پنجاب میں، 30 اپریل تک کپاس کی کاشت پر پابندی تھی.
یکم مئی سے کاشتکاروں نے کپاس کی کاشت کا آغاز کر دیا تھا. اس طرح آج کی تاریخ (2 اگست) میں کپاس کی عمر کوئی 2 سے 3 مہنے کے درمیان ہو گی. ظاہر ہے کاشتکاروں نے کپاس سے جڑی بوٹیوں کے خاتمے کے لئے مناسب زہریں سپرے کر رکھی ہوں گی.
لیکن موجودہ صورت حال یہ ہے کہ گزشتہ ایک مہینے سے بارشوں کا بڑا زور رہا ہے جس کی وجہ سے کپاس کے کھیتوں میں جڑی بوٹیوں نے قبضہ جما لیا ہے. بارشوں کی وجہ سے یہ جڑی بوٹیاں بہت تیزی سے بڑھی ہیں.
سوال یہ ہے کہ اب ان حالات میں ان جڑی بوٹیوں سے کیسے جان چھڑائی جائے.
عام طور پر ہمارے کاشتکار حضرات اس طرح کے حالات میں شیلڈ لگا کر 2 لیٹر فی ایکڑ کے حساب سے راؤنڈ اپ کا سپرے کر دیتے ہیں.
مونسینٹو کمپنی کا زہر جس میں گلائیفو سٹ زہر ہے
لیکن اگر دو مہینے کی فصل کو اکیلا راؤنڈ اپ کا سپرے کیا جائے گا تو وہ کپاس کو اچھا خاصا نقصان پہنچائے گا. راؤنڈ اپ کا سپرے کرنے کے بعد اگر پودا بظاہر ٹھیک بھی نظر آ رہا ہو تو پھر بھی اسے اندرونی طور پر جھٹکا لگ چکا ہوتا ہے. اور زہر کے اسی جھٹکے کی وجہ سےکپاس پر ٹینڈے کم لگتے ہیں اور پیداوار متاثر ہوتی ہے.
اس کھیت میں 2 لیٹر فی ایکڑ کے حساب سے راؤنڈ اپ کا سپرے کیا گیا ہے۔ جڑی بوٹیوں کا صفایا ہو چکا ہے لیکن اس کو زہر کا جھٹکا لگ چکا ہے اور اسے ٹینڈے بھی کم لگیں گے
اس لئے آپ کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ آپ راؤنڈ اپ ضرور سپرے کریں لیکن اس کی مقدار اتنی کم کر دیں کہ وہ کپاس کے پودے کو نقصان نہ پہنچائے. یعنی آپ راؤنڈ اپ کی مقدار 2 لیٹر کی بجائے صرف 600 ملی لیٹر فی ایکڑ کر دیں. راؤنڈ اپ کی مقدار کم کرنے کی وجہ سے جو کمزوری پیدا ہو گئی ہے اسے دور کرنے کے لئے راؤنڈ اپ میں 250 ملی لیٹر فی ایکڑ کے حساب سے کیوزیلوفاپ (Quizalofop-p-ethyl ) زہر مکس کر کے سپرے کردیں. واضح رہے کہ کیوزیلوفاپ کپاس کو نقصان نہیں پہنچاتی.
یہ دونوں زہریں ملا کر کرنے سے سوانکی، اٹ سٹ، تاندلہ اور ڈیلے سمیت دیگر تما مجڑی بوٹیوں کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جائے گا انشاءاللہ.
ہاں! اگر آپ کی فصل 3 مہنے کی ہو چکی ہے اور اس پر ٹینڈے بھی لگ چکے ہیں تو پھر کیا کرنا ہے؟
ایسی صورت حال میں آپ کپاس کو ڈیڑھ لیٹر راؤنڈ اپ فی ایکڑ کے حساب سے سپرے کر سکتے ہیں. سپرے کرتے ہوئے شیلڈ لگانے کی ضرورت نہیں ہے. بلکہ اس طرح احتیاط سے سپرے کریں کہ وہ پتوں کے اوپر کم سے کم پڑے. کپاس کا مڈھ جب 2 مہینے سے زیادہ عمر کا ہو جائے تو اس کا رنگ بھورا ہو جاتا ہے . اور بھورے رنگ کے مڈھ پر اگر زہر پڑ بھی جائے تو وہ تنے کے اندر جذب نہیں ہوپاتی اور نقصان کم ہوتا ہے.
راؤنڈ اپ کی بجائے مارکیٹ میں ملنے والے عام گلائیفوسٹ استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں. واضح رہے کہ راؤنڈ اپ میں بھی زہر تو گلائیفوسٹ ہی ہوتا ہے لیکن مارکیٹ میں ملنے والے عام گلائفوسیٹ کی کارکردگی کے حوالے سے کسانوں کی شکایات عام ہیں. راؤنڈ اپ کے 2 لیٹر نے جو کام کرنا ہے، عام گلائفوسیٹ کے چار لیٹر وہ کام بمشکل کریں گے. اس لئے ہم آپ کو راؤنڈ اپ زہر ہی تجویز کرتے ہیں.
یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ راؤنڈ اپ، مونسنٹو کمپنی کا زہر ہے.
دوسرا زہر کیوزیلوفاپ مارکیٹ میں کئی ناموں سے بیچا جا رہا ہے.
تارا گروپ اسے جی میکس لائٹ کے نام سے بیچ رہا ہے.
تارا گروپ کی دوائی جی میکس لائٹ جس میں کیوزیلوفاپ زہر ہے
فور برادرز کیوزیلوفاپ زہر کو پٹواری، آتش اور کام کے نام سے بیچتا ہے.
فور برادر کمپنی کی دوائی پٹواری جس میں کیوزیلوفاپ زہر ہے
اس کے علاوہ بھی مارکیٹ میں نام ہو سکتے ہیں.
تحریر
ڈاکٹر شوکت علی
ماہر توسیع زراعت، زرعی یونیورسٹی، فیصل آباد
تکنیکی معاونت
محمد عاشق
ماہر زراعت، ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ، فیصل آباد