیم پارک میں دنیا کا دوسرا بڑا جھولا’’ پیپسی میکس‘‘ بھی شامل ہے ایک اندازے کے مطابق برطانیہ میں کم ہی کوئی شخص ایسا ہو گا جس نے بلیک پول کی سیر نہ کی ہو پیئر بیچ کے علاوہ بلیک پول شہر بھی بہت خوبصورت ہے یہاں سمندر کے کنارے کنارے پندرہ میل سے زیادہ لمبی خوبصورت سڑک پرام ناڈ کے نام سے مشہور ہے جس کے دوسری طرف پیئر بیچ ،بلیک پول ٹاور، کھیلوں کے آرکیڈ ،شاپنگ سینٹر اور ہوٹل قائم ہیں۔
بلیک پول میں تفریح کے لئے آنے والے لوگوں کے قیام کے لئے تقریباً دو ہزار ہوٹل اور بیڈ اینڈ بریک فاسٹ ہیں جس میں تھری سٹار سے لیکر فائیو سٹار ہوٹل تک شامل ہیں ان میں تقریباًتین لاکھ افراد قیام کر سکتے ہیں آج سے پندرہ سال قبل تک بلیک پول میں تفریح کے لئے آنے والوں کا اس قدر ہجوم رہتا تھا کہ گرمیوں کے موسم میں یہاں لوگوں کو رہنے کے لئے جگہ دستیاب نہیں ہوتی تھی اُسی زمانے میں پیئر بیچ کی سیر کو آنے والے لوگوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہوا کرتی تھی بلیک پول کے ایک سروے کے مطابق دوہزار عیسوی کے آخری عشرے میں بلیک پول میں تقریباً ایک کروڑ سترّ لاکھ لوگ سالانہ سیروتفریح کیلئے آتے تھے لیکن آج کل یہ تعداد کم ہو کر تقریباً ستّر لاکھ رہ گئی ہے یہاں کا سیزن ایسٹر سے شروع ہو کر نومبر تک رہتا ہے بقیہ چار مہینے اتنے زیادہ لوگ نہیں آتے بلیک پول میں پیئر بیچ کے علاوہ سمندر پر تین تفریحی پئیّر(pier ) بھی ہیں جو کہ پرام ناڈ سے شروع ہوکر ایک میل تک سمندر کے اُوپر واقع ہیں یہاں پر تفریح کا لُطف دوبالا ہو جاتا ہے بلیک پول کا ذکر کرتے ہوئے بلیک پول ٹاور کا ذکر نہ ہو یہ بھلا کیسے ہو سکتا ہے بلیک پول میں سمندر کے کنارے پرام ناڈ پر واقع ٹاور اور اُس کے نیچے بال روم بہت ہی مشہور ہے یہ ٹاور ۱۸۹۴ ء میں کھڑا کیا گیا تھا اور ۱۹۹۴ ء میں جب اس کے قیام کو سو سال پورے ہوئے تو اس کو گولڈن کلر سے سجا کر جشن منایا گیا۔
ٹاور کے اُوپر جانے کے لئے ایک الیکٹرک لفٹ لگی ہوئی ہے اس ٹاور کی اُونچائی تقریباًساڑھے تین سوفٹ ہے بلیک پول میں سیروتفریح کے لئے آنے والے لوگ ٹاور کی سیر ضرور کرتے ہیں اور خاص طور پرٹاور کے اُوپر سے سمندر اور بلیک پول شہر کے نظارے کا مزّہ ہی کچھ اور ہے۔
بلیک پول میں ایک چڑیا گھر بھی ہے جس میں مختلف قسم کے جانور ہیں یہ چڑیا گھر خاص طور پر بچوں کی توجہ کا مرکز رہتا ہے۔
چند سال پیشتر تک برطانیہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی سالانہ کانفرنس بلیک پول میں منعقد ہوتی تھی جس سے بلیک پول میں خاص طور پر اس دوران بہت ہجوم رہتا تھا اس کے علاوہ بھی بلیک پول میں ہر ہفتے کو ئی نہ کوئی کانفرنس، فیسٹیول یاڈانس کے مقابلے جاری رہتے ہیں جس سے ونٹر گارڈن (کانفرنس ہال ) میں سارا سال ہجوم رہتا ہے۔
بلیک پول میں مسلمان کمیونٹی کے لئے ایک خوبصورت مسجد ہے جس کے ساتھ مسلم کمیونٹی کی دفاتربھی ہیں۔